Grand Father Paradox
گرینڈ فادر پراڈوکس

اوینجر اینڈ گیم دیکھی ہے؟ اگر ہاں تو پھر لوکی سیریز ضرور دیکھیں۔
فرض کریں مستقبل میں وقت کا سفر ممکن ہو جاتا ہے اور آپ ماضی میں جا کر اپنے دادا کو اس وقت قتل کر دیتے ہیں جب ابھی ان کی اولاد بھی پیدا نہیں ہوئی تھی۔ اگر آپ کے دادا ہی زندہ نہ رہتے تو آپ کے والد کبھی پیدا نہ ہوتے اور اگر آپ کے والد پیدا نہ ہوتے تو آپ خود بھی کبھی وجود میں نہ آتے۔ لیکن اگر آپ پیدا ہی نہیں ہوئے تو پھر ماضی میں جا کر اپنے دادا کو قتل کس نے کیا؟ یہی بظاہر ناممکن صورت حال گرینڈ فادر پراڈوکس کہلاتی ہے اور یہ وقت کے سفر سے جڑا سب سے مشہور تضاد ہے۔
یہ پراڈوکس ایک بنیادی سوال اٹھاتا ہے۔ کیا انسان ماضی کو تبدیل کر سکتا ہے؟ اگر جواب ہاں میں ہے تو پھر تاریخ میں ایسی تبدیلیاں ممکن ہیں جو خود ان واقعات کو ختم کر دیں جن کی وجہ سے وہ تبدیلیاں وجود میں آئیں۔ اس قسم کے تضاد کو سائنس میں کازل پیراڈوکس یا علت و معلول کے تضاد کی ایک شکل سمجھا جاتا ہے۔
روزمرہ زندگی میں ہم وقت کو ایک سیدھی لکیر کی طرح دیکھتے ہیں۔ پہلے ماضی، پھر حال اور اس کے بعد مستقبل آتا ہے۔ ہر واقعہ اپنے سے پہلے والے واقعے کا نتیجہ ہوتا ہے۔ لیکن اگر ماضی میں واپس جا کر انہی واقعات کو بدل دیا جائے تو یہ پوری زنجیر ٹوٹ جاتی ہے اور علت و معلول کا تعلق بے معنی ہو جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آئن اسٹائن کی عمومی نظریۂ اضافیت بعض مخصوص حالات میں ایسی ریاضیاتی ساختوں کی اجازت دیتی ہے جنہیں کلوزڈ ٹائم لائک کروز کہا جاتا ہے۔ ان راستوں پر سفر کرنے والا جسم نظریاتی طور پر دوبارہ اپنے ہی ماضی میں پہنچ سکتا ہے۔ اگرچہ اب تک ایسا کوئی راستہ عملی طور پر دریافت نہیں ہوا، لیکن ریاضی اس امکان کو مکمل طور پر رد بھی نہیں کرتی۔
اس پراڈوکس کو حل کرنے کے لیے کئی نظریات پیش کیے گئے ہیں۔ ایک مشہور خیال نوویکوف سیلف کنسسٹنسی پرنسپل ہے۔ اس کے مطابق اگر وقت کا سفر ممکن بھی ہو تو آپ ماضی میں جا کر صرف وہی کام کر سکتے ہیں جو پہلے ہی تاریخ کا حصہ ہیں۔ یعنی آپ چاہے جتنی کوشش کریں، آپ اپنے دادا کو قتل نہیں کر سکیں گے، کیونکہ کائنات خود ایسے واقعات کو ہونے نہیں دے گی جو تضاد پیدا کریں۔ اس کے لیے کافی دلچسپ مثالیں دی جاتی ہیں۔
دوسرا نظریہ ملٹی ورس یا متعدد کائناتوں کا ہے۔ اس کے مطابق اگر آپ ماضی میں جا کر کوئی تبدیلی کرتے ہیں تو آپ اپنی اصل تاریخ نہیں بدلتے، بلکہ ایک نئی متوازی کائنات پیدا ہو جاتی ہے۔ اس نئی کائنات میں آپ کے دادا واقعی مر سکتے ہیں، لیکن جس کائنات سے آپ آئے تھے وہ اپنی جگہ برقرار رہتی ہے، اس لیے تضاد پیدا نہیں ہوتا۔ لوکی سیریز میں یہ کنسپٹ بہت اچھے سے سمجھ آتا ہے۔
اب تک وقت کے سفر کا کوئی تجرباتی ثبوت موجود نہیں اور نہ ہی کسی انسان نے ماضی میں سفر کیا ہے۔ اس لیے گرینڈ فادر پراڈوکس ابھی تک ایک نظریاتی سوال ہے۔ تاہم یہ سوال صرف سائنس فکشن تک محدود نہیں، بلکہ طبیعیات، فلسفہ اور کاسمولوجی میں وقت کی اصل فطرت کو سمجھنے کے لیے بھی نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔
شاید وقت ہماری سوچ سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ اگر کبھی ماضی میں سفر ممکن ہوا، تو سب سے بڑا چیلنج مشین بنانا نہیں ہوگا، بلکہ یہ سمجھنا ہوگا کہ کائنات علت، معلول اور تاریخ کے تسلسل کو کس طرح برقرار رکھتی ہے۔

