Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asifa Ambreen Qazi
  4. Khatoon Hone Ka Margin

Khatoon Hone Ka Margin

خاتون ہونے کا مارجن

مجھے یاد ہے بارشوں کے موسم میں موٹر سائیکل یا گاڑی والا لاپروائی سے گزرتا اور چند چھینٹے کپڑوں پہ گر جاتے تھے تو غم و غصے کی کیفیت میں اسے گالیاں بھی پڑ جاتی تھیں۔ ہماری سڑکیں اور گلیاں ہی ایسی ہیں کہ ذرا سی بارش ہو تو کہیں نہ کہیں پانی کھڑا ہوجاتا ہے۔ نکاسی آب کا نظام کہیں بھی اچھا نہیں۔

پچھلے سال برسات کی بات ہے۔ بینک تک جانا تھا راستے میں بارش کا پانی جوہڑوں کی شکل میں جمع تھا۔ گاڑی خود ہی آہستہ چلا رہی تھی کہ کسی راہگیر پر چھینٹے نہ پڑیں۔ لاکھ احتیاط کے باوجود جب اپنی کالونی کا موڑ آیا تو صاف سڑک دیکھ کر اسپیڈ تیز ہوگئی۔ ایک جگہ پانی رکا تھا جس پہ نظر ہی نہ پڑی اور گاڑی گزر گئی۔ اسی جگہ دو آدمی کھڑے تھے اور کسی گفتگو میں مصروف تھے۔

چھپاک کی آواز کے ساتھ پانی کے چھینٹے اڑے، بریک لگائی لیکن بہت دیر ہوچکی تھی۔ وہ دونوں صاحب ہڑبڑا گئے۔ کبھی اپنے جوتے اور چھینٹوں سے بھری شلواریں دیکھتے اور کبھی گاڑی کو۔ بہت شرمندگی ہوئی، خیال آیا کوئی بات نہیں کون سا جان بوجھ کر کیا ہے، پھر خیال آیا، نہیں! یوں نکل جانا بدتہذیبی کے زمرے میں آتا ہے۔ گاڑی روک دی۔ وہ دونوں اسی جگہ کھڑے تھے۔ شیشہ نیچے کرکے معذرت کی اور بتایا کہ احتیاط کے باوجود یہ سب ہوگیا، مجھے امید تھی اب وہی بات سننے کو ملے گی کہ، ہمارے کپڑے تو ناپاک کر دیے، دیکھ کر چلایا کریں، حد ہوتی ہے وغیرہ۔

لیکن ان دونوں اشخاص نے مسکرا کر کہا، کوئی بات نہیں، ہو جاتا ہے۔ میں نے دوبارہ کہا، پھر بھی معذرت چاہوں گی، ان میں سے ایک صاحب جلدی سے بولے، ارے کوئی بات نہیں بیٹے، آپ جائیے، دھل جائیں گے۔ میں نے آہستگی سے گاڑی گھر کی طرف موڑ لی اور سوچ رہی تھی کہ یہ شاید ایک خاتون ہونے کا مارجن ملا ہے کہ اس واقعے کے باوجود انہوں نے اس قدر احترام اور مسکراہٹ سے بات نمٹا دی۔

ہم چاہے ہر فورم پہ مرد کے ظالم ہونے کی بات کریں، بعض حالات میں غلطی پر ہونے کے باوجود مرد حضرات خواتین کو عزت، احترام اور اسپیس دیتے ہیں۔ پتا نہیں ماؤں کی تربیت ہے یا فطرت۔ مجھے جب بھی گھر سے باہر غیر معمولی حالات میں حضرات سے واسطہ پڑا انہوں نے ایک خاتون ہونے کا ہمیشہ مارجن دیا اور خیال رکھا۔ اور یہی چیز معاشرے کو اب تک زندہ رکھے ہوئے ہے۔

Check Also

Tufaili Paude, Yateem Keeray

By Javed Chaudhry