Acha Saame Baniye
اچھا سامع بنیئے
آج تو گھر کے سامنے پارک میں اتنا رش کہ بیان سے باہر۔ دراصل سارا پارک نئے جھولوں کے ساتھ نئے سرے سے سیٹ کیا گیا ہے تو وہ خواتین بھی آرہی ہیں جو پہلے کبھی نہیں آتی تھیں۔
ہمارے والے بنچ پر مسز نعمان، فری، بیگم ملک کے ساتھ میں بھی گھس گھسا کے فٹ ہوگئی۔ تھوڑی دیر کے بعد کچھ اور خواتین بھی آ گئیں۔ "تمہیں پتہ ہے یار اس مرتبہ سردیوں کی چھٹیوں میں میری کزن کے بیٹے کی شادی تھی، سردی تو بہت تھی، لیکن ان لوگوں نے بڑا اچھا انتظام کیا ہوا تھا۔ مہندی اوپن ائر تھی لیکن تازہ بار بی کیو، گرما گرم سیخ کباب حلوہ پوری چنے بکرے کا گوشت جگہ جگہ پر آگ کی انگیٹھیاں۔۔ بھئی بہت مزہ آیا۔۔
مسز ملک ابھی ابھی ملتان سے واپس آ کر اپنے دورہ ملتان کی باتیں بتا رہی تھیں۔
اب مسز نعمان کیوں پیچھے رہتیں۔۔ انہوں نے اسی وقت اپنے میکے جا کر بھانجے کی شادی اٹینڈ کرنے کا احوال بتانا شروع کردیا "میرے بہنوئی نے تو شادی پر کارڈ تقسیم کرنے سے ہی بڑے اہتمام سے شادی کا کام شروع کردیا تھا۔۔ اس قدر خوبصورت کارڈز، ہر کارڈ کے اندر چاکلیٹ رکھنے کی جگہ اور سب بہنوں سالیوں کے بہترین ویلوٹ کے سوٹ، مردوں کے سوٹوں کے ساتھ ایک ایک سوئٹر اور بڑی خواتین کے سوٹوں کے ساتھ گرم شالیں بھی۔۔
میرا بھی بڑا دل چاہا کہ بتاؤں کہ اس مرتبہ سرگودھا میں 12 شادیاں تھیں۔۔ جن میں سے دو شادیاں میری بہت قریبی لوگوں کے بچوں کی تھیں اور ایک شادی پنڈی میں بھی میرے لئے بہت اہم تھی۔ لیکن اللہ کا حکم نہیں تھا اور میں کوئی بھی اٹینڈ نہیں کر سکی۔ لیکن میں نے بڑی مشکل سے اپنی زبان کو خواہ مخواہ بولنے سے روک کر رکھا۔
صائمہ نے اپنے بیٹے کی جاب کا بتایا تو ساتھ مسز خان نے اپنے بھانجے کے انٹرویو میں کامیابی کی تفصیلات سنانی شروع کردیں۔ دل تو میرا بھی بہت تھا کہ اپنی بیٹی کی دبئی میں جاب کا بتاؤں۔ لیکن میں نے پھر اپنی زبان کو دل کی زبان میں ڈانٹ ڈپٹ کر روکا اور خود انہیں سننے پر اکتفا کیا۔
ادھر سحرش نے اپنے آن لائن کام کے بارے میں بتانا شروع کر دیا۔ ساتھ ہی رابعہ نے اپنے ان لائن کاروبار کی تفصیل بتانی شروع کردی۔
مجھے خیال آیا کہ کسی زمانے میں، میں بھی بالکل ایسی ہی ہوتی تھی۔ ادھر کسی نے اپنی کوئی کامیابی بتانی ادھر میں بھی اپنی کوئی کامیابی ضرور بتانے کی کوشش کرتی۔
پھر وقت کے ساتھ ساتھ مجھے سمجھ آیا کہ جب کوئی اپنی کامیابی بتائے تو پہلے اس غریب کی تو سن لیں۔ اس کی خوشی میں، خوشی کا اظہار کریں۔۔ اسے دعا دیں۔۔ نیک خواہشات کا اظہار کریں۔ اس کے بعد اگر پیٹ میں زیادہ مروڑ ہیں تو اپنی کہانی چھیڑیں لیکن بہتر یہ ہے کہ بولنے سے زیادہ سننے کو ترجیح دیں۔
محفل میں ایک اچھا سامع ہونا، ایک اچھے بولنے والے سے زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ سوائے اس کے کہ کوئی اپ کو بولنے کی دعوت دے یا کوئی اپ سے مشورہ مانگے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ سیکھا کہ خاموشی عبادت ہے۔ بلکہ دن اور رات میں کسی وقت پروگرام کے ساتھ خاموش ہو جائیں۔ جیسا کہ چند گھنٹوں کا اعتکاف۔
اور ایسے وقت میں اللہ کی سنیں۔۔
یا اللہ کو اپنی سنائیں۔
یا کبھی کبھار تنہائی میں خاموش رہیں۔
خاموشی بہت بڑا استاد ہے۔
جتنا آپ تنہائی میں اور خاموشی سے سیکھتے ہیں اتنا آپ کبھی بولنے سے نہیں سیکھتے۔
جب آپ خاموش ہوتے ہیں۔ تنہا ہوتے ہیں اس وقت آپ اپنے ارد گرد لوگوں کی باتوں میں چھپی ہوئی اس بات کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں جو اصل بات ہوتی ہے۔
خامشی کی اپنی ایک زبان ہوتی ہے، ایک سبق ہوتا ہے جو اللہ کی طرف سے ہوتا ہے، اس لیے چوبیس گھنٹوں میں کچھ وقت صرف اپنے ساتھ گزارا کریں۔
اپنے اللہ کے ساتھ گزارا کریں۔ اللہ سے بات کیا کریں۔ چیزوں پر غور کیا کریں۔ آپ دیکھیں گے کہ خاموشی آپ کو کیا کیا بتائے گی اور کیا، کیا سکھائے گی۔۔
اللہ آپ کا حامی و ناصر ھو۔