Jhoot Ki Badboo
جھوٹ کی بدبو
حضور اکرم ﷺ کی ذات ہی خوبیوں والی ہے اس لیے آپ کی زندگی کو اسوة حسنہ قرار دیا ہے اور قرآنی اخلاق کا مجسمہ قرار دیا، ان تمام صفات میں سے بعض ایسی صفات بھی ہیں جنہیں اہل ایمان تو کیا آنحضور ﷺ کے جانی دشمن بھی تسلیم کرتے تھے ان میں سے ایک سچائی ہے۔ جب آپ نے قریش کے سامنے دعوتِ اسلام کا آغاز فرمایا تو پوری تاریخ میں کہیں اس بات کا ثبوت نہیں ملے گا کہ آپ کے مخالف، آپ کے دشمن یا کسی اور کافر نے آپ کو جھوٹا کہا ہو حتیٰ کہ ابوجہل بھی آپ کی توحید کی تعلیم کے جواب میں یہ کہتا تھا کہ اے محمد ﷺ میں آپ کو جھوٹا تو نہیں کہوں گا لیکن آپ کو ہمارے دیوتاو ں کی بددعا لگ گئی ہے حتیٰ کہ آپ کے مخالفین آپ کو صادق اور امین کے لقب سے پکارتے تھے۔ اس عملی انداز سے حضور ﷺ نے ہمیں یہ سکھایا کہ اگر ہم دنیا میں اسلام پھیلانا چاہتے ہیں اور یہ ہماری آرزو ہو کہ کفار بھی اسلامی تعلیمات کو سچ اور صحیح مان لیں تو اس کے لیے مجسمہ سچائی بن جانا ہو گا۔ چنانچہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:مومن کی فطرت میں اور ا س کی طبیعت میں ہر خصلت کی گنجائش ہے سوائے جھوٹ اور خیانت کے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:ترجمہ:"کہ جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو فرشتہ اس کے جھوٹ کی بدبو کی وجہ سے ایک میل دور چلا جاتا ہے۔"معلوم ہوا کہ جس طرح اس مادی عالم میں مادی چیزوں کی خوشبو اور بدبو ہوتی ہے اسی طرح اچھے اور برے اعمال اور کلمات میں بھی خوشبو اور بدبو ہوتی ہے جس کو اللہ کے فرشتے اسی طرح محسوس کرتے ہیں جس طرح ہم یہاں کی مادی خوشبو اور بدبو محسوس کرتے ہیں ایسی مخصوص خوشبو اور بدبو کبھی کبھی اللہ کے وہ بندے بھی محسوس کر لیتے ہیں جن کی روحانیت ان کی مادیت پر غالب آجاتی ہے۔
جھوٹ کی بعض قسمیں تو انتہائی سخت گناہ لازم کر دیتی ہیں کتب حدیث میں ہے کہ ایک دن حضور ﷺ صبح کی نماز سے فارغ ہوئے تو ایک دم کھڑے ہو گئے اور فرمایا جھوٹی گواہی کا اتنا ہی گناہ ہے جتنا اللہ کے ساتھ شرک کرنے کا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے ترجمہ: "یعنی بت پرستی کی گندگی سے بچو اور جھوٹی بات کہنے سے بچتے رہو۔"اس آیت میں خدائے عزوجل کے طرزِ کلام سے معلوم ہو رہا ہے کہ بت پرستی اور جھوٹ کہنا دونوں برابر ہیں۔"یعنی تم بچو" اسی طرح جھوٹی قسم کھانا اور دوسرے کو جھوٹی قسم کھا کر مارے، وہ اللہ کے سامنے کوڑھی ہو کر پیش ہو گا۔ یہ تو جھوٹ کی وہ شکلیں تھیں جنہیں ہمارے معاشرہ کے سمجھ دار افراد بھی برا سمجھتے ہیں لیکن یہاں جھوٹ کی ایک ایسی شکل بھی ہے، جسے اہل معاشرہ جھوٹ ہی نہیں سمجھتے بلکہ اسے مختلف نام دے کر اچھا سمجھتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے ان سے بھی بچنے کی تاکید فرمائی چنانچہ عبداللہ بن عامر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک دن حضور ﷺ ہمارے گھر میں تشریف فرما تھے کہ میری والدہ نے مجھے پکارا، جلدی سے آو میں تجھے کچھ دوں گی حضور ﷺ نے فوراً میری والدہ سے پوچھا تم اس بچے کو کیا چیز دینا چاہتی ہو والدہ نے کہا میں اسے ایک کھجور دینا چاہتی ہوں پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:ترجمہ: "یاد رکھنا اگر اس کہنے کے بعد تم بچے کو کوئی چیز نہ دیتیں تو تمہارے نامہءاعمال میں ایک جھوٹ لکھ دیا جاتا۔"اس ارشاد سے آپ نے امت کو ایک اہم سبق سکھایا کہ بچوں کو بہلانے کے لیے بھی جھوٹ نہیں بولنا چاہیے اس کی بڑی اہم حکمت یہ ہے کہ ماں باپ اگر بچوں سے جھوٹ بولیں اگرچہ ان کا مقصد بہلانا ہی ہو پھر بھی بچے اس سے جھوٹ بولنا سیکھیں گے اور وہ بھی یہی سمجھیں گے کہ کبھی کبھار جھوٹ بولنے میں کوئی حرج نہیں اسی طرح سنی سنائی باتیں لوگوں تک بغیر تحقیق کے پھیلانا بھی جھوٹ میں داخل ہے معاشرہ میں افواہیں بھی اس طرح پھیلتی ہیں اور لوگ ذہنی کوفت اور پریشانی میں مبتلا ہو جاتے ہیں اس کا الگ گناہ ہوتا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت مسلم شریف میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:ترجمہ: "یعنی آدمی کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ جو کچھ سنے ا سے بیان کرتا پھرے۔"
روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن وضو فرما رہے تھے صحابہ کرام آپ کے وضو کا پانی لے کر اپنے چہروں اور جسم پر مل لیتے تھے آپ ﷺ نے پوچھا اس بات پر تمہیں کیا چیز آمادہ کرتی ہے اور تمہارے اندر کون سا ایسا جذبہ ہے جس کی وجہ سے یہ کر رہے ہو؟ صحابہ نے عرض کیا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت۔ آپ نے یہ جواب سن کر فرمایا:ترجمہ:یعنی جس شخص کی یہ خوشی ہو اور وہ یہ چاہے کہ ا سے اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے حقیقی محبت ہو اور اللہ اور اس کے رسول بھی ا س سے محبت کریں تو اسے چاہیے کہ وہ بات کرے تو ہمیشہ سچ بولے اور جب کوئی امانت ا س کے سپرد کی جائے تو اسے ادا کر دے اور جس شخص کے ہمسائے میں رہے اس کے ساتھ بہتر سلوک کرے۔ سچ بولنے کی عادت انسان اپنے اندر پیدا کرے تو یہ خوبی آدمی کو زندگی کے دوسرے پہلوو ں میں بھی نیک کردار اور صالح بنا کر دنیا کی زندگی کو پاکیزہ بنانے کے ساتھ ساتھ جنت کا مستحق بنا دیتی ہے اور سب سے بڑا انعام تو وہ ہے جسے عبداللہ بن مسعود روایت فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:ترجمہ: "یعنی جو آدمی ہمیشہ سچ بولتا رہے اور صرف سچائی ہی کو اختیار کرے تو اللہ کے نزدیک وہ سچا لکھا جاتا ہے اور اسے صدیق کا مرتبہ عطا کر دیا جاتا ہے۔"اللہ رب العزت ہمیں جھوٹ بولنے سے بچائے اور پوری زندگی سچ بولنے کی توفیق عطا فرمائے۔