Balochistan Aur Manshiat
بلوچستان اور منشیات
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 26 جون کو منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ کی روک تھام کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ منشیات سے پاک بین الاقوامی معاشرے کے مقصد کے حصول کے لئے کاروائی اور تعاون کو مظبوط کرنے کے عزم کے اظہار کے طور پر 7 دسمبر 1987 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرار داد کے ذریعے اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد منشیات جیسی ناسور چیز کے متعلق لوگوں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) کی ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2021 کے مطابق دنیا بھر میں منشیات استعمال کرنے والے افراد کی تعداد تقریباً 27 کروڑ 50 لاکھ ہے جبکہ 3 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد منشیات کے استعمال کے عوارض کا شکار ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں ہیروئن، کوکین، چرس، بھنگ، آئس، کرسٹل میتھ اور دیگر نشہ آور چیزوں کے استعمال سے سالانہ کئی لاکھ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
2010ء سے 2019ء کے درمیان منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 22 فیصد اضافہ ہوا، جس کی وجہ عالمی آبادی میں اضافہ ہے۔ دنیا میں منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے لیکن اس کا علاج بھی ممکن ہے۔ صرف آبادیاتی تبدیلیوں کی بنیاد پر، موجودہ تخمینوں کے مطابق 2030ء تک عالمی سطح پر منشیات کا استعمال کرنے والے لوگوں کی تعداد میں 11 فیصد اضافے کا خدشہ ہے جبکہ افریقا میں تیزی سے بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کے باعث 40 فیصد تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے منشیات کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 70 لاکھ سے زائد افراد نشے کی لت میں مبتلا ہیں۔ ملک میں کیمیکلز والے نشے کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے، جن میں ہیروئن، کوکین اور آئس کا نشہ قابل ذکر ہیں۔ دیہات کے مقابلے میں شہری آبادی میں منشیات کے استعمال کی شرح زیادہ ہے۔ ملک بھر میں ہر سال اربوں روپے مالیت کی منشیات استعمال کی جاتی ہیں۔
منشیات استعمال کرنے والے افراد ہر طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ حتیٰ کہ اسکول، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طالب علم (جن کی عمریں 13 سے 25 سال کے درمیان ہیں) بھی منشیات کی لعنت کا شکار ہیں۔ گزشتہ چند سالوں کے دوران نوجوان آئس جیسے خطرناک اور جان لیوا نشے میں زیادہ مبتلا نظر آئے ہیں۔ آئس یا کرسٹل نامی یہ نشہ میتھ ایمفٹامین کیمیکل سے بنایا جاتا ہے۔ نشے کے عادی افراد آئس کو انجیکشن کے ذریعے بھی جسم میں داخل کرتے ہیں۔
اس حوالے سے نوجوانوں میں بڑھتی بے چینی اور ڈپریشن کی وجوہات جاننے کے ساتھ ان کا سدباب بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ، صحت مند سرگرمیوں سے متعلق ترغیب دے کر انھیں اس لت میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے سیاسی و مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور والدین کے ساتھ ساتھ میڈیا، ڈاکٹرز اور میڈیکل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
دنیا آبادی بڑھنے کے ساتھ منشیات میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے البتہ بلوچستان میں صورتحال اس کے برعکس ہے یہاں حکومت کی عدم توجہی اور صفر کارکردگی کے باعث منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات کے عادی افراد میں حد درجہ اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان منشیات اسمگلنگ کا ایک عالمی روٹ کا حصہ ہے۔ بلوچستان کے سرحد میں واقع ایران، افغانستان دنیا میں منشیات کے پوست کاشت کرنے میں سرِ فہرست ہیں۔
اس لئے اس وقت بلیدہ، پنجگور، گوادر اور بلوچستان کے باقی اضلاع میں نا صرف منشیات کی اسمگلنگ بلا کسی روک ٹوک کے جاری ہے بلکہ منشیات جیسی لعنت وبا میں لوگ گرتے جا رہے ہیں۔ بلوچستان میں اس وقت دس لاکھ کے قریب افراد منشیات میں مبتلا ہیں۔ تاحال حکومت کی جانب سے منشیات کے خلاف کوئی ٹھوس کاروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے۔ سیاسی رہنماؤں کو اس بات سے کوئی سروکار نہیں جیسے وہ خود ہی نوجوانوں کو اس دلدل میں دھنسنے کے شریک ہیں ان کی اس خاموشی سے یہی اخذ کیا جا سکتا ہے۔