Abdul Manan
عبد المنان
12 اگست 2022 کی صبح میں کیسے بھول سکتی ہوں۔۔ جب میں لاہور جارہی تھی۔۔ میری نور العین کے ہاں دوسرے بچے کی ولادت ہونے والی تھی۔۔ اس سال بھی میری بڑی دونوں بیٹیاں ہمیشہ کی طرح چھٹیاں گزارنے پاکستان آئی ہوئی تھیں۔۔ انہیں اللہ حافظ کہ کر میں لاہور روانہ ہوگئی۔۔ ڈاکٹر نے بتایا ہوا تھا کہ ان شاءاللہ بیٹا ہے تو اس کے لئے چھوٹے چھوٹے کپڑے، ننھے منے سیٹ آسمانی رنگ میں تیار پڑے تھے۔ فاطمہ بھی اس کے لئے کروشئے پر کمبل بنا رہی تھی۔۔
لیکن۔۔ اچانک ڈاکٹر نے بتایا کہ بچے کو سانس میں کچھ پیچیدگیاں ہیں ہم کچھ ٹائم پہلے بےبی پیدا کروا لیں گے۔۔ میری پیاری، میری صبروں والی اور سونے جیسے دل والی بیٹی کا بیٹا جب میرے ہاتھ میں آیا تو وہ چند سانسوں کا مہمان تھا۔ وہ بالکل اپنی ماں جیسا تھا۔۔ جب میری نور العین دنیا پر آئی تھی تو وہ بھی ایسی ہی تھی۔۔ گلابی، گلابی۔۔ ہلکا ہلکا بالوں کا رواں ماتھے پر، گھنے بال اور موٹی موٹی انکھیں۔
گرمیوں کی حبس زدہ شام میں وہ معصوم چھوٹا بےبی چند سانسیں لے کر ہمیں جدائی دے گیا۔۔ چند ہی گھنٹوں میں اسے سفید کفن میں لپیٹ کر اللہ کے پاس بھیجنے کے لیے تیار کردیا گیا تھا۔۔ میں نے دایہ سے کہ کر اس کی ایک تصویر بنوائی تھی۔۔ لیکن آج تک وہ تصویر اس کی ماں کو نہیں دکھا سکی۔۔ شائد وہ اسے دیکھ لیتی تو اسے صبر آجاتا۔۔ میں جانتی ہوں کہ اج تک میری بچی اپنے بچے کو سونے سے پہلے یاد کرکے روتی ہے لیکن پھر صبح اٹھ کر منہ دھو کر اپنی جاب پر چلی جاتی ہے۔۔
تجھ سے بھی دلفریب ہیں غم روزگار کے
اس سے پہلے کسی کا چھوٹا بچہ فوت ہونے کا سنتی تھی جو سوچتی تھی کہ چلیں کوئی بات نہیں ابھی چھوٹا ہی تو تھا۔۔ لیکن۔۔ اب احساس ہوا کہ بچہ چھوٹا ہو یا بڑا۔۔ بس اس کا دکھ کوئی نہ دیکھے۔۔
میری پیاری نور۔۔! میں سوچ رہی ہوں کہ میں آج یہ سب کیوں لکھ رہی ہوں۔۔
آج تو 14 فروری ہے۔۔ آج کیوں یاد آیا۔۔ دراصل کل رات تم نے اپنے شوہر کے ساتھ ڈھیروں گلابوں میں بظاہر مسکراتے ہوئے جو تصویریں بھیجی تھیں ناں۔۔ ان میں تمہاری انکھیں اس مسکراہٹ میں تمہارا ساتھ نہیں دے رہی تھیں۔ میری پیاری نور۔۔ میں جانتی ہوں 12 اگست 2022 سے لے کر آج 14 فروری 2024 تک۔۔ تم ہر رات اپنے عبدالمنان کو یاد کرتی ہو، اس کے لیے رو کر سوتی ہو۔۔
میری جان۔۔! بیٹیوں کی آنکھوں میں چھپا غم یا تو خدا جانتا ہے یا ماں جانتی ہے۔ اللہ نے اس تکلیف کے بدلے تمہارے درجے جتنے بلند کیے ہوں گے، اللہ نے تمہیں جتنا اپنے قریب کیا ہوگا۔ شاید ابھی تمہیں اس کا اندازہ نہیں ہوگا۔ تمہاری ماں کی دعائیں تمہارے ساتھ ہیں۔
اللہ جی۔۔! آپ میری بچی کو عبدالمنان کے بدلے پھر سے صحت مند، نیک بخت لمبی زندگی والا بیٹا عطا فرما دیں۔۔ آمین۔۔