Thursday, 05 March 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Jawad Hussain Rizvi
  4. Naya Rehbar Kon?

Naya Rehbar Kon?

نیا رہبر کون؟

ابھی تک کسی بھی نئے رہبر کا انتخاب نہیں کیا گیا، اس حوالے سے کوئی بھی خبر درست نہیں ہے۔ اسرائیلی میڈیا پر آیت اللہ شہید سید علی خامنہ ای (رح) کے فرزند مجتبی خامنہ ای کے حوالے سے جو خبر چلائی جا رہی ہے کہ انہیں رہبر کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے، درست نہیں ہے۔ ان کی دیکھا دیکھی مختلف میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہوتی نظر آ رہی ہے۔

اس وقت رہبریت کے امور ایران کے قانونِ اساسی (آئین) کے مطابق ایک کونسل (شوری) دیکھ رہی ہے، جو صدر ممملکت مسعود پزشکیان، چیف جسٹس آیت اللہ محسنی اژہ ای اور آیت اللہ علی رضا اعرافی پر مشتمل ہے۔

آج ہی مجلسِ خُبرگان/ ایکسپرٹس اسمبلی کی طرف سے بیان میں کہا گيا ہے کہ رہبر کا تعیّن جلد کیا جائے گا اور اس حوالے سے مختلف ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایران میں ایک قانونی بحث یہ بھی چل رہی ہے کہ مذکورہ بالا کونسل (شوری) کب تک رہبریت کے معاملات دیکھ سکتی ہے اور کتنے دن تک رہبر کا انتخاب لازمی ہے۔ جبکہ قانونِ اساسی میں جنرل بات لکھی ہے کہ مجلسِ خُبرگان جلد سے جلد نئے رہبر کا انتخاب کرے گا، کوئی خاص ٹائم لائن درج نہیں۔

بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ جنگ کے حالات میں نئے رہبر کا انتخاب یا تو مؤخر کر دیا جائے گا یا اس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا کیونکہ صیہونی ریاست اور استعمار کی طرف سے نئے رہبر کو بھی قتل کیے جانے کا خطرہ موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق جن ناموں پر غور کیا جا رہا ہے پہلی شخصیت آيت اللہ حسن خمینی (امام خمینی کے پوتے اور ان کے مزار کے متولّی) ہیں، دوسرے نمبر پر آیت اللہ محسنی اژہ ای (چیف جسٹس آف ایران)، آیت اللہ علی رضا اعرافی (شورایِ نگہبان/ گارڈین کونسل کے فقیہ اور مدارسِ علمیہ کے سربراہ) اور آيت اللہ مجتبی خامنہ ای جو رہبرِ معظم کے فرزند ہیں۔

ان ناموں کے علاوہ آیت اللہ حسینی بوشہری (جامعہ مدرّسینِ قم کے سربراہ اور مجلسِ خبرگان کے نائب سربراہ) اور آیت اللہ صادق آملی لاریجانی (مجمعِ تشخیصِ مصلحتِ نظام کے سربراہ) کے نام بھی سامنے آ رہے ہیں۔ دیکھتے ہیں ان میں سے کس کو رہبر کے لئے چنا جاتا ہے۔ بعض حلقے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ حالات کے پیش نظر کسی معتدل رجحان والے شخص کو رہبر بنایا جا سکتا ہے جیسے حسن خمینی جو ایران کے تمام حلقوں میں یکساں مقبول ہیں۔

بہرحال، یہ وقت انتظار کا ہے۔ سوشل میڈیا پر کسی بھی افواہ کا حصّہ مت بنیں۔ آیت اللہ مجتبی خامنہ ای بھی رہبر بن سکتے ہیں لیکن اس کا فیصلہ مجلسِ خبرگان آئین اور قرآن و سنّت کے مطابق کرے گی۔ یہ کوئی موروثیت نہیں کہ حتمی طور پر انہی کو رہبر بنایا جائے۔ مجلسِ خبرگان کے مجتہدین کے نزدیک جس کے اندر مطلوبہ صلاحیتیں ہیں اسی کو ہی رہبر نامزد کیا جائے گا۔

Check Also

Council Of Research And Literature

By Syed Imran Ali Shah