Saturday, 30 November 2024
  1.  Home
  2. Nusrat Javed
  3. Kun Faya Koon Walay Peghambaron Ki Tawaqo?

Kun Faya Koon Walay Peghambaron Ki Tawaqo?

کن فیکون والے پیغمبروں کی توقع؟

عمران خان صاحب کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالے تین برس گزرچکے ہیں۔ ابھی تک لیکن وہ یہ حقیقت پوری طرح سمجھ نہیں پائے ہیں کہ ان کے اقتدار کا اصل منبع قومی اسمبلی میں حکومتی بنچوں پر بیٹھے اراکین ہیں۔ ان کی اکثریت اپنے حلقوں میں ڈیرے اور دھڑے کی بنیاد پر معتبر تصور ہوتی ہے۔ اپنے رعب داب کو برقرار رکھنے کے لئے مگر وہ ریاستی سرپرستی کے بھی محتاج ہوتے ہیں۔ اسی باعث سرکار کی جی حضوری کو ہمہ وقت تیار۔

فدویانہ رویہ اختیار کرنے کے باوجود مگر ان کے حلقوں میں موجود لوگ حکومت وقت سے ناراض ہونا شروع ہوجائیں تو ان کے ڈیرے بے آباد ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔ وہ اپنے ووٹروں سے منہ چھپائے اسلام آباد یا لاہور ہی میں ٹکے رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ نئے انتخاب کا وقت قریب آتے ہی ایسے اراکین اپنی سیاسی بقاء کے لئے حکومتِ وقت سے فاصلہ رکھنے کو بھی مجبور ہوجاتے ہیں۔

عمران خان صاحب کو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان رکھنے کی طاقت سے مالا مال حکومتی اراکین گزشتہ کئی مہینوں سے نہایت پریشان ہیں۔ ہماری معیشت کو بحال کرنے کے لئے ان کے سرپر ڈاکٹر حفیظ شیخ بطور وزیر خزانہ مسلط کردئیے گئے تھے۔ وہ ڈیروں اور دھڑوں والے اراکین اسمبلی سے ہاتھ ملانابھی گوارہ نہیں کرتے تھے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ انہوں نے ایک طویل المدت معاہدے پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کے نتیجے میں بے تحاشہ لوگ روزگار سے محروم ہوئے۔

بجلی اور گیس کے نرخوں میں گرانقدر اضافہ ہوا۔ عام آدمی کو اپنی زندگی اجیرن ہوتی محسوس ہوئی۔ حکومت ان کی مشکلا ت سے مگرغافل نظر آئی۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (نون) کی حکومتوں ہی کو عوامی مشکلات کا حقیقی ذمہ دار ٹھہراتی رہی۔ سیاسی مخالفین کے خلاف چور اور لٹیروں کامسلسل ورد عوامی غصے کا لیکن ایک حد تک ہی ازالہ کرسکتا ہے۔ بنیادی ضرورت ایسی پالیسیوں کی ہوتی ہے جو عوام کو امید دلاتی نظر آئیں۔

عمران خان صاحب عوامی مزاج کو کماحقہ سمجھنے کے لئے حکومتی بنچوں پر بیٹھے اراکین اسمبلی سے مسلسل رابطے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کرتے۔ اپنی اہمیت جتلانے کے لئے ان کی جماعت سے وابستہ لوگوں نے لہٰذا خاموشی سے یوسف رضا گیلانی کو ڈاکٹر حفیظ شیخ کے مقابلے میں قومی اسمبلی سے سینٹ کے لئے منتخب کردیا۔ عمران خان صاحب کو مذکورہ انتخاب کے بعد حکومتی اراکین سے مسلسل رابطے کی اہمیت دریافت کرلینا چاہیے تھی۔ وہ اس جانب مگر مائل ہی نہ ہوئے۔

اسی گماں میں مبتلا رہے کہ جب بھی کسی معاملے پر پارلیمان میں حکومتی اراکین کے ووٹ کی ضرورت پڑے گی تو ریاستی قوت انہیں بھیڑوں کے غول کی طرح قومی اسمبلی میں لے آئے گی۔ ریاستی قوت اور رعب داب پر بھی تاہم معیشت پر لاگو ہونے والے قانون تقلیل افادہ کا اطلاق ہوتا ہے۔ بالآخر وہ وقت بھی آجاتا ہے جب حکومتی اراکین بھی "بس بھی بس زیادہ بات نہیں چیف صاحب" پکارنے کو مجبور ہوجاتے ہیں۔

حکومتی رعب کی قلعی تو ویسے بھی حال ہی میں اس وقت مضحکہ خیز انداز میں کھل گئی جب تمام تر بڑھکوں کے باوجود ریاست اور حکومت کو دین کے نام پر مشتعل ہوئے ایک ہجوم کو ٹھنڈا کرنے کے لئے مفتی منیب الرحمن صاحب کی فراست سے رجوع کرنا پڑا۔ ڈیرے اور دھڑے کی بنیاد پر قومی اسمبلی کے ہر رکن کے پاس بھی حامیوں کی ایک کثیر تعداد موجود ہوتی ہے۔ وہ بھی اپنے جتھے کی بنیاد پر حکومت کو اپنی اہمیت یاد دلانے کو مجبور ہوجاتا ہے۔

حکومتی رعب کے ہوا میں تحلیل ہوجانے کے اس موسم میں یہ کامل خوش گمانی تھی کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس ہو اور حکومتی اراکین اس میں شریک ہوکر 30کے قریب ایسے قوانین کو منظور کرنے کے لئے غلاموں کی طرح انگوٹھے لگاتے نظر آئیں جو عوامی مسائل کا کوئی ٹھوس حل فراہم نہیں کرتے۔ آئندہ انتخاب میں الیکٹرانک مشینوں کے ذریعے ووٹ ڈالنے جیسے چونچلے نظرآتے خواب دکھاتے ہیں۔

گزشتہ کئی ہفتوں سے قومی اسمبلی کے اجلاس محض اس وجہ سے مؤخر ہوتے رہے کیونکہ حکومتی بنچوں پر کورم کو یقینی بنانے والے 86اراکین موجود نہیں ہوتے تھے۔ گزرے منگل کے روز قومی اسمبلی میں مختلف سوالات پر دوبار ووٹنگ ہوئی۔ دونوں مرتبہ حکومت اپنی اکثریت ثابت نہ کر پائی۔ اس کے باوجود حکومت مصر رہی کہ جمعرات کو پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلاکر 30کے قریب قوانین کو یکمشت منظور کروالیا جائے۔

بدھ کے روز مجوزہ اجلاس کے لئے اپنے بنچوں پر اکثریت کو یقینی بنانے کے لئے بھاگ دوڑ شروع ہوئی تو حکومت کو پہلا دھچکا اس خبر کی وجہ سے لگا جو وزیر اعظم کی سپریم کورٹ طلبی کی وجہ سے بریکنگ نیوز بنی۔ ذاتی طورپر میں دیانت داری سے سمجھتا ہوں کہ سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان صاحب کو ذاتی طورپر طلب کرنے کا حکم کسی درباری سازش کا ہرگز حصہ نہیں تھا۔ 2014میں وحشیانہ دہشت گردی کی بدولت شہید ہوئے بچوں کے والدین کی تسلی کے لئے سپریم کورٹ ایسا فیصلہ کرنے کو فطری طورپر مجبور ہوئی۔

ہماری سیاسی تاریخ میں وزرائے اعظم کی سپریم کورٹ میں طلبی مگر دیگر کئی وجوہات کی بنا پر کبھی خیر کی خبر ثابت نہیں ہوئی۔ یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف ایسی طلبی کی وجہ ہی سے بالآخر اقتدار سے فارغ ہوئے تھے۔ عمران خان صاحب کے بے تحاشہ حامیوں کو بدھ کے روز وہ بھی اسی راہ کی جانب بڑھتے نظر آئے۔ دریں اثناء فقط اتحادی جماعتیں ہی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کی بابت اپنے تحفظات کا اظہار نہیں کررہی تھیں۔ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے کئی اراکین بھی ناراض تھے۔ ان میں سے کم از کم پانچ ایسے افراد کے نام مجھے بھی معلوم ہیں جنہیں وزیر دفاع پرویز خٹک بدھ کے روز رام کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔ انہیں منانے کی کوششیں مگر ناکام ہوئیں۔ دیگر کئی حکومتی اراکین اسمبلی کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ ہوا ہوگا۔ اسی باعث حکومت بالآخر جمعرات کا اجلاس مؤخر کرنے کو مجبور ہوئی۔

بدھ کے روز سامنے آئی خفت کا ٹھنڈے دل سے جائزہ لیتے ہوئے عمران خان صاحب کو اب حکومتی اراکین اسمبلی سے طویل مشاورت کا عمل شروع کرنا ہوگا۔ ان کی مشاورت کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کوبھی تھوڑی عزت دینا ہوگی۔ جمہوری نظام تخت یا تختہ کا رویہ اختیار کرتے ہوئے چلا یا ہی نہیں جاسکتا۔ سیاست ہمیشہ لچک اور درمیانی راستہ ڈھونڈنے کا تقاضہ کرتی ہے۔ اس عمل میں کن فیکون والے معجزے رونما نہیں ہوتے۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.

Check Also

Aik Nazar Idhar Bhi

By Professor Inam Ul Haq