Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Gul Bakhshalvi
  4. Choti Ko Bhook Lagi Thi

Choti Ko Bhook Lagi Thi

چھوٹی کو بھوک لگی تھی

رات کے دو بجے تھے۔ جمیل آباد کی پولیس چوکی میں کانسٹیبل طارق عثمان ضلعی ہیڈ کوارٹر کیلئے دن بھر کی ڈائری لکھ رہا تھا۔ چوکی کے دروازے پر دستک ہوئی۔ وہ قلم روز نامچے پر رکھتے ہوئے اُٹھا اور دروازے میں مختصر سی کھڑکی سے باہر دیکھا۔ سامنے حاجی فرید شکورے کو ایک ہاتھ سے پکڑے کھڑ ا نظر آیا۔ شکورے کی ناک سے بہتے ہوئے خون کو دیکھ کر اُس نے جھٹ سے دروازہ کھولا اور شکورے سے پوچھا کیا ہوا بیٹا؟

اس سے پہلے کہ شکورا کوئی جواب دیتا حاجی فرید نے کہا چوری کر رہا تھا بدبخت! کیا؟ طارق عثمان نے اس انداز سے سوال کیا جیسے اُسے یقین نہیں آرہا تھا۔ شکورا ہچکیاں لے لے کر رونے لگا اُس نے روتے ہوئے کہا۔ کاکا جی میں چور نہیں ہوں۔ حاجی فرید جھٹ سے بولا۔ اگر تم چور نہیں ہو تو رات کے دو بجے دیوار پھلانگ کر کیا تم میرے بچوں کے ساتھ گُلی ڈنڈا کھیلنے آئے تھے؟

طارق عثمان نے حاجی فرید سے کہا۔ حاجی صاحب اگر تھانے ہی لانا تھا تو اس قدر اس معصوم کو بے دردی سے مارنے کی کیا ضرورت تھی؟ وہ چوکی کا دروازہ بند کر کے حاجی فرید اور شکورے کو کمرے میں لایا۔ اپنی کرسی پر بیٹھنے سے پہلے حاجی فرید کو بیٹھنے کیلئے کہا اور میز پر پڑے ہوئے سلور کے جگ سے مٹی کے کٹورے میں پانی ڈال کر شکورے کو پینے کیلئے دیا اور ساتھ والی چارپائی پر بیٹھنے کو کہا۔

کانسٹیبل طارق عثمان عرصہ دراز سے اس چوکی میں متعین تھا۔ ایماندار، صاف گو اور نمازی پرہیز گار طارق عثمان کو جمیل آباد کا ہر فرد بخوبی جانتا تھا۔ طارق عثمان نے حاجی فرید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا حاجی صاحب مجھے یقین نہیں آتا کہ شکورے نے چوری کی ہو گی، میں اس بچے کو بخوبی جانتا ہوں مزدور باپ کا انتہائی خاموش طبع اور سمجھدار بیٹا ہے اور اس کی چھوٹی بہن جسے سب چھوٹی کہتے ہیں بڑی پیاری اور معصوم ہے۔

حاجی فرید کہنے لگا، میں بھی یہی سمجھتا تھا لیکن میں نے اسے اپنے گھر میں رنگے ہاتھوں پکڑا ہے طارق عثمان نے شکورے کی طرف دیکھا۔ وہ ہچکیاں لیتے ہوئے خوف سے کانپ رہا تھا اُس کا چہرہ انار کی طرح سُرخ، ہونٹ سوجھے ہوئے اور ناک سے بہتا ہوا خون قمیض کے دامن سے بار بار صاف کر رہا تھا۔ اُس نے شکورے کو دلاسہ دیتے ہوئے پوچھا۔ شکورے میں جانتا ہوں تم چور نہیں ہو لیکن حاجی صاحب بھی تو غلط نہیں کہہ سکتے۔

شکورا بلک بلک کر رونے لگا۔ طارق عثمان نے اُسے پاس بُلایا اور تسلی دیتے ہوئے کہا، گھبراؤ مت جو سچ ہے کہہ دو۔ شکورا کہنے لگا، کا کا جی آپ جانتے ہیں، میری ماں حاجی صاحب کے گھر کام کرتی ہیں سکول سے چھٹی کے دن میں بھی ماں کے ساتھ جا کر حاجی صاحب کے گھر برتن وغیرہ دھو لیتا ہوں، باورچی خانے کی صفائی کر دیتا ہوں۔ ماں گزشتہ دو دن سے بیمار ہے جس کی وجہ سے کام پر نہیں جا سکی اور حاجی صاحب سے گھر میں بچا کچا کھانا بھی نہیں لا سکی۔

آج دوپہر کو ماں کی دوا کیلئے پیسے چاہئے تھے میں ماں کے ساتھ حاجی صاحب کے گھر آیا تھا ماں نے مہینہ پورا ہونے پر پیسے مانگے تو حاجی صاحب نے کہا تم گزشتہ دو دن سے کام پر نہیں آ رہی ہو بیماری تو صرف بہانہ ہے پیسے آج میرے پاس نہیں ہیں۔ کل آ کر لے جاؤ۔ میں ماں کے ساتھ اس لئے گیا تھا کہ حاجی صاحب کے گھر میں روٹی کے بچے کچے ٹکڑے باورچی خانے میں پڑے ہوئے کنستر میں پڑے ہوں گے ساتھ لے آؤں گا لیکن حاجی صاحب غصے میں تھے اس لئے نہیں لایا۔

ابا جی کی بھی شہر میں ہڑتال ہونے کی وجہ سے دیہاڑی نہیں لگی خالی ہاتھ گھر آئے تھے گھر میں کھانے کیلئے کچھ نہیں تھا اس لئے ہم کچھ کھائے بغیر سو گئے۔ شکورے نے رونا بند کر دیا تھا اور بڑی روانی سے سب کچھ بلا کسی خوف کے بتانے لگا تھا۔ حاجی فرید اور کانسٹیبل طارق عثمان خاموشی سے اُس کو سُن رہے تھے۔ شکورے نے کہا مجھے سخت بھوک لگی تھی اس لئے نیند نہیں آ رہی تھی۔

ساتھ والی چٹائی پر چھوٹی کی سسکیاں سُن کر میں اُس کے قریب آیا تو چھوٹی رو رہی تھی، شکورے نے آستین سے ناک سے بہتا ہوا خون صاف کیا اور ہچکیاں لے لے کر پھر سے رونے لگا۔ طارق عثمان نے جیب سے رومال نکال کر شکورے کو دیتے ہوئے کہا۔ بیٹا اب رونے سے کیا فائدہ؟ جو تم نے کرنا تھا کر لیا اور جو حاجی صاحب نے کرنا اُس نے بھی کر لیا۔ لیکن میں اُس وقت تک کچھ نہیں کر سکوں گا جب تک آپ مجھے بتائیں گے نہیں۔

شکورا ہچکیوں میں کہنے لگا کا کا جی چھوٹی کو روتے دیکھ کر میرا دل بھر آیا میں خاموشی سے اُٹھ کر گھر سے نکل آیا اور دیوار پھلانگ کر حاجی صاحب کے گھر میں داخل ہوا۔ باورچی خانے کا دروازہ کھلا تھا۔ میں باورچی خانے میں گیا اور کنستر کا ڈھکنا کھولا تو حاجی صاحب کے گھر والے جاگ اُٹھے۔ سب نے مجھے پکڑ کر مارنا شروع کر دیا میں نے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ میں چور نہیں شکورا ہوں، لیکن کسی نے میری بات نہیں سُنی۔ شکورے نے ایک لمبی ہچکی لیتے ہوئے کہا، کا کا جی میں کیا کرتا؟ میں تو چھوٹی کے لئے روٹی لینے گیا تھا۔ اُس کو بھوک لگی تھی۔

کوئی آئے گا ایسا دلربا رہبر نہیں لگتا

بدل دے گا جو میرے دیس کا منظر نہیں لگتا

ہے سر پہ سائباں، دیوار و در بھی، روشنی بھی گل

جہاں رہتا ہوں مدت سے وہ میرا گھر نہیں لگتا

Check Also

Quaid e Azam Ki Mehbooba

By Muhammad Yousaf