Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Umm e Ali Muhammad
  4. Pani Zindagi Hai

Pani Zindagi Hai

پانی زندگی ہے

آج سوموار کا دن ہے۔۔ یہ مئی کا مہینہ ہے۔۔ اس وقت صبح کے سات بج چکے ہیں۔۔ میں اپنے گھر کے فرنٹ لان میں پودوں کو پانی لگا کر خود کرسی پر بیٹھ کر انتظار کررہی ہوں کہ ایک جگہ سے کیاری سیراب ہوجائے تو پانی کی پائپ لان کے دوسرے کونے میں پہنچا آؤں۔۔ رات ہلکی پھلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔۔ کچھ دیر پہلے تک پرندوں کی خوبصورت آوازوں نے ماحول کو تروتازہ بنا رکھا تھا۔۔ گھوگھیاں، کوئل، مینا اور چڑیوں کی آوازوں میں میرے چوزوں کی آوازیں مل کر عجیب سا سکون دے رہی تھیں لیکن اس دوران میں کؤوں کی کرخت کائیں، کائیں نے ان دلآویز آوازوں کے طلسم کو توڑ دیا۔۔

اب میں نے اپنا دھیان پرندوں سے ہٹا کر باہر آتی ہوں بچوں کی آوازوں پر مرکوز کردیا۔۔ آدھ کھلے گیٹ سے بچے یونیفارم پہنے بھاگتے ہوئے آکر اپنی سکول بس کے انتظار میں اپنے دوستوں کے جھنڈ میں شامل ہورہے ہیں۔۔ اس کالونی میں تین، چار جگہیں مقرر شدہ ہیں جہاں سکول بسیں آکر رکتی ہیں اور بچے اپنے اپنے پوائنٹ سے بسوں میں سوار ہوتے ہیں۔۔

چھوٹے بچوں کی مائیں خود انہیں بس میں سوار کروا کر ان کا منہ چوم کر لنچ یاد سے کھا لینا کی تاکید کرتے ہوئے الوداعی ہاتھ ہلا کر آیت الکرسی پڑھ کر پھونکتے ہوئے بچوں کو رخصت کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔۔

اس وقت دھیان غزہ کے بچوں کی طرف چلا گیا۔۔ جن کے سکول تو بموں سے اڑا ہی دئیے گئے لیکن ان کے گھر ماں، باپ بہن بھائی سب کچھ ختم ہوگیا۔۔ کیسی بے بسی ہوگی جہاں زخمیوں کے لئے ہسپتال نہیں ہوں گے، مرنے والوں کے لیے آخری رسومات میں، کفن، دفن قبروں تک کا کوئی معقول بندوبست نہیں ہوگا۔ ہماری تو بس دعائیں ہی ہیں ان بےبس اور سچے مسلمانوں کے لیے۔

رات کو جب بیٹا ہمارے کمرے میں ہمارے ساتھ بیٹھا تو باتوں، باتوں میں ذکر ہورہا تھا کہ کتنی یونیورسٹیوں کو فنڈذ نہ ملنے کی وجہ سے ان کے حالات اچھے نہیں ہیں۔۔ کچھ جگہوں پر یونیورسٹیوں کے ملازمین تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے بچوں کو سکول نہیں بھیج رہے۔ گھروں میں پانی نہیں آرہا۔ لوڈ شیڈنگ تو پہلے ہی جاری ہے۔

دل کی گہرائیوں سے دعا نکلی کہ یااللہ یہ جو سلسلے چل رہے ہیں کہ بچے سکولوں میں جارہے ہیں، مائیں انہیں آیت الکرسی کے حصار میں رخصت کررہی ہیں یہ رواں دواں رکھئے گا۔ یااللہ ہمارے ملک کے عوام کی زندگیوں کو آسان بنادیں۔۔ جیسے بھی حالات ہوں ماؤں کی گودیں اور آنکھیں ٹھنڈی رکھئے گا۔۔

ہمارے حالات اچھے نہیں ہیں، لیکن پوری دنیا میں ہی چیزیں خراب ہورہی ہیں۔۔ ایک آخری بات جو کہنا چاہتی ہوں کہ اس وقت جو ایک بڑا بحران آتا ہوا دکھائی دے رہا ہے وہ پانی کی قلت ہے۔۔ اگر ہم نے بروقت اس پر توجہ نہ دی تو ہمارے بچوں کے لیے کھانا بھی دستیاب نہیں ہوگا۔۔

پانی زندگی ہے۔۔ مل کر آواز بلند کریں کہ ہمیں نیلی پیلی ٹرینیں نہیں چاہئے ہیں۔۔ ہمیں ڈیم چاہیے ہیں، ہمارے پانی کو محفوظ کرنے کا معقول انتظام چاہیے ہے ہم اپنے بچوں کو پیاسا نہیں دیکھ سکیں گے۔۔ زیر زمین پانی سطح بتدریج کم ہورہی ہے اس پر گورنمنٹ کو فوری اقدامات کرنے کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائیں۔۔

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali