Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Nayyer Taban
  4. Waldain Ke Liye Duayen

Waldain Ke Liye Duayen

والدین کے لئے دعائیں

میں نے جانا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ والدین کی قدر دل میں بڑھتی جاتی ہے۔ چند دن پہلے سہیلی اسی پچاسی سالہ بزرگ کا بتانے لگی کہ وہ کہتے ہیں، بس میں امی کو بہت مس کرتا ہوں۔ مجھے جیسے کوئی شاک لگا۔ اتنا ضعیف ہو جانے کے بعد بھی ماں باپ کو یوں یاد کیا جاتا ہے؟ یعنی واقعی دل کا ایک خانہ بس امی ابو ہی بھر سکتے ہیں۔ چھوٹے بچوں کے والدین دنیا سے چلے جائیں تو احساس رہتا ہے کون انہیں ماں باپ کی طرح پال سکے گا، حالانکہ رازق مالک تو اللہ ہی ہے، لیکن وہ محبت؟ مان بھری ڈانٹ؟ اپنائیت؟ لاڈ؟

ذمہ داریاں تو پوری ہو ہی جاتی ہیں، لیکن محبت کا وہ احساس جو امی کی دعائیں اور ابو کا ہگ دے سکتا ہے، وہ دنیا میں کسی بھی اور رشتے سے ممکن نہیں۔ اس موضوع پر مجھ سے کبھی لکھا ہی نہیں جاتا کیونکہ تحریر کا پہلا لفظ ٹائپ کرتے ہی حلق میں ہلکی سی نمی اترنے لگتی ہے۔ جنہوں نے اپنی ضروریات کو پیچھے کر کے ہماری خواہشات کو مقدم جانا ہے، خون پسینہ ایک کر کے ہمیں یہاں تک پہنچایا ہے، جن کی دعاؤں سے بیڑے پار لگے ہیں، میں کسی تحریر کے گنے چنے الفاظ میں اس کا حق کیسے ادا کروں۔

نہیں کر سکتی!

بس یہ کر سکتی ہوں کہ رمضان المبارک کی اس صبح الله سے یہ دعا کروں کہ یا رب رحیم! جیسے انہوں نے مجھے مہربان ہو کر پالا ہے، آپ ان پر مہربان رہیے۔ ان کا دل اپنی اولاد کی طرف سے ٹھنڈا رکھیں۔ انہیں ارزل عمر سے بچائیں۔ جب تک زندگی ہے، مکمل صحت میں رکھیں۔ مکمل صحت یعنی جسمانی طور پر، ذہنی طور پر، روحانی اور جذباتی طور پر بھی۔ انہیں ہر طرح کی محتاجی سے بچانا۔ جسمانی محتاجی سے بھی، مالی محتاجی سے بھی۔ وہ اپنے مکمل حواس میں رہیں۔

الرحمن الرحیم! ان کے ساتھ بہت مہربان رہنا جیسے انہوں نے ہمیں پالا ہے۔ انہیں قلب منور عطا کرنا۔ نامہ اعمال وزنی کرنا، نیکیاں قبول کرنا۔ انہیں نرم خو، نرم گفتار رکھنا۔ ان کی بشری خطائیں بخش دینا۔ انہیں بہت ذکر کرنے والا، بہت شکر کرنے والا بنا رکھنا۔ انہیں نفسِ مطمئنہ رکھنا، اور میرے مہربان رب! میں اپنے والدین کے لئے آپ سے آسان حساب مانگتی ہوں، جنت کے بلند ترین درجات کا سوال کرتی ہوں، اور بالکل آپ کے قرب میں ان کے لئے گھر کی خواہش رکھتی ہوں۔

الوھاب! آپ انہیں دونوں جہان میں اتنا نوازیں جتنا آپ قدرت رکھتے ہیں۔

رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا

اے پروردگار ان دونوں پر رحمت فرمائیں جیساکہ انھوں نےمجھ کو بچپن میں پالا پرورش کیا ہے۔

ربَّنَا اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَيَّ وَلِلْمُؤْمِنِينَ يَوْمَ يَقُومُ الْحِسَابُ

اے میرے پروردگار! مجھے بخش دے اور میرے ماں باپ کو بھی بخش اور دیگر مومنوں کو بھی جس دن حساب ہونے لگے۔

Check Also

Vella Graduate

By Zubair Hafeez