Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Rabiah Fatima Bukhari
  4. Masoom Jazbat Ka Mazaq Na Banaiye

Masoom Jazbat Ka Mazaq Na Banaiye

معصوم جذبات کا مذاق نہ بنائیں

پرسوں ایک ننّھے معصوم بچّے کی، عمران خان سے، جذبات سے بھرپور ملاقات کا احوال ہم سب نے دیکھا۔ میرے بارے میں آپ سب جانتے ہیں کہ خان صاحب کیلئے دل میں نرم گوشہ ضرور ہے لیکن اندھی عقیدت یا تقلید ہر گز نہیں ہے۔ اُن کے ہر غلط اقدام پہ کھُل کے تنقید کی ہمیشہ اور جس حد تک اکثر انصافینز شخصیّت پرستی کا شکار ہیں الّا ماشاءاللّٰہ، یہ بھی میرے نزدیک ہر گز کوئی قابلِ تقلید یا قابلِ تعریف فعل نہیں ہے۔

لیکن ایک بچّے کے معصومیّت سے بھرپور، مخلصانہ اور سچّے جذبات پہ جس طرح تبرّا بازی کی گئی اِن گزرے دو، تین دنوں میں، یقین مانیں شدّید دُکھ ہوا۔ اِس بچّے کی جگہ کوئی سمجھدار مرد یا عورت ہوتی، نوجوان باشعور لڑکی بھی ہوتی تو شاید سب سے پہلے میری طرف سے سخت تنقیدی تحریر آتی۔ لیکن ایک معصوم بچّے کے جذبات، جن کی سچّائی کی اِس سے بڑھ کے کیا گواہی ہو گی کہ دیکھنے والوں کی بھی آنکھیں اشکبار ہو گئیں، اُس پہ ایسی ایسی تنقیدی پوسٹس دیکھیں کہ حیرت ہوئی۔

کوئی اُس بچّے کو نفسیاتی بیماری میں مبتلا ثابت کر رہا ہے اور کوئی اُس کے والدین کی تربیّت پہ سوال اُٹھا رہا ہے۔ میرا سوال آپ سب سے یہ ہے کہ اس طرح کی محبّت کسی کے بھی دِل میں میرے یا آپ کیلئے کیوں نہیں ہے؟ میں نہ تو عمران خان کو انصافینز کی طرح حق کا استعارہ سمجھتی ہوں اور نہ ہی اپوزیشن پارٹیز کو باطل، اور اِس انتخابی دنگل کو حق و باطل کا معرکہ ہرگز نہیں سمجھتی، لیکن کیا مخلوقِ خُدا کے دِل میں کسی بھی اِنسان کی محبّت ڈالنا، کسی بھی انسان کے بس میں ہے؟

اِس طرح کی قبولیّتِ عام اور عوام کی جذباتی محبّت میں نے صرف بینظیر بھُٹّو کیلئے دیکھی ہے۔ ذوالفقار علی بُھٹّو کے بارے میں بھی سُن رکھّا ہے لیکن بی بی کیلئے عورتوں کا رونا، جذبات اور عقیدت کی شدّت سے اشکبار ہونے کے مناظر بہت بار دیکھے۔ ایک جلسے میں کہتے ہیں کہ کوئی ملنگ اُن کے جلسے کے آگے ناچتے ناچتے لہولُہان ہو گیا تھا۔ اب میں نے دوبارہ اپنی زندگی میں ویسی ہی قبولیّتِ عام عمران خان کیلئے دیکھی ہے۔

آپ کسی باشعور انسان کی اندھی عقیدت پہ جیسے چاہیں تنقید کریں، جتنے سخت الفاظ چاہیں استعمال کریں لیکن خُدارا عمران خان کی مخالفت میں ایک معصوم بچّے کے معصوم جذبات کا مذاق نہ بنائیں۔

Check Also

Khadim Hussain Rizvi

By Muhammad Zeashan Butt