Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Nayyer Taban
  4. Aik Khat Allah Ke Naam

Aik Khat Allah Ke Naam

ایک خط اللہ کے نام

پیارے الله تعالٰی!

آپ کو خط لکھنا بندہ کیسے شروع کرے۔ آپ خود السلام ہیں، آپ کو السلام علیکم کہہ کر شروع کروں تو عجیب لگتا ہے، نہ کہوں تو رووڈ لگتا ہے۔ یاد ہے ایک دن جوش میں آپ کو جزاک اللہ خیرا کہہ دیا تھا۔ کتنی سٹپٹا گئی تھی خود ہی۔ اب بھی ہنسی آتی ہے اس بے وقوفی پر ۔۔

اچھا، یہ بتائیں کیسے ہیں؟ آپ تو ٹھیک ہوں گے۔ ہمارا ہی حال ابتر ہے۔ کتنے کام ذمہ لے رکھے ہیں اور کچھ بھی نہیں ہو پا رہا۔ طفیل صاحب تو اب دل دل میں مجھے خوب سناتے ہوں گے۔ پلیز مجھے فوکس دے دیں۔ کل کی ڈیڈ لائن تھی اور میں نے پھر بھی نہیں کیا کام۔ مجھے بہت دکھ ہو رہا ہے۔ آپ کو تو پتہ ہے۔۔

الله تعالى، وہ لڑکی جس نے خود کشی کر لی دو دن پہلے۔۔ آپ کو تو خبر ہے سب۔ لیکن ایک بات تو سمجھائیں، جب تضحیک، تحقیر برداشت سے اوپر ہو جائے تو آپ اجازت کیوں نہیں دیتے کہ بندہ آپ کی گود میں سر رکھنے آ جائے۔ یہ کیا بات ہوئی بھلا۔ ہم جب ملیں گے، اس بارے میں بات کریں گے۔ کسی نے لکھا ہوا تھا کہ معاشرہ ذمہ دار ہے۔ کچھ اتفاق کر رہے تھے، کچھ نہیں۔ میں بولی تو نہیں لیکن دل میں یہی لگتا ہے کہ لوگ اتنا کارنر کر دیتے ہیں تو ایسے میں آپ بتائیں نا کہ کیوں منع کر دیا اگر کوئی خوشی سے آپ کے پاس آنا چاہے؟ شاید وہ آپ کے ان مع العسر یسرا کے وعدے۔۔ میں جانتی ہوں آپ کسی پر اس کی برداشت سے بڑھ کر نہیں بوجھ ڈالتے لیکن پھر بھی اللہ تعالی۔ جب ہم ساتھ ہوں، سمجھائیے گا مجھے۔

کل قولا سديدا کا ذکر تھا کلاس میں۔ آپ نے کہا تھا کہ آپ سے ڈروں، لوگوں سے نہ ڈروں۔ لوگوں ہی سے تو ڈر لگتا ہے، آپ تو جان سے لگتے ہیں۔ بھاگ جاتی ہوں، پھر ایک قدم آؤں تو آپ دس قدم میری طرف آتے ہیں۔ جانے کیوں دیتے ہیں مجھے؟ بس اب سے یہیں دھرنا دے دینا ہے میں نے۔ آپ مجھے کہیں نہیں جانے دیں گے۔ پرامس؟ پکا والا پرامس؟

الله تعالى، وہ جو بات کہلوائی تھی نا آپ نے پیارے نبی سے کہ کانٹے کی چبھن پر بھی آپ اجر لکھتے ہیں، اس کے بارے تو بڑی امیدیں لگا رکھی ہیں آپ سے۔ ہر ہر چبھن پر۔ آپ بھولتے تو نہیں ہیں لیکن میں عادتا" یاد کروا دوں گی۔ مسکراہٹ۔۔

اچھا میں جاتی ہوں۔ رمضان آ رہا ہے۔ جو گولز ہیں انہیں پورا کرنے میں پلیز مدد کرنا۔ تھوڑا سا وزن بھی کم کر دیں تو اچھا ہو جائے۔ اور پلیز آپ موسم اچھا کر دیں۔ دل بند ہو رہا ہے بارش اور بادلوں سے۔ دھوپ دے دیں مجھے۔ پلیز، پلیز۔ اور آج رات گہری پرسکون نیند سلائیے گا۔ لمبی دیر۔ ڈن؟ تھینک یووو!

آپ کی!

Check Also

Kitabon Ka Safar

By Farnood Alam