Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Rabiah Fatima Bukhari
  4. Neeato Meter

Neeato Meter

نیتو میٹر

حدیث شریف کی رُو سے مُنافق کی تین نشانیاں ہیں، وعدہ کرے تو اُسےپورا نہ کرے، بات کرے تو جھوٹ بولے اور اُس کےپاس امانت رکھوائی جائے تو خیانت کرے۔ یہ تینوں ایسی نشانیاں ہیں جن کا مُشاہدہ کسی بھی شخص کے بہت قریبی اعزّاء، دوست یا ساتھ کاروبار کرنے والے، ہم جماعت یا اِسی نوعیّت کے لوگ جن کا پنجابی مُحاورے کے مُطابق یا "راہ پڑتی ہے یا وا پڑتا ہے" یہاں ہم سوشل میڈیا پہ، خاص طورپہ فیس بُک پہ کسی بھی شخص کو اُس کی تحاریر (اگر وہ قلم کار ہے) سے، یا اُسکی اپلوڈ کی گئی پوسٹس سے یا اُس کے دیگر افراد کی تحاریر پہ کئے گئے تبصروں کی بدولت جانتے ہیں۔

یہاں تو یہ بھی کہنا مُشکل ہوتاہے کہ نازیہ شیخ کی آئی ڈی کے پیچھے، کوئی ڈبل ڈیکر بٹ صاحب تو نہیں براجُمان؟ ایسے میں ہم یہاں، فیس بُک پہ، کسی بھی خاتون یا حضرت کے ایمان یا نفاق کا فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں؟ دیکھیں، یہاں جو لوگ اچھّے اخلاق کے مالک نظر آتے ہیں یا میری طرح کبھی غلطی سے ایک آدھ تحریر میں یہ لکھ ڈالیں کہ "میرا تعلّق ایک دیندار گھرانے سے ہے"، یا اچھّے اخلاق کا یا دینی معاملات کا کسی بھی حوالے سے پرچار کر رہے ہیں، یا ہر ایک سے عزّت، مُحبّت اور نرمی سے پیش آتے ہیں۔

اُن کے حوالے سے دو ہی قسم کے معاملات عملاً مُمکن ہیں، پہلی صورت تو یہ ہو سکتی ہےکہ وہ ریاکاری سے کام لے رہے ہوں اور دین کا نام لے کے، اپنی اصل شخصیّت فیس بُک آئیڈی کے پیچھے چُھپا کے محض نیک نامی اور شُہرت حاصل کرنے کیلئے، دین کا حوالہ یا اخلاقیات کے بھاشن کو بطورِ toolاِستعمال کر رہے ہوں گے۔ دوسری صورت میں وہ واقعتاً، صحیح معنوں میں دین کی مُحبّت سے سرشارہوں گے، اپنے الفاظ کو قلمی جہا د کیلئے استعمال کرنے کی نیّت سے اِس پلیٹ فارم پہ موجود ہوں گے اور جس خوش خُلقی، مُحبّت اور عزّت سے وہ یہاں ہر ایک سے پیش آتے ہیں، ویسا ہی کردار اُن کا عملی زندگی میں بھی ہو گا۔

مُجھے کوئی بتا سکتا ہے کہ یہاں کس کے پاس ایسا میٹر، ایسا آلہ موجود ہے، جو دوسروں کے الفاظ میں چھُپی نیّت کو ماپ سکے؟ کیا یہاں ہم صرف الفاظ پہ یقین کرنے کے مُکلّف نہیں؟ ایک بار ایک صحابیؓ دورانِ جنگ ایک مُشرک کو مارنے لگے تو اُس نے تلوار کی زد میں آتے ہی کلمہ پڑھ لیا، لیکن اِن صحابیء رسولﷺ نے اُسے زندہ نہیں چھوڑا کہ اِس نے موت کے ڈر سے کلمہ پڑھاہو گا۔ جب اِس واقعے کی خبر حضور نبیء اکرمﷺکی ذاتِ بابرکات تک پُہنچی، تو آپؐ نے نہایت افسوس کے عالم میں فرمایا، کیا تُم نے اُس کا سینہ چیر کے، اُس کے دِل میں جھانک لیا تھا؟

اور اِس واقعے پہ آپؐ نے اتنی بار اور اتنی تکلیف سے بار بار اظہارِ افسوس کیا کہ، وہ صحابیؓ کہتے ہیں کہ میں تمنّا کرنے لگا کہ کاش میں آج کی جنگ کے بعد مُسلمان ہوا ہوتا۔ ہمارےپاس ایسا کون سا "نیتو میٹر" ہے جس سے ہم کسی بھی دین کی شناخت رکھنے والے یا والی کی نیّت ماپ کے، اُسے مُنافق قرار دے دیتے ہیں۔ اگر کوئی بھی شخص یہاں دین کی بات کرے گا، دین سے ہٹ کے اپنے رویّے میں خوش اخلاقی کو مُقدّم رکھّے گا، اپنی تحاریر اور دوسروں کی تحاریر کے تبصروں میں ہمیشہ اپنا معیار برقرار رکھّے گا، معیار سے گری ہوئی بات نہیں کرے گا یا کرے گی تو میری نظر میں وہ بالکل ویسا ہی ہو گا یاہو گی، جیسا کردار مُجھے فیس بُک پہ نظر آتا ہے۔

کیونکہ میں نے فیس بُک کے اِن دو اڑھائی سالوں میں بہت سے لوگوں کو بُری طرح exposeہوتے دیکھا ہے۔ میرا ایمان ہے کہ مُلمع کاری بہت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی، اور وہ اچھّے رویّے جو کئی کئی سالوں سے ڈھیروں لوگوں کے مُشاہدے میں ہیں، وہ بناوٹی نہیں ہو سکتے۔ اب اگر تو کوئی شخص، خاتون یا حضرت ریاکار ہے، تو مُجھے بتائیے وہ میرا یا آپ کا کیا نُقصان کر رہاہے؟ اپنی عاقبت خود بربادکر رہا ہے نا۔ سراسر گھاٹے کا سودا۔ وقتی نام و نمود کیلئے دائمی نُقصان اُٹھا رہا ہے۔ وہ تو خود ہی اپنے آپ کو گڑھے میں دھکیل رہا ہے، مُجھے یا آپ کو اُسے دھکّا دینےکی چنداں ضرورت نہیں۔ آپ اُسے exposeکریں یا نہ کریں، اُسے نشانہء تضحیک بنائیں یا نہ بنائیں، اُس نے تو ابدی خسارا مُول لے ہی لیا ہے۔

لیکن ایک لمحے کیلئے یہ سوچیں کہ وہ شخص، جسے آپ مُنافق گردانتے ہیں، اُس کی نیّت پہ شک کرتے ہیں، اُسے نشانہء تضحیک بناتے ہیں، اگر وہ سچّا مومن ہوا، بہت گُنہگار ہی سہی، عمل میں بہت راسخ نہ سہی لیکن دین کا سچّا مُحب ہوا، دین کی خدمت کیلئے مُخلص ہوا، اپنی خُوش خُلقی کے پیمانوں میں اللّٰہ کی بارگاہ میں سُرخرو ہوا اور آپ اُس مومن کو مُنافق گردان رہے ہیں، تو بروزِ حشر آپ اپنے اِس عمل کا کیا اور کیسے جواب دیں گے؟ ہم دوسروں کے اعمال کیلئے ہمہ وقت میزان لیئے ہر دیوار پہ موجود ہوتے ہیں، لیکن ایک زرا گردن جُھکا کے اپنے گریبان میں جھانکنے کا حوصلہ نہیں رکھتے۔

Check Also

Quwat e Iradi Mazboot Banaiye

By Rao Manzar Hayat