Friday, 27 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Qasim Asif Jami
  4. Muntashir Khayalat Mutafariq Swalaat Aur Hum

Muntashir Khayalat Mutafariq Swalaat Aur Hum

منتشر خیالات، متفرق سوالات اور ہم

کائنات میں اتنی کہکشائیں کیوں ہیں؟ کہکشاں میں سیارے اور ستارے آپس میں ٹکراتے کیوں نہیں؟ سورج زمین سے اتنا دور کس بناء پر ہے؟ زمین کی حیثیت باقی سیاروں کی بنسبت کیا ہوگی؟ سورج میں کتنی زمینیں سما سکتی ہیں؟ سورج کی روشنی زمین پر اتنی جلدی کیسے پہنچ آتی ہے؟ دن کے وقت ستارے کس سے ڈرتے ہیں؟ کئی بار دن میں بھی چاند سورج سے کیا باتیں کرتا ہے؟

بگ بینگ تھیوری کی کیا حقیقت ہے؟ دوسرے کتنے سیاروں پہ زندگی ممکن ہے؟ زندگی کی ابتداء کس خطے سے ہوئی؟ زمین پر درجہِ حرارت ایک سا کیوں نہیں؟ اگر زمین گردش کرتی ہے تو ہم گرتے کیوں نہیں؟ انسانی پیدائش کے کتنے مراحل ہیں؟ مذاہبِ عالم کی مشترکہ اخلاقی تعلیمات ایک سی ہیں تو پھر آپس میں فساد کیوں؟ وحی کے ہوتے ہوئے فلسفے کی ضرورت کیونکر پیش آئی؟ کیا فلسفہ و سائنس اب حتمی علوم ہیں؟ فلسفے اور حکمت میں کیا فرق ہے؟ ارسطو کی موت کیسے ہوئی؟ افلاطون کا سیاسی نظریہ کتنا قابلِ عمل ہوسکتا ہے؟ سقراط نے زہر کا پیالہ کیوں پیا تھا؟

کیا کانٹ کا نظریہ سماوات ٹھیک تھا؟ جان لاک، مارکس اور ہیگل نے مذہب کو سنجیدہ کیوں نہ لیا؟ کیمیا کے خزانے کھولنے والا بابل کون تھا؟ حکیم لقمان کی نصیحتیں آج کیسے موثر ہوسکتی ہیں؟ اسلام سے پہلے عربوں کے حالات کا ذمہ دار کون تھا؟ نبی آخر الزماں کے سگے چچا نے کلمہ کیوں نہ پڑھا؟ ریاست کے اگر حقوق ہوتے ہیں تو کربلا میں حق پہ کون ٹھہرا؟ سیاسی نظام قائم کرنے سے دین کو کیا فائدہ؟

ہٹلر نے یہودیوں کو قتل کس لیے کیا اور آخری دن شادی رچا کر خود کو گولی مارنے میں کیا تسکین پائی؟ تیمور کے سپاہیوں نے دہلی میں سَروں کے مینار کا کیا کرنا تھا؟ ہیر رانجھا، لیلی مجنوں، سوہنی مہینوال، سسی پنوں، رومیو جولیٹ کی نسلیں آگے کیوں نہ چل سکیں؟ فلسطین اور کشمیر میں امن کب قائم ہوگا؟ موہن جوداڑو اور ہڑپہ کے کھنڈرات کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ خلافتِ عثمانیہ کیوں منہدم ہوئی، مغلیہ حکومت کے زوال میں اپنوں نے کردار ادا کیوں کیا؟ پہلی عالمی جنگ میں معیشت کس بحران سے دو چار ہوئی؟ دوسری جنگ عظیم میں سپاہی کی جیب سے نکلنے والے محبت بھرے خط کے الفاظ کیا تھے؟

دنیا میں جمہوریت مشکل دور سے کب نکلے گی؟ حالاتِ حاضرہ کے تناظر میں ابوالکلام آزاد اور قائد اعظم محمد علی جناح میں سے دور اندیش اور دلائل میں مضبوط کون تھے؟ نینن کی عظمت کے قصے آج تک مشہور کیوں ہیں؟ قائد اعظم کی ایمبولینس کس نے خراب کی؟ آج کا استشراق ماضی سے مختلف کیوں ہے؟ 9/11 کے بعد مغربی مسلمانوں کے لئے مشکلات میں اضافے کی عقلی توجیہات کیا ہوسکتی ہیں؟ روایتی مسلم اسکالرز کی فنونِ لطیفہ (شاعری، موسیقی، اداکاری، فنکشن اور آرٹ) سے دشمنی کب ختم ہوگی؟

انسان وفاداری کی مثال جانوروں سے کیوں دیتے ہیں؟ دوسرے مذاہب کے اولیاء سے کرامتیں کیسے صادر ہوجاتی ہیں؟ تصوف دینِ اسلام سے متوازی نظامِ فکر کب بنا؟ نظامِ تعلیم کی خامیاں کون دور کرے گا؟ آئی فون کا آدھا سیب کس نے کھایا ہے؟ نہاتے وقت فرشتوں سے پردہ کیسے کیا جائے؟ ہوا، پانی، اور آگ میں سے طاقتور کون؟ تالاب میں نیند کیوں نہیں آتی؟ قرآن کے متعلق نظمِ کلام کے تصور کی کیا حقیقت ہے؟ آزادی کے دور میں مولانا مودودی کی "خلافت و ملوکیت" پہ پابندی کیوں؟ فیس بک کے مالک مذہبی جماعتوں کو اظہارِ رائے کا حق کیوں نہیں دیتے؟ مطالعہ پاکستان اور حقیقی پاکستان میں فرق کے ذمہ دار کون ہیں؟

آئینے کو ایجاد کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ کسان صرف اپنی زمین کو ہی ترجیح کیوں دیتے ہیں اور باقی ذمہ داریوں اور تعلقات سے کتراتے نظر آتے ہیں! طلب اور خواہش پہ کیسے قابو پایا جائے؟ اختلاف کے آداب کب عام ہوں گے؟ جگنو اور تتلی آپس میں شادی کیوں نہیں کرلیتے؟ کیا شہد نمکین بھی ہوسکتا ہے؟ سمندر میں کشتیاں کیوں نہیں ڈوبتیں؟ زلزلے کون بھیجتا ہے؟ جب سارے گلیشئرز پگھل جائیں گے تو کیا ہوگا؟ مائیں رحم دلی کہاں سے لاتی ہیں؟ پتھر اتنا برداشت کیسے کرلیتے ہیں؟ صبر کرنا اگر اتنا آسان ہوتا تو ہر انسان خود ہی کرلیتا دوسروں کی تسلیوں کی کیا ضرورت رہتی! کیوں تنہائی جان لیوا ہوتی ہے؟

کوئی بھی خواہش آخری کیوں نہیں ہوتی؟ طلبہ سپلی سے پریشان ہو کر ہمت کیوں ہارتے ہیں؟ نظر کی انتہاء کیا ہے؟ نجانے کامن سینس بھی کامن کس لیے نہیں ہوتی! ابنِ تیمیہ اور امام غزالی اگر دوست ہوتے تو کیا تھا؟ عبد الوہاب نجدی اور امام احمد رضا خان بریلوی اکٹھے کرکٹ کھیلتے تو کیا منظر ہوتا؟ اجمیر کا صوفی دولہا اور مکے کی سلفی دلہن کیسی خوشگوار زندگی گزارتے؟ جامعہ اشرفیہ والے اگر جامعہ نظامیہ کے فاضل کو مدرس بنا لیں تو کیا نتائج ہوں؟ سنی شیعہ اگر اکٹھے بزنس کریں تو کیا ثمرات نکلیں؟ یہ خبر کب پڑھنے کو ملے گی کہ مولانا فضل الرحمان، مفتی تقی عثمانی اور طارق جمیل نے داتا دربار حاضری دی، مزار پہ چادر چڑھائی اور ملک و ملت کے لئے دعا کی گئی؟ کیا مفتی منیب الرحمان صاحب جامعہ بنوریہ میں ختم بخاری کے درس کے لئے بلائے جاسکتے ہیں؟

افغان طالبان اگر کینیڈا منتقل ہو جائیں تو ایمان کیسے بچائیں؟ خمینی اور صدام حسین کی صلح کی مٹھائی کون بانٹتا؟ شی جن پنگ، ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی پر اتمامِ حجت کب اور کیسے ہوگا؟ عمران خان اگر مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلے اور مریم نواز تحریک انصاف کی صدر منتخب ہوجائیں تو حیرانی کی کیا بات ہے؟ پاکستان اور انڈیا کے بارڈرز اگر کُھل جائیں اور اسی بہانے میں تاج محل دیکھ سکوں! وائٹ ہاؤس اگر بلوچستان آجائے تو شاید گم شدہ افراد کا مسئلہ حل ہوسکے! اگر انسان فطری طور پر امن پسند ہے تو ایٹم بم کی کیا ضرورت تھی؟ عورت ایسا ظرف کہاں سے لائے کہ اسکے خاوند کو یہ آزادی حاصل ہو کہ کوئی اور بھی اسے اچھا لگ سکتا ہے؟

پیزے اور بیسن والی روٹی میں کیا شے مشترک ہے؟ پرندے رستے کیوں نہیں بھولتے؟ عمیرہ احمد اور نمرہ احمد میں سے اچھی ناولسٹ کون ہیں؟ جولائی کی دھوپ میں مونگ پھلی کیوں نہیں کھائی جاتی؟ خوابوں اور خیالوں کا آپس میں کیا رشتہ ہے؟ بھنے چنے بیچنے والا فارچونر کے خواب کیوں دیکھتا ہے؟ الادین کے چراغ سے جن کیسے نکلتا تھا؟ پریاں چاند پہ ہی کیوں رہتی ہیں؟ ٹوٹے ہوئے پتوں کو کیسے یقین آئے کہ ہوا اب معذرت خواہ ہے! کہیں جون ایلیاء کا نسب عرب شاعر حریری سے تو نہیں ملتا؟ نور جہان اور ارجیت سنگھ میں سے زیادہ سریلا کون ہے؟ سہیل وڑائچ اور عرفان صدیقی میں سے کس کی بات کو مانا جائے؟

المورد، قرآن اکیڈمی اور منہاج القرآن اتنے قریب قریب ہوکے بھی دور کیوں ہیں؟ جماعتِ اسلامی کا منصورہ، لبیک والوں کا یتیم خانہ اور القادسیہ والوں کا چوبرجی، ایک روڈ (ملتان روڈ، لاہور) اور ایک مشن (غلبہ اسلام) ہونے کے باوجود الگ الگ کیوں؟ کیلنڈر اور گھڑیاں واپس کیوں نہیں مُڑتے؟ جذبات اور آنسوؤں کو کیسے سمیٹا جائے؟ عقل اور عشق میں سے کس کی بات مانی جائے؟ دل اور دماغ کی بنتی کیوں نہیں؟ مجھے اب پالک مزیدار کیوں نہیں لگتی؟ الغرض زندگی کا حاصل کیا ہے؟

مجھے ان باتوں اور سوالوں سے کیا واسطہ؟ میں آج اتنے دنوں سے اُس سے بات نہیں کرسکا، اسے ٹھیک سے دیکھ نہیں سکا، انتظار کرنا ہے کہ بھول جانا ہے یہ بھی نہیں معلوم۔۔ اور لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کیسے ہو؟ آج کل کہاں ہوتے ہو؟ نظر کیوں نہیں آتے؟

پس کیا کہا جائے اور کیا کِیا جائے۔۔!

Check Also

Bhai Sharam Se Mar Gaya

By Muhammad Yousaf