Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Rabiah Fatima Bukhari
  4. Keri Ki Chatni

Keri Ki Chatni

کیری کی چٹنی

ہمارے بچپن میں گھر داری، کھانا پکانے، کھلانے، سلیقے سے پیش کرنے کے گُر بچیوں کو بہت چھوٹی عمر سے نہ صرف مائیں سکھانا شروع کر دیتیں بلکہ تعلیمی ادارے بھی اِس سلسلے میں ماؤں کی مکمّل معاونت کرتے تھے۔ چھٹّی جماعت سے آٹھویں تک کی چھوٹی چھوٹی بچیوں کیلئے "ہوم اکنامکس" بطور لازمی مضمون پڑھایا جاتا تھا۔ ہوم اکنامکس کی کتاب میں بچیوں کی عمر کے مطابق آسان آسان اور مزیدار کھانوں کی تراکیب، کھانا پیش کرنے کے سلیقے پہ مبنی ابواب، سلائی کڑھائی کے متعلق ابواب شامل ہوتے تھے۔

اِس مضمون کا سب سے دلچسپ حصّہ "خانہ داری" تھا۔ ہر سہ ماہی کے امتحانات کے آخر میں خانہ داری کے پرچے کا باقاعدہ انتظار ہوتا تھا۔ اُس دن ساری طالبات گھروں سے مٹّی کے تیل والے چولہے، پتیلیاں، کڑاہیاں، سارے مصالحہ جات لے کے سکول جاتیں، وہیں کلاس رومز میں اساتذہ کی طرف سے دی گئ کھانے کی کوئی بھی چیز پکاتیں، اساتذہ باری باری وہ کھانا کھاتیں اور بچیوں کو نمبر دئیے جاتے تھے۔

ہوم اکنامکس کی پریکٹیکل کاپی مکمّل کرنے کیلئے کڑھائی کے مختلف ٹانکوں کے نمونے بنانا، مختلف دالوں کے چھوٹے چھوٹے پیکٹ بنا کے کاپی میں سٹیپل کرنا، چھوٹی چھوٹی قمیصیں اور شلواریں سینا اور کاپی پہ نتّھی کرنا۔ یادوں کا ایک طویل سلسلہ اِس ایک مضمون کے ساتھ منسلک ہے۔ میں نے اپنی ہوم اکنامکس کی کتاب سے اور بہت کُچھ سیکھا لیکن شامی کباب اور کیری (کچّے آم) کی چٹنی، یہ دو ایسی چیزیں تھیں، جو تب بھی مجھے بہت ہی زیادہ پسند آئی تھیں اور آج تک یہ میری پسندیدہ ترین ہیں۔

آج کیری کی چٹنی بنائی تو مجھے وہ سارا وقت ساری جزئیات کے ساتھ یاد آ گیا۔ اِس کی ترکیب بھی نہایت آسان ہے۔ ایک کلو کیری لے کے چھیل کے، باریک باریک کاٹ لیں۔ ایک فرائینگ پین میں ڈالیں۔ اُن میں دو پیالی بھر کے چینی یا شکّر، آدھا کھانے کا چمچ کلونجی، ایک سے ڈیڑھ پیالی سرکہ، نمک ایک چائے کا چمچ، گول لال مرچ حسبِ ذائقہ (میرے پاس نہیں تھی تو میں نے کُٹی لال مرچ ڈال لی)، تین چار جوے لہسن کے اور چھوٹا سا ٹکڑا ادرک کوٹ کے ڈال کے، چولہے پہ چڑھا دیں۔

بادام، کشمش اور چارمغز آپشنل ہیں۔ میں نے صرف بادام شامل کئے ہیں۔ درمیانی آنچ پہ پندرہ سے بیس منٹ پکالیں۔ شیرہ گاڑھا ہو جائے تو اُتار کے ٹھنڈا کر لیں۔ ایک شیشے کی بوتل کو اُبلتے پانی سے سٹرلائز کریں۔ ٹھنڈا اور خشک ہونے پہ ٹھنڈی کی ہوئی کیری کی کھٹّی، میٹھی، چٹپٹی کراری چٹنی ڈال کے محفوظ کر لیں۔ چند دن تک بچانی ہے تو بچّوں کی پہنچ سے دور رکھیں، ورنہ چاٹتے چاٹتے ہی چٹنی چٹ ہو جائے گی۔

Check Also

Riyasat Ba Muqabla Imran Khan Aur Do Number Inqelabi

By Nusrat Javed