Tasleem Karte Hain Mandate Chori Hua
تسلیم کرتے ہیں مینڈیٹ چوری ہوا

پاکستان کے عالمی لیڈر عمران خان اور ان کی اہلیہ کو پاکستان میں اسلامی یونیورسٹی بنائے جانے کے جرم میں غیر آئینی حکومت کی عدالت نے سزا سنائی تو عمران خان مسکرائے اس لئے عدالت میں فیصلہ سنائے جانے سے قبل یہ فیصلہ قومی میڈیا سنا چکی تھی میڈیا کو خبر کس نے دی یہ تو وہ جانتے ہیں جنہوں نے فیصلہ لکھا۔
تجزیہ نگار لکھتے ہیں کہ خلائی مخلوق عمران خان کو ڈرانہ چاہتے تھے لیکن وہ تو کشتیاں جلا کر جیل میں بیٹھے ہیں، عمراں خان کو پیسے کی پرواہ ہی نہیں اس لئے کرپشن کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یہ بات تو مسلم لیگ ن والے بھی جانتے ہیں کہ وہ صادق اور امین ہیں۔
در اصل عمران خان نے جب اداروں کو این آر او دینے سے انکار کر دیا تو جج نے ایسا بے ہودہ فیصلہ سنا دیا کہ دنیا پاکستان کے نظام عدل پر ہنسنے لگی، غیر آئینی حکومت کے اپنے بھی خاموش نہیں رہ سکے اس لئے کہ وہ دل سے اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں کہ 8 فروری کے قومی انتخاب میں جو جیتا وہ اپنے چاہنے والوں کے ساتھ جیل میں ہے اور جو بدترین شکست سے دوچا ہوئے وہ تختِ اسلام پر حکمرانی کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی تو کب کا مسلم لیگ ن کا ساتھ چھوڑ کر اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہیں وہ کہتے ہیں اسٹبلشمنٹ نے بار بار جمہوریت کا خون کیا تختِ اسلام آباد پر قبضہ کیا ججز نے قلم بیچا اور میڈیا نے زبان بیچی، آج مسلم لیگ ن کے سابق وزیر احسن اقبال بھی برملا کہہ رہے ہیں کہ عمران خان سے میرا سیاسی اختلاف ضرور ہے لیکن ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ عمران خان ایک بڑی قومی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں اسے دھمکایا اور دبایا نہیں جا سکتا، میں آج بھی اپنی جماعت کے ساتھ کھڑا ہوں لیکن جماعت کی غلط پالیسی پر خاموش نہیں رہ سکتا اس لئے کہ میں نے کل عوام کے پاس جانا ہے!
مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے، چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے گجرات پریس کلب میں کہا 8، فروری کے الیکشن میں فارم 47، پالیسی نے قومی سیاست کا رخ موڑ دیا ہے، جنہیں عوام نے ووٹ کی طاقت سے مسترد کیا وہ اسمبلیوں میں پہنچ گئے اور الیکشن جیتنے والے منہ دیکھتے رہ گئے، الیکشن میں چھوٹے چھوٹے ڈاکے تو ہم دیکھتے رہے ہیں لیکن 8، فروری کے الیکشن میں ہونے والے ڈاکے نے سب کو حیران اور پریشان کر دیا ہے، لگتا ہے آئندہ الیکشن میں فارم، 47، کی کوئی نئی جنریشن لانچ کر دی جائے گی۔
عابد رضا کوٹلہ نے کہا میں نے اپنے حلقہ انتخاب کے لئے ساڑھے چار ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز منظور کروائے مگر فنڈز بھیجنے والوں نے ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے لئے دوسروں کو بھیج دیا، یہ گجرات کے سیاست دانوں کی درد ناک کہانی ہے۔
چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں ہم نہ تو سچ بول سکتے ہیں اور نہ ہی سچائی کا راستہ اپنا سکتے ہیں ہم اپنوں سے کس طرح کا شکوہ کریں آج سیاست میں خود نمائی سنگین صورتِ حال اختیار کر چکی ہے، موجودہ حکومت کیسے چل رہی ہے ہر کوئی جانتا ہے ایسے حالات میں حکمت اور تدبر سے راستہ نکالنا ہی سیاست ہے!