Thursday, 09 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Qamar Akash
  4. Panah Guzinon Ke Passport

Panah Guzinon Ke Passport

پناہ گزینوں کے پاسپورٹ

حال ہی میں ایک نوٹیفکیشن ڈائریکٹر جنرل ایمیگریشن اینڈ پاسپورٹ، نے جاری کیا ہے کہ آئندہ پاکستانی اوورسیز افراد جو دیگر ممالک میں پناہ مانگتے ہیں انہیں پاکستانی پاسپورٹ نہیں ملے گا۔ میں نے سٹیزن پورٹل پر اس نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے کی تجویز بھی جمع کرائی اور حکام کو بتایا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی، مذہبی، صحافتی اور جنسی آزادی عالمی معیار کی نہیں ہیں۔

جڑانوالہ میں ہمارے سامنے ایک دن کے اندر 25 سے زائد چرچ جلا دئیے گئے، کتنے ہی انسانوں کو فصلوں میں چھپ کر رات گزارنی پڑی ایک رپورٹ کے مطابق ابھی تک 100 سے زائد مسیح گھروں کے افراد گھر واپس نہیں لوٹے ہیں۔ سکیورٹی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کسی بھی عقل مند کو ان دو میں سے ایک نتیجہ اخذ کرنے پر مجبور کرے گی کہ اگر ریاست اقلیتیوں کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کو روک سکتی ہے مگر روکتی نہیں تو بدنیت ہے اگر روکنا چاہتی تھی مگر روک نہیں سکی تو بے بس ہے اور شہری غیر محفوظ۔

ہمارے ملک کے احمدی اپنے گھر کے اندر بھی اپنی عبادات سرانجام دیں تو جرم سمجھا جاتا ہے، عمران خان کی حمایت کرنے والے لوگوں پر الٹے دن شروع ہوئے پڑے ہیں، کوئی خاتون عربی خطاطی والا لباس پہن لے تو اقبال کے شاہین اس کو جان سے مار کر جنت کی سیڑھیاں خون سے دھونے کو ایمان کی دلیل سمجھ لیتے ہیں، جہاں مذہبی امور کے وزیر کو اسی کا گارڈ شہید کرکے خود شدت پسندوں کا ہیرو بن جائے اور مرنے کے بعد اس کا دربار بنا دیا جائے اور جب اداروں کا آڈٹ مانگنے پر غداری کا ٹیگ لگا کر جیل بھیج دیا جائے۔

ایسے حالات میں جب کوئی مصیبت زدہ کسی ملک میں جا کر پناہ طلب کرتا ہے تو بجائے ریاست اس کو تعاون کرنے کے اس کے لئے مزید مشکلات پیدا کرنے کے لئے ان کے پاسپورٹ آئندہ جاری نہ کرنے پر پابندی لگائے تو کسی کو آئے نہ آئے مجھے پاکستانی ہونے پر شرم آنے لگی ہے۔

Check Also

Dunya Ki Tabahi Ki Warning

By Abid Hashmi