ایران پر حملہ، پاکستان کا کیا قصور؟

ایران سے محبت وعقیدت کی آڑمیں کراچی سے گلگت تک جوگھناؤناکھیل کھیلاگیاوہ نہ صرف افسوسناک بلکہ شرمناک بھی ہے۔ کیالوگ اپنے ملک اوروطن کے ساتھ ایساکام اورسلوک کرتے ہیں۔ ریاست توماں جیسی ہے بھلاماں کوکوئی پتھرمارکرآگ لگاتاہے؟ جن بدبختوں نے کراچی، اسلام آباداور گلگت سمیت ملک کے دیگرشہروں وعلاقوں میں جلاؤگھیراؤکرکے پاک فوج کے جوانوں اوربے گناہ شہریوں کونشانہ بنایاانہوں نے اصل میں ملک نہیں بلکہ اس ماں پرحملہ کیاجس ماں نے انہیں ہرمشکل میں تحفظ اورسایہ دیا۔
ماں کے تولوگ پاؤں چومتے ہیں ان ظالموں نے ماں کوآگ لگادی۔ ماں سے محبت جس طرح ایمان کاحصہ ہے اسی طرح ملک سے محبت یہ بھی ایمان والوں کاشیوہ ہے۔ بے ایمان کیاجانیں کہ ماں اورریاست سے محبت کیاہوتی ہے؟ ہم نے توجب سے ہوش سنبھالاہے تب سے ایک ہی بات اپنے بزرگوں میں دیکھی اوران سے سیکھی ہے کہ ایمان واسلام کے بعدپاکستان سے آگے ومقدم کچھ نہیں۔ برسوں سے اسی پاکستان کاکھاپی کرسانڈبننے والے ان احسان فراموشوں سے توگلی میں پھرنے والے وہ کتے ایک نہیں ہزارولاکھ درجے بہترہیں جوروٹی کے چندٹکڑوں پرکم ازکم گلی اورمحلے کی حفاظت وچوکیداری توکرتے ہیں۔
جہاں انسان کھاتاپیتااوررہتاہو وہاں وہ ایساکام نہیں کرتا، بھلااپنے گھرکوبھی کوئی آگ لگاتاہے۔ یہ کیسے انسان ہیں جنہیں اپنے گھرکی بھی پرواہ نہیں۔ دوسرے ممالک اورشخصیات سے محبت یہ کوئی بری بات نہیں، اکثرلوگ اپنے ممالک کے ساتھ دوسرے ممالک کونہ صرف پسندکرتے ہیں بلکہ ان کے حکمرانوں اوروہاں کی شخصیات سے محبت وعقیدت بھی رکھتے ہیں لیکن دوسرے ممالک، حکمران اوروہاں کی شخصیات سے محبت وعقیدت کایہ مطلب نہیں کہ وہاں باہرسے کوئی چوہا گھسے یاچیونٹی بھی مرے آپ اپنے ملک میں آگ لگاناشروع کردیں۔
ایران پرحملہ پاکستان نے تونہیں کیا، جن ممالک نے کیاآپ وہاں جاکرتوڑپھوڑکریں، آگ لگائیں۔ یہ کیابات ہوئی کہ ایران پرحملہ امریکہ اوراسرائیل کرے اورآپ آگ پاکستان میں لگائیں۔ کیاپاکستان آپ کاملک نہیں؟ اگرنہیں توپھرآپ یہاں کیوں رہ رہے ہیں اوراگرپاکستان کوآپ اپناملک مانتے ہیں توپھرخودسوچیں کیااپنے ملک کے ساتھ لوگ یہ کام کرتے ہیں؟ ملکوں پرحملے تو ہوتے رہتے ہیں۔ دس مئی کوبھارت کی جانب سے پاکستان پربھی حملہ ہواتھاکیااس حملے پرایران میں کسی نے توڑپھوڑکرکے آگ لگائی اورقومی املاک کونقصان پہنچایا؟ پاکستان پرحملے کے خلاف ایران میں توڑپھوڑتودورکوئی احتجاج بھی نہیں ہوا؟
شام، لیبیا، عراق، لبنان اورافغانستان پربھی حملے ہوئے کیاان حملوں کے خلاف کسی ملک میں کوئی توڑپھوڑہوئی؟ جب دوسرے ممالک میں یہ کام نہیں ہوتے توپھریہاں کس کوخوش کرنے کے لئے ایساکیاجارہاہے۔ دنیاکے کسی اورملک میں ایسے ڈرامے توکبھی نہیں ہوئے جوڈرامے ہمارے ہاں ہورہے ہیں۔ حملہ ایران پرہوتاہے اورزورپاکستان سے نکالاجارہاہے یہ توکوئی غیرت اوربہادری نہیں ہوئی۔ امریکہ اوراسرائیلی حملوں پرپاکستان میں چیخیں مارکرگلے خشک کرنے والے یہ فسادی اگراتنے بہادرہیں تویہ امریکی واسرائیلی حملے روکنے کے لئے ایران کیوں نہیں جاتے؟
ایران جاتے ہوئے توان کوموت پڑتی ہے اسی لئے توان دودھ پیتے عاشقوں کوفیلڈمارشل کی بات بری لگی۔ پاک فوج کے سربراہ نے توکوئی نامناسب بات نہیں کی تھی انہوں نے توٹھیک کہاتھاکہ یہاں فضول میں توڑپھوڑکرنے کی بجائے ایسے عاشقوں کوایران جاناچاہیئے۔ محبت وعقیدت کاتقاضابھی یہ ہے کہ پاکستان یاکسی اورملک میں بیٹھ کرچیخیں مارنے کی بجائے ایران جاکروہاں امریکہ اوراسرائیل کامقابلہ کیاجائے۔ کراچی یاگلگت میں آگ لگانے سے توانہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ایک منظم طریقے سے انہوں نے کراچی اورگلگت سمیت ملک کے دیگرعلاقوں میں توڑپھوڑکرکے نہ صرف ملک کے امن کوتباہ کیابلکہ پاک فوج اورسیکیورٹی کے دیگراداروں کے خلاف سوشل میڈیاپربھرپورمہم بھی چلائی لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ ان کالے کرتوتوں سے انہیں کیاحاصل ہوا؟
ہم مانتے ہیں کہ ایران ایک برادراسلامی ملک ہے اوراس پرکوئی حملہ نہیں ہوناچاہئیے۔ ہماری ہمدردیاں، نیک تمنائیں اوردعائیں امریکہ واسرائیل کے مقابلے میں پہلے بھی ایران کے ساتھ تھیں اوراب بھی ایران کے ساتھ ہیں لیکن ہماری حمایت اورہمدردی کاہرگزیہ مطلب نہیں کہ ایران پرحملے کاغصہ پاکستان سے نکالاجائے۔ جن لوگوں نے ایران پرحملوں کی آڑمیں کراچی سے گلگت تک توڑپھوڑکرکے اس ملک کے امن کوتباہ کرنے کی کوشش کی ان لوگوں کاپاکستان کیا؟
ایران کے ساتھ بھی کوئی تعلق نہیں۔ ایران کے حکمران اورعوام مشکل اورکڑے وقت میں مثبت اوراہم کرداراداکرنے پرپاکستان کاشکریہ اداکررہے ہیں اوریہ بدبخت ایران کانام لے کریہاں آگ لگارہے ہیں۔ ایران کے نام پرجن لوگوں نے بھی فسادبرپاکرنے کی کوئی کوشش کی ان سب کونومئی کے مجرموں کی طرح عبرت کانشان بناناچاہئیے۔ جس طرح نومئی کے مجرموں وملزموں کوکیفرکردارتک پہنچایاگیااسی طرح ان فسادیوں کوبھی انجام تک پہنچاناچاہئیے۔
پاک فوج کے جوانوں کوزندہ جلانایہ کوئی عام اورمعمولی بات نہیں، مظاہرین کے لبادے میں ملک وقوم کے جن دشمنوں نے ہمارے جوانوں پرہاتھ اٹھایاان کے ہاتھوں کوجڑوں سے کاٹ کرکسی چوک اورچوراہے میں لٹکاناچاہئیے تاکہ ایسوں کی اولادکیلئے یہ آئندہ کا سبق ہو۔ پاک فوج کے جوان ہی تو اس ملک کے محافظ ہیں، ان جوانوں کی قربانیوں کی برکت سے ہی ہم آج سراٹھاکردنیاکے سامنے جی رہے ہیں۔ غیرت وحمیت سے عاری یہ فسادی غیروں کے اشاروں پرناچ کرآج جس پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈاکررہے ہیں یہ فوج اگرنہ ہوتوآج ہماراحال بھی شام، لبنان، لیبیا، عراق اورایران جیساہو۔
یہ توان جوانوں کی قربانیاں ہی ہیں جن کی وجہ سے جہاں ایک طرف طاقت اورجنگی جنون کے نشے میں مدہوش مودی وموذی جیسے لوگ دنیاسے نظریں چراکرپھررہے ہیں وہیں دوسری طرف اسرائیل جیسے اسلام وپاکستان مخالف ممالک کوبھی پاکستان کانام لینے سے پہلے سوبارسوچناپڑتاہے۔ پاک فوج اورپاکستان یہ لازم وملزوم ہیں، پاکستان ہماری جان ہے توپاک فوج ہماری مان اوریہ ہماراایمان ہے کہ غیروں کے دلال رونے دھونے، چیخنے چلانے، جلاؤگھیراؤاورتوڑپھوڑسمیت چاہے کچھ بھی کرلیں انشاء اللہ پاکستان تاقیامت سلامت رہے گا۔

