American Muashre Ko Mutasir Karne Wali Das Kitaben
امریکی معاشرے کو متاثر کرنے والی دس اہم کتابیں

امریکا کے یوم آزادی پر جب ملک کی تاریخ کا جائزہ لیا جاتا ہے تو جنگوں، صدور، انتخابات اور آئین کے ساتھ کتابوں کا کردار بھی نمایاں نظر آتا ہے۔ امریکا کی فکری اور سیاسی شناخت صرف میدان جنگ میں نہیں بنی بلکہ دانشوروں کی تحریروں، لائبریریوں اور پبلشروں سے بھی تشکیل پائی۔ کچھ کتابوں نے آزادی کی تحریک کو مہمیز دی، کچھ نے غلامی کے خلاف رائے عامہ ہموار کی، کچھ نے شہری حقوق، ماحولیات اور صارفین کے تحفظ کے قوانین بدل ڈالے، جبکہ بعض ناولوں نے امریکی معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر اسے اپنی کمزوریوں کا احساس دلایا۔
اگر نان فکشن کتابوں سے آغاز کیا جائے تو سب سے پہلے "کامن سینس" کا ذکر ضروری ہے، جسے تھامس پین نے 1776 میں شائع کیا۔ یہ مختصر سا کتابچہ اس زمانے میں آیا جب بہت سے امریکی برطانوی بادشاہ سے وفاداری کے قائل تھے۔ تھامس پین نے پہلی بار عام لوگوں کی زبان میں یہ دلیل دی کہ ایک براعظم پر ایک جزیرے کی حکومت غیر فطری ہے اور امریکا کو مکمل آزادی حاصل کرنی چاہیے۔ چند ہی ماہ میں اس کی لاکھوں کاپیاں فروخت ہوگئیں اور اس نے آزادی کی تحریک کو عوامی قوت فراہم کی۔ مورخین کا خیال ہے کہ اگر یہ کتابچہ نہ ہوتا تو آزادی کے اعلان کی رفتار شاید مختلف ہوتی۔
امریکی ریاست کی فکری بنیادوں کو سمجھنے کے لیے دوسری اہم کتاب "دا فیڈرلسٹ" پیپرز ہے، جسے الیگزینڈر ہملٹن، جیمز میڈیشن اور جان جے نے تحریر کیا۔ یہ 85 مضامین کا مجموعہ ہے جو نئے امریکی آئین کی حمایت میں لکھے گئے تھے۔ ان میں اختیارات کی تقسیم، وفاق اور ریاستوں کے تعلق، عدلیہ کی آزادی اور جمہوری نظام کی فلسفیانہ بنیادوں کی وضاحت کی گئی۔ آج بھی امریکی سپریم کورٹ کے فیصلوں اور آئینی مباحث میں ان مضامین کا حوالہ دیا جاتا ہے۔
تیسری کتاب "دا سولز آف بلیک فوک" ہے، جسے ڈبلیو ای بی بوئس نے 1903 میں لکھا۔ اس کتاب نے امریکی سیاہ فاموں کی شناخت، امتیازی سلوک اور مساوی شہری حقوق کے مطالبے کو فکری بنیاد فراہم کی۔ اگرچہ سول رائٹس تحریک کئی دہائیوں بعد اپنے عروج پر پہنچی، لیکن اس کی نظریاتی جڑیں بڑی حد تک اسی کتاب میں ملتی ہیں۔
چوتھی کتاب "سائلنٹ اسپرنگ" ہے جسے ریچل کارسن نے 1962 میں شائع کیا۔ اس کتاب نے پہلی بار بڑے پیمانے پر ثابت کیا کہ کیڑے مار دوائیں صرف فصلوں کے لیے نہیں بلکہ انسانوں، پرندوں اور پورے ماحولیاتی نظام کے لیے خطرہ بن رہی ہیں۔ ابتدا میں کیمیاوی صنعت نے اس کی شدید مخالفت کی لیکن بعد میں اس کے بیشتر خدشات درست ثابت ہوئے۔ اس کتاب کے اثر سے امریکا میں ماحولیاتی قوانین سخت ہوئے، ڈی ڈی ٹی پر پابندی لگی اور جدید ماحولیاتی تحریک نے جنم لیا۔
پانچویں کتاب "ان سیف اینڈ اسپیڈی" ہے جسے رالف نیڈر نے 1965 میں شائع کیا۔ اس میں امریکی گاڑیوں کی صنعت پر الزام لگایا گیا کہ وہ منافع کی خاطر حفاظتی معیارات کو نظرانداز کر رہی ہے۔ کتاب شائع ہوتے ہی شدید عوامی بحث چھڑ گئی، کانگریس نے سماعتیں کیں اور بالآخر گاڑیوں میں سیٹ بیلٹ، حفاظتی ڈیزائن اور دوسرے معیارات کو قانونی حیثیت دی گئی۔ صارفین کے حقوق کی تحریک میں اس کتاب کا مقام بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
امریکی ادب سے اگر پانچ ایسے ناول منتخب کیے جائیں جنھوں نے قوم کے ضمیر پر گہرا اثر ڈالا تو ان میں سب سے پہلے "انکل ٹامز کیبن" کا نام آتا ہے۔ 1852 میں شائع ہوئے اس ناول میں ہیریئٹ بیچر سٹوو نے غلامی کے ظلم کو ایسی شدت سے پیش کیا کہ شمالی امریکا میں لاکھوں افراد پہلی بار اس مسئلے سے جذباتی طور پر وابستہ ہوگئے۔ اس ناول نے غلامی کے خلاف رائے عامہ کو مضبوط کیا اور امریکی خانہ جنگی سے پہلے کے سیاسی ماحول پر گہرا اثر ڈالا۔
اپٹن سنکلئیر کا ناول "دا جنگل" 1906 میں شائع ہوا جس میں گوشت کی صنعت میں کام کرنے والے مزدوروں کے حالات بیان کیے گئے۔ اگرچہ مصنف نے مزدوروں کی بدحالی کو اجاگر کرنا چاہا لیکن قارئین کو زیادہ صدمہ غیر صحت بخش خوراک کی تیاری پر ہوا۔ اس عوامی ردعمل کے نتیجے میں خوراک اور دواوں کی نگرانی کے قوانین سخت کیے گئے۔ شاید ہی دنیا میں کوئی ایسا ناول ہو جس کے نتیجے میں قانون سازی اتنی تیزی سے ہوئی ہو۔
ایف سکاٹ فٹزجیرالڈ کا اپنا مشہور ناول "دا گریٹ گیٹسبی" 1925 میں شائع ہوا۔ دولت، محبت اور شہرت کی چمک دمک کے پیچھے چھپی تنہائی اور اخلاقی زوال کی تصویر کشی نے اسے "امریکن ڈریم" پر سب سے مؤثر ادبی تبصرہ بنا دیا۔ ابتدا میں یہ کتاب زیادہ کامیاب نہیں ہوئی تھی لیکن اب اعلیٰ امریکی ادب کا لازمی حصہ سمجھی جاتی ہے۔
جان اسٹین بیک کا 1939 میں شائع ہونے والا ناول "دا گریپس آف ریتھ" عظیم کساد بازاری کے پس منظر میں ہے۔ ایک غریب کسان خاندان کی ہجرت کے ذریعے اس ناول نے معاشی ناہمواری، غربت اور مزدوروں کے استحصال کو بے نقاب کیا۔ اسے امریکی سماجی حقیقت نگاری کا شاہکار سمجھا جاتا ہے۔
ہارپر لی کا ناول "ٹو کل اے ماکنگ برڈ" 1960 میں منظر عام پر آیا، جس میں انھوں نے نسل پرستی، انصاف اور اخلاقی جرات جیسے موضوعات کو بچوں کی معصوم نگاہ سے بیان کیا ہے۔ یہ ناول آج بھی امریکا کے ہزاروں اسکولوں میں پڑھایا جاتا ہے اور کئی نسلوں کی اخلاقی تربیت میں اس کا کردار تسلیم کیا جاتا ہے۔
امریکا کی آزادی کے ڈھائی سو سال مکمل ہونے پر یہ کتابیں یاد دلاتی ہیں کہ کسی قوم کی طاقت صرف اس کی فوج، معیشت یا ٹیکنالوجی میں نہیں ہوتی، بلکہ ان خیالات میں بھی ہوتی ہے جو اس کے لکھنے والے پیش کرتے ہیں۔ بعض اوقات ایک کتاب بھی وہ تبدیلی لے آتی ہے جو ہزاروں تقریریں اور سیاسی مہمات نہیں لاسکتیں اور یہی کسی زندہ اور متحرک معاشرے کی اصل پہچان ہے۔

