Online Business Kyun Nahi Chal Pata
آن لائن بزنس کیوں نہیں چل پاتا
پہلی چیز تو یہ ہے کہ ہر کسی کو خواتین کے کپڑوں کا یا شہد، مٹھائی، حلوے کا ہی بزنس کیوں کرنا ہے؟ بچوں کے کپڑے، کھلونے، کتابیں، کچن گیجٹس، آرگینک میک اپ، نیچرل کلینرز وغیرہ یا اور بھی بہت کچھ۔ کچھ جدت لائیے۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ خریدار پیسہ لگانے سے نہیں ہچکچاتے لیکن وہ اپنے پیسے سے بہترین معیاری چیز خریدنا چاہتے ہیں۔ تو آپ یہ خیال رکھیے کہ سستے کے چکر میں کوالٹی پر کامپرومائز نہ ہو۔ چیز معیاری ہو تاکہ انسان دوبارہ آپ کے پاس آنا چاہے بلکہ اپنے جاننے والوں سے بھی آپ کا تذکرہ کرے۔
پھر یہ کہ جب آن لائن سٹور کھول لیا ہے تو اس کی اچھی مارکیٹنگ کرنا سیکھیے۔ کئی بار اپنی پروفائل پر کہا کہ اپنے بزنس کو پروموٹ کریں۔ کوئی آپ سے چیز لے تو کیوں لے۔ اب لوگوں کو مارکیٹنگ کا طریقہ ہی نہیں آتا۔ وہی گھسا پٹا لنک کامنٹس میں پیسٹ کرکے یہ جا وہ جا۔ آپ مختصر، جامع اور دلچسپ انداز میں بتائیے تو سہی کہ کوئی آپ سے چیز لے تو کیوں؟ آپ کی پروڈکٹ میں، آپ کی سروسز میں ایسا کیا ہے؟
جان رکھیے کہ ہزاروں سیلرز میں سے خود کو نمایاں کرنا آپ کا کام ہے۔ ہزاروں بائیرز میں سے کسی کو اپنی جانب کھینچنا بھی آپ ہی کا کام ہے۔ ان سب کے ساتھ ساتھ کسٹمر سروسز بہترین ہوں۔ اول تو چیز ایسی ہو کہ کسٹمر واپس کرنا ہی نہ چاہے لیکن اگر ایسا موقع آ بھی گیا ہے تو چاہے نقصان اٹھا کر چیز واپس کرنی پڑے، کھلے دل سے کیجیے۔ یہ لانگ رن میں آپ کے لئے بہترین ثابت ہوگا۔ کسٹمر کے سوالات کا مناسب ترین جواب دینا، اسے مطمئن کرنا ضروری ہے، اور یہ سب چڑچڑے لہجے میں نہیں، بلکہ عزت کے ساتھ۔
اگر آپ مارکیٹ میں بہترین معیار کی پروڈکٹ یا سروسز لا رہے ہیں، پرانی چیز کو بھی جدت کے ساتھ پیش کر رہے ہیں، مارکیٹنگ کرنا جانتے ہیں، کسٹمر سروس ٹاپ کلاس ہے، تو اب اپنا ایک فیس بک پیج بھی بنا رکھئے جہاں لوگوں کے بہترین ریویو اپ لوڈ کر دیجیے تاکہ باقی لوگوں کو سند مل سکے۔