Saturday, 21 March 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Rizwan Ahmad Qazi
  4. Mazameen e Quran, Chbeesvi Nimaz e Taraweeh

Mazameen e Quran, Chbeesvi Nimaz e Taraweeh

مضامین قرآن، چھبیسویں نمازِ تراویح

انتیسویں پارے سے آج کی نمازِ تراویح شروع ہوگی جس کے کل 22 رکوع اور 11 سورتیں ہیں، 10 مکی اور ایک مدنی ہے۔ پارے کا آغاز سورہ الملک سے ہو رہا ہے جس میں اللہ تعالیٰ کو ہر چیز کا خالق و مالک بتایا گیا ہے، آسمان اور ستاروں سے آرائش قدرت الہیہ کی سب سے بڑی نشانی قرار دی گئی ہے۔ انسان کی زندگی و موت اور جزا و سزا کا بیان ہوا ہے کہ انسان کو چاہیے کہ وہ عبادات میں حسن و معیار کو ہر چیز پر فوقیت دے۔ کفار کو عذابِ جہنم اور ان کے اعترافِ جرم کو بیان کیا گیا۔ پانی کے بارے میں بیان کرتے ہوئے انسان کو متنبہ کیا کہ یہ پانی انسانی بقا کا ضامن ہے اور اگر اسے ہم زمین میں جذب کر دیں تو تمہارے کنوؤیں خشک ہو جائیں گے اور پھر کوئی ہے ہی نہیں کہ اللہ تعالی کے سوا جو پانی کو پیدا کر سکے۔

نبی اکرمﷺ کے اخلاقِ کریمانہ، ان پر الزامِ جنون کا رد اور آقاﷺ کے بے ادب کافروں کو وعیدیں سنا کر آقاﷺ کو تسلی دی کہ بےشک آپﷺ یقیناََ عظیم اخلاق پر ہو۔ اللہ تعالیٰ نے باغ والوں کا واقعہ بیان کیا جس میں سخی انسان اور اس کی بخیل اولاد کا ذکر کرکے بتایا کہ اللہ تعالی کی راہ میں خرچ سے بچنے والوں کے مقدر میں تباہی و ہلاکت ہی ہوتی ہے۔ کافروں کا بتایا کہ جب بڑا سخت دن آئے گا تو کافروں کو سجدے کی طرف بلایا جائے گا مگر وہ اسکی طاقت نہیں رکھیں گے کیونکہ جب انکو دینا میں سجدے کی طرف بلایا جاتا تھا تو وہ انکار کرتے تھے۔

قرآن پاک کی عظمت و شان کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ساری انسانیت کے لیے نصیحت، ہدایت اور رحمت ہے۔ قیامِ قیامت کے بارے میں بتایا کہ وہ ہو کر رہے گی جس دن صور پھونکاجائے گا، زمین اور پہاڑ چورا چورا ہو جائیں گے، آسمان پھٹ جائے گا اور جو لوگ اس کو جھٹلاتے ہیں وہ عنقریب اسے دیکھ لیں گے مگر اس وقت توبہ کے دروازے بند ہو جائیں گے اور وہ بہت ہی ہولناک دن ہوگا۔ کچھ لوگوں کو نامہ اعمال دائیں ہاتھ اور کچھ کو بائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔ کفار و مشرکین کی اصلاح کے لیے گزشتہ قوموں کے مختصر مضامین بیان کئے گئے ہیں۔

قرآن پاک اللہ تعالیٰ کی سچی کتاب ہے اور یہ اللہ کی اپنے معزز رسول و خاتم النبینﷺ سے باتیں ہیں اور یہ کسی شاعر کا کلام نہیں اور نہ ہی کسی کاہن کی بات ہے مگر تم نصیحت نہیں مانتے۔ یہ قرآن نصیحت ہے ان کے لیے جو اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہیں اور ہم سب کو خوب جانتے ہیں اور اے محبوبﷺ تم اپنے عظمت والے رب کے نام کی پاکی بیان کرو۔ کچھ لوگ دنیا میں ہی قیامت کے عذاب کا مطالبہ کر رہے تھے ان کو بتایا گیا کہ تمہارا مال و دولت، خاندان اور عزیز و اقارب دے کر چھٹکارا نہیں پا سکتے۔ مجرموں اور نافرمانوں کو وعید سنائی گئی کہ اگر یہ لوگ اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے تو انہیں تباہ کرکے دوسری قوم کو ان کی جگہ لے آئیں گے۔

سورہ نوح میں حضرت نوحؑ کی قوم اور ان کو دعوتِ توحید کے مضامین پیش کرکے حضرت نوحؑ کو ان کی طویل انتھک محنت پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ دعائے نوحؑ میں قوم کی نافرمانی، مکر اور کفار کے خلاف بدعا کو بیان کیا کہ کس طرح ان پر عذاب آیا اور ان کو غرق کیا گیا۔ اہلِ ایمان کے لیے آپ کی دعا کا ذکر ہے کہ اے میرے رب! مجھے اور میرے ماں باپ کو اور میرے گھر میں حالتِ ایمان میں داخل ہونے والے کو اور سب مسلمان مردوں اور سب مسلمان عورتوں کو بخش دے اور کافروں کی تباہی میں اضافہ فرما۔ انسانوں کے ساتھ قومِ جنات کا ذکر کیا کہ کیسے انھوں نے نبی اکرمﷺکی نماز میں تلاوت سن کر ایمان قبول کیا تو اے کفار و مشرکین تم سے تو جن ہی اچھے رہے۔ جنات کو نیک و بد میں تقسیم کیا گیا اور بتایا کہ توحید کے پرستار جن و انس ہی کامیاب و کامران ہیں اور اس کے منکر ناکام و نامراد ہیں۔ غیب کا جاننے والا کسی کو غیب پر مطلع نہیں کرتا سوائے اپنے پسندیدہ رسولوں کے اور ان کے آگے پیچھے پہرے دار مقرر کر دیتا ہے تاکہ اللہ تعالیٰ دیکھ لے کہ انہوں نے اپنے رب کے پیغامات پہنچا دیے۔

ان سب میں کملی والے آقا خاتم النبینﷺ کی دعوت الی اللہ کے توسط سے یہ پیغام دیا گیا کہ دن بھر کی دعوتِ اسلام میں تاثیر پیدا کرنے کے لئے رات میں شب بیداری اور اپنے رب کے حضور کھڑے ہونے (قیام اللیل) بہت ضروری ہے۔ اس کے ساتھ رسول اللہﷺ کو کفار کی اذیتوں پر صبر کا حکم دیا گیا اور ساتھ ان کی تنبیہ کی گئی کہ راہِ راست پر آجاؤ وگرنہ عذاب الہی کے لئے تیار ہو جاؤ۔ رسول اللہﷺ کی بہت زیادہ عبادت کو دیکھ صحابہ اکرام رضوان اللہ اجمعین کو بھی شوق ہوا اور انہوں نے بھی لمبی لمبی عبادت شروع کر دی جس پر اللہ تعالیٰ نے حکم فرمایا کہ اے مسلمانوں! تم ساری رات قیام نہیں کر سکو گے تو اللہ تعالی نے تم پر اپنی مہربانی کی اب قرآن جتنا آسان ہواتنا پڑھو، نماز قائم رکھو، زکوۃ ادا کرواور اللہ تعالی کو اپنا قرض دو، اللہ تعالی سے بخشش مانگو بے شک اللہ تعالی بہت بخشنے والا بڑا مہربان ہے۔

اللہ تعالیٰ نے نبی اکرمﷺ کو چھ احکامات دیئے اور فرمایا اے چادر اوڑھنے والے تم لوگوں کو ڈر سناؤ، اپنے رب کی بڑائی بیان کرو، اپنے کپڑے پاک رکھو، گندگی سے دور رہو، زیادہ لینے کی خاطر کسی پر احسان نہ کرو اور اپنے رب کے لیے ہی صبر کرتے رہو۔ ولید بن مغیرہ کو ملنے والی نعمتوں اور پھراس کو وعید، ولید بن مغیرہ کا تکبر اور قرآن کے مطابق نظریہ بیان کیا۔ آخرت میں ہر انسان کا انجام اسکے اعمال کے مطابق ہوگا اور وہاں پر رشوت و سفارش نہیں چلے گی۔

سورہ القیامہ میں قیامت کےمناظر، مرنےکے بعد بوسیدہ ہڈیوں اور بکھرے ہوئے اجزاء کو دوبارہ زندہ کرنے کے مضامین لائے گئے ہیں۔ انسان کو اس کی تخلیق کے ابتدائی مراحل پر غور و فکر کرنےکی تاکید کی اور بتایا کہ پہلی تخلیق کے مشکل ترین مراحل اللہ تعالیٰ نے سرانجام دے دئیے تو اب دوبارہ پیدا کرنا کیا مشکل رہ گیا ہے؟ انسان پر ایک زمانہ ایسا آتا ہے کہ اسے کوئی نہیں جانتا اسے میان بیوی کے مخلوط نطفے سے تخلیق دے کر سمیع و بصیر انسان بنا دیا مگر جب اس نے ہوش سنبھالا تو دو طرح کا ہوگیا، ایک شکر گزار اور دوسرا ناشکرا، ناشکروں اور ظالموں کے لیے دردناک عذاب ہے۔ احوال قیامت کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بروزِ قیامت ہر چیز اپنی تاثیر کھو دے گی اور اجزائے ترکیبی چھوڑ دے گی۔ نیکی کرنے والوں کو اچھا بدلا دیا جائے گا اور کافروں کو سخت عذاب دیا جائے گا۔ اس دن جھٹلانے والوں کے لیے خرابی ہے۔

Check Also

Adabi Mafia: Alfaz Ki Mandi Mein Sach Ka Qatal

By Peer Intizar Hussain Musawir