Payari Iram
پیاری ارم
پیاری ارم
السلام علیکم
شام کے سائے ڈھلنے لگے ہیں۔ کھڑکی میں سے پڑوسیوں کا لان نظر آ رہا ہے۔ سب ٹنڈ منڈ درختوں کے بیچ ایک درخت سفید روئی جیسے کچھ پھول لئے مجھے دیکھ کر ہولے سے مسکرایا ہے۔ میں ایک لمبی تھکا دینے والی واک کے بعد چائے کا گرما گرم کپ لے کے بیٹھی ہوں۔ ایک گھونٹ لیتی ہوں اور اس کے نرم سے احساس کے زیرِ اثر آپ سے مخاطب ہوں۔
کہیے کیا حال ہیں؟ کیا اب بھی حجامہ کروانے جاتی ہیں؟ مجھے بہت یاد آتی ہے حجامہ کی۔ سکون ہی آ جاتا تھا۔ ابھی ایک سال مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ یہاں ڈرائے کپنگ تو کرتے ہیں لیکن اس کا اور حجامہ کا کیا مقابلہ؟!یہ بتائیں کہ گھر کی سیٹنگ مکمل ہو گئی؟ کر لیا جو جو کرنا تھا یا اب بھی کچھ باقی ہے؟
میری امی کے گھر سے قریب ہو گئی ہیں نا آپ؟ چلو یہ اچھا ہے۔ ملنا آسان ہو جائے گا۔ میں عید کے بعد سے میں کافی مصروف ہو گئی۔ مڈ ٹرم اور وہی پڑھائی آخری دن تک چھوڑنے کی بری عادتیں۔ تھک گئی سچی! اور گھر کے برے حالات ہیں۔ کل سے صفائی مہم شروع کرنی ہے۔ لیکن فی الحال اس لمحے کا لطف لے رہی ہوں۔
اف سنیں، آج کیا ہوا۔ ہمارا بلو کھیلتا کھیلتا سڑک پار کر کے سامنے گھر چلا گیا اور میں اور میرے میاں ابھی کھڑکی سے دیکھ ہی رہے تھے کہ وہ اپنے گھر واپس آنے کو پلٹا۔ سڑک پر اس کی ادائے بے نیازی دیکھنے والی تھی۔ گاڑی کو پریشر بریک لگوا دئیے اور خود مزے سے کیٹ واک کرتا ہوا واپس آ رہا تھا۔
ایک بار تو کلیجہ حلق میں ہی آ گیا۔ دل تو کیا، دو لگاؤں لیکن اتنا سارا پیار کر دیا۔ اب کمرے میں بند کیا ہے کہ یہیں رہو کچھ دیر۔ اسے سمجھ آ جائے گا اس سے؟ کیسے سمجھاؤں کہ یوں نہیں کرنا ہوتا؟ خیر، جانے دیں۔ اچھی خبر یہ ہے کہ آج احمد کی آرٹ ایگزیبیشن تھی۔
سات پینٹنگز سیل ہو گئی ہیں۔ کافی خوش ہے کہ اگلے ہفتے پھر لگاؤں گا۔ سمجھایا ہے کہ پتر ہاتھ ہولا رکھیے۔ دوست یار اور پڑوسی ہی لینے والے تھے، وہ ہر ہفتے تھوڑی لیں گے؟ ابھی شام ہے اور مجھے اتنی نیند آ رہی ہے کہ اف۔ دودھ ہلدی پی کر لڑھک جانا ہے آج۔ ویسے بھی واک نے آج تباہی کر دی۔
ابھی گھر سے کوئی دس منٹ کا فاصلہ تھا اور مجھے لگ رہا تھا کہ یہیں سڑک کنارے ڈھیر ہو جاؤں۔ فون ساتھ ہوتا تو ان سے کہتی کہ بس اب یہیں سے پک کر لیں۔ خیر، اتنی زیادہ واک کی تو خود کو شاباش دینے کے لئے ایک چاکلیٹ کھا لی ہے۔ یہ بات انعم علی کو نہ پتہ چلے بس۔ ایسے ہی باتیں سنائے گی۔ کل سے پکا، نو چیٹنگ۔
اچھا اب جاتی ہوں۔ یہ آوازیں دے رہے ہیں۔ خیریت سے مطلع کیجیے گا۔ اور مجھے قیمے کی کوئی واہ واہ سی ریسیپی بتائیں کہ کیا بناؤں۔ تین کلو قیمہ ہے۔ کچھ کے تو کباب بن جائیں گے، تھوڑا سا سالن بن جائے گا۔ لیکن کچھ خاص بتائیے۔ کوئلہ نہیں ہے میرے پاس تو دھونی والا نہیں۔ بس کوئی آسان سی ترکیب بتائیے۔
اور سنیں، گالوں پر کوچی کوچی کو کر کے "آپ مجھے بہت پیاری ہیں " کہہ لوں؟ اچھا۔ گھوریں نہیں۔ واقعی جا رہی ہوں اب۔ مسکراہٹ۔
اللہ حافظ