Thursday, 02 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Asifa Ambreen Qazi/
  4. Urdu Zuban

Urdu Zuban

اردو زبان

اردو زبان کو لوگ نہایت آسان سمجھتے ہیں، عام فہم لوگ سمجھتے ہیں، چونکہ ہم اردو بول رہے ہیں۔ اس لیے بطور مضمون یہ مشکل ہی نہیں، لیکن جب اردو لکھنی پڑے تو چودہ طبق روشن ہو جاتے ہیں۔ جس طرح ہر انگریز، انگریزی میں اچھا نہیں ہوتا، اسی طرح ہر اردو بولنے والا اردو میں اچھا نہیں ہوتا۔ میرے پاس دو بچے آن لائن زوم کلاس میں اردو پڑھتے ہیں۔ ہفتے میں پانچ گھنٹے ان کو پڑھاتی ہوں۔ ایک دوبئی سے اور دوسرا انگلینڈ سے ہے۔

ان کے والدین کو شوق تھا کہ ہمارے بچے اردو پڑھنا اور لکھنا سیکھیں۔ جبکہ دونوں کو اردو بولنا اچھی طرح آتی ہے۔ جس دن پہلی کلاس تھی میں نے ان دونوں سے اردو میں اپنا تعارف کرانے کو کہا، ماشاءاللہ دونوں نے بہترین انداز میں تعارف کرایا۔ جب پڑھانے کی باری آئی تو معلوم ہوا۔ صرف تھوڑی بہت اردو ریڈنگ آتی ہے۔ میں نے کچھ اہداف بنائے کہ ایک ماہ میں ان کو کتنا اور کیسے سکھانا ہے۔ مسئلہ وہی تھی، اردو کے بنیادی قواعد سے نابلد تھے۔

یہی مسئلہ سکول میں ہمارے بچوں کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔ بچوں کو تلفظ کا مسئلہ ہے، جملہ بنانا نہیں آتا، بنیادی گرامر سے واقفیت نہیں، رموز اوقاف کا نہیں پتا، تشریح تو دور کی بات شعر درست انداز میں پڑھنا نہیں آتا۔ اعراب لگانے کا علم نہیں۔ یہی مسئلہ ان دوبچوں کے ساتھ بھی تھا۔ لیکن کلاس کا ماحول بہت خوشگوار ہوتا ہے، میں غیر محسوس طریقے سے ان کو اردو سکھاتی ہوں۔

میں نے ایک مہینے کا ہدف رکھا تھا کہ ان معیاری جملہ بنانا آسکے، پھر یہ کسی موضوع پر مختصر عبارت لکھ سکیں، پھر اس عبارت سے grammatical status الگ کر سکیں۔ یعنی کسی بھی لفظ کو گرامر کی رُو سے کیا کہتے ہیں۔ آج میں نے ان کی ایک تحریری جانچ کی اور کلاس کے دوران دونوں بچوں کے والدین کو ساتھ بٹھایا۔ اور ان سے کہا کہ جملہ آپ بنا کر دیں، یہ بچے اس جملے کے ہر لفظ کے بارے میں آپ کو بتائیں گے۔

خیر ایک والد صاحب نے ذرا طویل جملہ لکھوایا۔ ان کے ہی بیٹے نے ایک منٹ میں جملے کو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے بتا دیا کہ اس میں فلاں لفظ اسم نکرہ ہے، فلاں مہمل، فلاں حرف جار، فلاں فعل اور فلاں اسم ہے۔ بلکہ یہی نہیں اس نے خود بھی چند جملے بنائے اور ان کا grammatical status بتایا۔ دونوں بچوں کے والدین خوش ہونے کے ساتھ حیرت زدہ تھے۔ آنے والے دنوں میں ان کی تخلیقی صلاحیت بھی بہتر سے بہتر ہوتی جائے گی۔

مسئلہ یہ ہے کہ زبان مشکل نہیں ہوتی، زبان کو دلچسپ طریقے سے سکھایا جائے تو وہ بچے بھی سیکھ جاتے ہیں، جن کی مادری زبان عربی اور انگریزی ہے۔ یہاں بچوں کی اردو سے جان جاتی ہے۔ اپنے بچوں کو اردو لکھنا، پڑھنا اور سمجھنا سکھائیے۔ آپ جتنے بھی ماڈرن ہو جائیں یہ بطور لازمی مضمون بارہویں جماعت تک آپ کے بچوں کے نصاب میں شامل ہے۔ اس میں کم نمبر آپ کے بچے کی ڈگری تباہ کر سکتے ہیں۔ آپ اپنے بچوں کو اچھی اردو سکھانے کے لیے اور اپنی اردو بہتر کرنے کے لیے کیا کاوش کر رہے ہیں؟

Check Also

Zahiri Khubsurti

By Saira Kanwal