Wednesday, 15 January 2025
  1.  Home
  2. Nusrat Javed
  3. Siyasi Maidan Mein Nazar Na Aati Harkat

Siyasi Maidan Mein Nazar Na Aati Harkat

سیاسی میدان میں نظر نہ آتی ’’حرکت‘‘

اس کالم کے مستقل قارئین میں سے چند نے ذاتی پیغامات کے ذریعے گلہ کیا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے میں نے ملکی سیاست کے بارے میں لکھنا چھوڑ رکھا ہے۔ میری لاتعلقی کو انہوں نے دانستہ طورپر اپنائی مصلحت آمیز خاموشی تصور کیا۔ یہ فرض کرتے ہوئے کئی مہربانوں نے "شیر بن شیر" والے مشورے بھی دئیے۔

"شیر" ہونے کے میں ہرگز قابل نہیں رہا۔ اپنے دل میں آئی بات کو لیکن اب بھی کسی نہ کسی طور پر بیان کرنے کے گماں میں مبتلا ہوں۔"سیاست" اگر ٹھوس انداز میں ہورہی ہوتی تو اس کے بارے میں خامہ فرسائی سے گریز نہ کرتا۔ اپنی عمر کی تین دہائیاں سیاسی امور کی بابت رپورٹنگ میں صرف کرنے کے بعد لیکن یہ دعویٰ کرنے کو مجبور محسوس کررہا ہوں کہ ہمارے ہاں ان دنوں "سیاست" نہیں ہورہی۔ اقتدار کے کھیل میں شریک جو کھلاڑی ہیں فی الحال میدان سے باہر بیٹھے مستقبل کے بارے میں اندازے لگارہے ہیں۔ امکانات کی تلاش ہے۔"کچے" یعنی گیلی زمین پر پائوں دھرنے کو کوئی تیار نہیں۔ خود کو کسی امکانی گیم کے لئے "قابل قبول"، بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔ میں ان دنوں رپورٹر نہیں رہا۔ نام نہاد"مبصر" ہوں۔ سیاسی میدان میں "کلیم اللہ-سمیع اللہ" مل کر اگر گول کی جانب بڑھ رہے ہوں تب ہی تبصرہ آرائی کی گنجائش میسر ہوتی ہے۔ ہمارے سیاست دان اس تناظر میں طویل رخصت پر گئے نظر آرہے ہیں۔

بہت دنوں کے بعد بدھ کی شام مجھے دوستوں کی محفل میں بیٹھنے کا موقعہ ملا۔ وہاں موجود متحرک وباخبر صحافیوں اور سیاستدانوں سے گفتگو ہوئی تو جی مزید اُکتاگیا۔ یاد رہے کہ آج سے فقط تین ماہ قبل سینٹ کی خالی ہوئی نشستوں پر انتخاب ہوئے تھے۔ اسلام آباد سے ان کے دوران طویل گوشہ نشینی کے بعد متحرک ہوئے یوسف رضا گیلانی نے عمران حکومت کے نامزد کردہ ڈاکٹر حفیظ کو سینٹ کی ایک نشست پر شکست دے کر تھرتھلی مچادی۔ وزیر اعظم صاحب کو اس کے منفی اثرات کے تدارک کے لئے قومی اسمبلی میں اپنی اکثریت کو دوبارہ ثابت کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔

پارلیمانی رپورٹروں کی اکثریت کا گماں تھا کہ یوسف رضا گیلانی ایک عام رکن ہونے تک محدود نہیں رہیں گے۔ صادق سنجرانی کے مقابلے میں چیئرمین سینٹ منتخب ہوکر ہمیں مزید حیران کردیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں سے "حیرانی" کی توقع باندھتے ہوئے ہم سادہ لوح "منشیوں " نے یہ حقیقت فراموش کردی کہ ٹی وی سکرینوں پر عمران حکومت کے خلاف "آر یا پار" والی معرکہ آرائی کو بے چین نظر آنے والوں نے اس حکومت کے ساتھ "برد باری"کہلاتا"مک مکا" بھی کرلیا ہے۔ نواز شریف کے نام سے منسوب ہوئی پاکستان مسلم لیگ پرویز رشید کو سینٹ میں واپس لانا چاہ رہی تھی۔ موصو ف نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تو مبینہ طورپر پنجاب ہائوس کے "نادہندہ" شمار ہوئے۔ انتخابی دوڑ میں حصہ لینے کے اہل نہ رہے۔ وہ نااہل ہوگئے تو حکمران اتحاد اور مسلم لیگ (نون) نے سینٹ کی خالی ہوئی نشستوں کو گفتگو کے ذریعے آپس میں بانٹ لیا۔ ہر فریق کو اپنے جثے کے مطابق حصہ مل گیا تو آبادی کے اعتبار سے ہمارے سب سے بڑے صوبے میں سینٹ کے انتخاب کی ضرورت ہی باقی نہ رہی۔

اس بردبار مک مکا کے باوجود چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے دوران رونق لگانے کی کوشش ہوئی۔ نون لیگ کے مصدق ملک اور پیپلز پارٹی کے مصطفیٰ نواز کھوکھر ہمہ وقت "کچھ کرنے" کو بے چین رہتے ہیں۔ ان کی "پھرتیاں " عموماََ ان کی قیادت کو پسند نہیں آتیں۔ چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے روز بھی ان دونوں نے بے چین کھوجیوں کی طرح "سب پہ بالادست" تصور ہوتے ایوان میں خفیہ کیمروں کو ڈھونڈ نکالا۔ نظر بظاہر انہیں نجانے کس نے وہاں اس انداز میں نصب کیا تھا کہ بآسانی پتہ لگایا جاسکے کہ کس سینیٹر نے چیئرمین سینٹ کے کس امیدوار کی حمایت یا مخالفت میں ووٹ ڈالا ہے۔ خفیہ رائے شماری کے حق کی اس سے زیادہ تذلیل ہونہیں سکتی تھی۔ مجھ جیسے سادہ لوح افراد نے فرض کرلیا کہ مصدق ملک اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کے تجسس کی بدولت ہمارے ہاں واٹر گیٹ جیسا سکینڈل نمودار ہوگیا ہے۔ سابق امریکی صدر نکسن کو اس کی وجہ سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔ مصدق ملک اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کے "سینئر" ساتھیوں نے مگر مزید شوروغوغا کی ضرورت ہی محسوس نہ کی۔ ان کی اولین ترجیح یہ تھی کہ نئے اراکین سینٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھالیں۔ اس کے بعد چیئرمین کا انتخاب بھی ہوجائے۔ کیمروں کی تنصیب والے سکینڈل کے تعاقب کو اس کے بعد کافی وقت میسر ہوگا۔

چیئرمین سینٹ کا انتخاب ہوا تو یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں ڈالے سات ووٹ مسترد ہوگئے۔ اپوزیشن نے "دھاندلی" کا الزام لگایا۔ چند ہی دنوں بعد مگر سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام سے منسوب مسلم لیگ کو نظرانداز کرتے ہوئے سینٹ میں قائد حزب اختلاف بننے کو رضا مند ہوگئے۔ ان کی رضا مندی نے پی ڈی ایم نامی اتحاد کے کفن دفن کا بندوبست بھی کردیا۔"خفیہ کیمروں " کی دریافت ہمارا واٹر گیٹ نہ بن پائی۔

نظر بظاہر سینٹ میں حکومت اور پیپلز پارٹی کے مابین اب کسی نہ کسی نوع کا پارلیمان کو "باوقار" رکھنے کے نام پر سمجھوتہ بھی ہوچکا ہے۔ محض نواز شریف کے نام سے منسوب جماعت کے سینیٹر ہی "اڑی" دکھانے کو بضد نظر آتے ہیں۔ خود کو "حقیقی اپوزیشن" ثابت کرنے کو بے چین ہیں۔ ان کی "بے چینی" بھی لیکن محض "شوشا" ہے۔ سینٹ کے اجلاس کے دوران ہرگز نظر نہیں آتی۔

ہمیں ٹی وی سکرینوں پر سینٹ کی جو کارروائی نظر آتی ہے اس سے بالاایک اہم ترین معاملہ بھی ہے۔ ایوان بالا میں بھی قومی اسمبلی کی طرح وزارتوں پر نگاہ رکھنے والی قائمہ کمیٹیاں ہوتی ہیں۔ ان میں سے کسی ایک کا چیئرمین ہونا کسی سینیٹر کو مزید "باوقار" بنادیتا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں سینٹ کی خالی نشستوں کے لئے ہوئے انتخاب کی طرح اس معاملے پر بھی ان دنوں "بردبار" گفتگو کے ذریعے جثے کے مطابق خاموشی سے حصہ وصول کیا جارہا ہے۔ نوازشریف کے سینیٹر مشاہد حسین صاحب دفاع جیسے اہم محکمہ سے متعلق کمیٹی کے سربراہ منتخب ہوگئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی شیری رحمان کے حصے میں وزارتِ خارجہ کی نگہبان کمیٹی آئی ہے۔

مشاہد صاحب نے بطور ایڈیٹر مجھے "مشہور صحافی" بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں اس تناظر میں مرتے دم تک ان کا مشکور رہوں گا۔ شیری رحمن میری بے تکلف دوست ہیں۔ میری پریشانی کو اپنی ذاتی پریشانی تصورکرتی ہیں۔ خالصتاً میرٹ اور تجربے کی بنیاد پر بھی ان دونوں کو دفاع اور خارجہ امور پر نگاہ رکھنے والی کمیٹیوں کی سربراہی کا حق حاصل ہے۔ ان دونوں سے گہرے ذاتی رشتوں کے باوجود میں اس سوال کی بابت غافل نہیں رہ سکتا کہ عمران حکومت نے دفاع اور خارجہ امور کی کمیٹیاں اپوزیشن کے حوالے کرتے ہوئے بدلے میں کیا حاصل کیا ہے۔

بدھ کی رات تک میسر اطلاعات کے مطابق حکومت بضد تھی کہ انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی کمیٹی کی قیادت ان کے نامزد کردہ سینیٹر کو ملے۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران پیپلز پارٹی کے مصطفیٰ نواز کھوکھر اس کمیٹی کے سربراہ رہے۔ اپنے اختیار کو انہوں نے نہایت لگن اور مہارت سے استعمال کیا۔ سرمد کھوسٹ کی بنائی فلم کو اس کمیٹی نے نمائش کی اجازت دلوانے کی بھرپور کوشش کی۔ بلوچستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے اٹھے کئی "حساس" معالات بھی یہاں زیر غور آئے۔ سچی بات یہ بھی ہے کہ "مقتدر" کہلاتے اداروں کے کئی سینئر عہدے دار بھی کشادہ دلی سے اس کمیٹی کے اجلاسوں میں اپنا مؤقف بیان کرنے کوآمادہ رہے۔ سینٹ کی انسانی حقوق سے متعلق کمیٹی یوں انتہائی اہم نظر آنے لگی۔ اس کی ساکھ کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔

میں ہرگز اس امر کا متمنی نہیں کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر ہی بدستور اس کمیٹی کے سربراہ رہیں۔ میری بنیادی خواہش اس کمیٹی کی ساکھ کو توانا تر بنانا ہے اور اسے یقینی بنانے کے لئے لازمی ہے کہ مذکورہ کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن ہی کے نامزد کردہ کسی رکن کے پاس رہے۔ اس پہلو کی جانب پیپلز پارٹی تھوڑی توجہ مبذول کرتی نظر آرہی ہے۔ مسلم لیگ (نون) کے افراد تاہم کماحقہ دلچسپی نہیں دکھارہے۔"جو دے اس کابھلا جو نہ دے اس کا بھی بھلا" جیسا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔

سینٹ کی اہم ترین کمیٹیوں کی سربراہی کے لئے "بردبار" بندربانٹ جاری ہو تو مجھ جیسا گوشہ نشین "مبصر" سیاست کو کیسے "متحرک" دکھائے۔ منیر نیازی کو "حرکت تیز تر" ہوتے ہوئے بھی "سفر آہستہ آہستہ" کا دُکھ لاحق رہا۔ مجھے تو سیاسی میدان میں "حرکت" ہی نظر نہیں آرہی۔"حرکت" کونظر آناچاہیے۔ اسے گھر بیٹھے یہ کالم لکھتے ہوئے گھڑنے کی بددیانتی کا مرتکب نہیں ہوسکتا۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.

Check Also

Baap Ya Psychiatrist

By Shahzad Malik