Friday, 01 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Wasif Akram
  4. Zindagi Itni Mushkil Ho Gayi Meri

Zindagi Itni Mushkil Ho Gayi Meri

زندگی اتنی مشکل ہوگئی میری

شام کو جب میں اپنی دکان سے واپس گھر جا رہا تو میں راستے میں سڑک کنارے ایک اڈھیڑ عمر آدمی کو روتے ہوئے دیکھا، میں نے اس کے قریب اپنی بائیک روکی اور اس بندہ خدا سے یوں سرعام رونے کی وجہ دریافت کی۔ پہلے تو اس نے مجھے دیکھ کر ٹالنے کی کوشش کی تاہم میرے اصرار پر وہ اور شدت سے رو پڑا۔

جب کچھ دیر بعد اس کا جی ہلکا ہوا تو کہنے لگا کہ وہ ایک فیکٹری میں کام کرتا ہے 25000 روپیہ تنخواہ ہے، گزشتہ ماہ میری بیوی بیمار ہوگئی تھی جس کے علاج کے لیے سیٹھ سے 5000 روپیہ ایڈانس لینے پڑے جو سیٹھ نے کاٹ لیے اب مجھے 20000 ملے ہیں۔ مجھے دس ہزار راشن والے کو دینا ہیں گیس کا بل 900 روپیہ آیا ہے جبکہ بجلی کا بل 25000 ہے میری سمجھ میں نہیں آ رہا کہ میں کیسے گھر چلاوں اسی کی وجہ سے گھر جانے کو دل نہیں کر رہا۔ میں خودکشی کا سوچ رہا تھا مگر پھر مجھے میری بیٹی کا خیال آگیا اور میں رو پڑا۔ یہاں بیٹھ کر اپنے رب سے فریاد کر رہا ہوں۔

مجھے خیال آیا کہ کچھ حکومتی عناصر کہتے ہیں کہ کچھ عناصر جان بوجھ کر مایوسی پھیلا رہے ہیں لیکن میں نے آج سے پہلے پاکستانی محبت کش مردوں کے چہروں پر ایسی بے بسی اور پژمردگی کبھی نہیں دیکھی۔ ایسی اکتاہٹ، افسردگی، تفکرات اور بے چارگی ہے کہ فکریں چہروں سے اُمڈ رہی ہیں۔ کوئی ایک بندہ ہاتھ میں مائیک پکڑے پوچھتا ہے، مہنگائی ہوگئی ہے آپ کے حالات کیسے ہیں؟ جواباً منہ سے ٹوٹے پھوٹے چند فقرے نکلتے ہیں، ضبط کا دامن ہاتھ سے چھوٹتا ہے اور آنکھوں سے آنسوؤں کی لڑیاں رواں ہو جاتی ہیں۔ ایسی کوئی ایک ویڈیو نہیں ہے، سینکڑوں ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھنے کو مل رہی ہیں۔

ایک ویڈیو میں تو ایک موٹر سائیکل سوار انتہائی متانت والا ہے، کسی طرح بھی نہیں لگ رہا تھا کہ غریب ہے یا اس کے حالات مشکل ہوں گے۔ ایک مائیک والا بس ایک فقرہ کہتا ہے کہ پیٹرول مزید مہنگا ہوگیا ہے۔

وہ شخص کچھ توقف کے بعد بڑے حوصلے سے جواب دیتا ہے، "یہ بھی سہہ لیں گے" یہ فقرہ ابھی مکمل نہیں ہوتا لیکن آنسو ٹوٹی ہوئی تسبیح کے دانوں کے طرح آنکھ سے گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔ وہ آنکھوں پر ہاتھ رکھتا ہے تا کہ آنسوؤں کا سیلاب بند نہ توڑ پائے لیکن جنموں کے مارے آنسو کہاں رکتے ہیں، غیرت ایسی ہے کہ فوراً اپنے سر پر ہیلمٹ پہن لیتا ہے تاکہ اُسے روتا ہوا کوئی نہ دیکھ لے۔

یہ کیسی بے بسی ہے؟ آپ چیخنا چاہتے ہیں، آپ چلانا چاہتے ہیں، آپ حکومت کو کوسنا چاہتے ہیں، آپ حاکم اور منصف کا گریبان پکڑنا چاہتے ہیں لیکن آپ اپنا غصہ، اپنا غم اندر ہی اندر پیتے جا رہے ہیں، اپنی ہی موٹر سائیکلیں توڑتے جا رہے ہیں اور یہ گُھن آپ کو اندر ہی اندر کھاتا جا رہا ہے۔ ریاستی جبر کے سامنے آپ خاموش ہیں، کوئی سننے والا نہیں اور احتجاج کرنے والے جیلوں میں پھینک دیے جاتے ہیں۔

پاکستان ایک روایتی معاشرہ ہے، جہاں خاندان کا سارے کا سارا معاشی بوجھ زیادہ تر ایک مرد پر ڈال دیا جاتا ہے، جہاں اسکول چھوڑتے ہی فکر معاش شروع ہوتی ہے اور پھر زندگی بھر یہ تگ و دو ختم ہونے کا نام نہیں لیتی۔ بیٹی یا بہن کے جہیز سے شروع ہونے والی یہ جمع تفریق موت کی آخری ہچکیوں تک جاری رہتی ہے۔

اس مہنگائی اور اس بیروزگاری میں ایک غریب مرد اتنا بے بس ہوگیا ہے کہ اس سے کوئی چھوٹا سا سوال کرتا ہے تو وہ نہ چاہتے ہوئے بھی رونا شروع کر دیتا ہے۔ اسے سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ بیوی کو کیسے بتائے کہ چیزیں اور اخراجات اس کے بس سے باہر ہوتے جا رہے ہیں، وہ بوڑھے ماں باپ اور چھوٹے بہن بھائیوں کو کیسے سمجھائے کہ وہ سب کا بوجھ تنہا نہیں اٹھا سکتا، وہ اپنے بچوں کو کیسے بتائے کہ میں تمہارے لیے نئے کپڑے، نئے جوتے لینے کی سکت نہیں رکھتا۔

مہنگائی، بیروزگاری یا کم تنخواہوں کی وجہ سے یہ وہ لمحہ ہوتا ہے، جب ایک باپ، بڑا بھائی یا بڑا بیٹا باقی مردوں کی نسبت خود کو ناکام تصور کرنا شروع کر دیتا ہے۔

جب وہ آگے پیچھے گاڑیوں کی ریل پیل دیکھتا ہے، امراء کے بڑے بڑے شاپنگ بیگز دیکھتا ہے تو خود کو ناکارہ تصور کرنا شروع کر دیتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے، جب مرد اپنا موازنہ باقی لوگوں سے کرتا ہے اور خود اپنے جسم سے نفرت کا آغاز ہو جاتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب ایک مرد اپنا دکھ نہ اپنی ماں، نہ باپ، نہ بیوی اور نہ ہی اپنے بچوں سے شیئر کر پاتا ہے۔ ایسے لمحات میں فقط خودکُشیاں باقی بچتی ہیں، لڑائی جھگڑے سروں پر کھڑے رہتے ہیں، تنہائی میں اپنا ہاتھ اور اپنا ہی گریبان ہوتا ہے یا پھر سڑک پر کوئی آپ سے سوال پوچھتا ہے اور آپ جواب دینےکی بجائے آسمان کو تکتے ہیں اور آنسو رکنے کا نام نہیں لیتے۔

یقین کیجیے پاکستان کی اشرافیہ آج بھی اپنے لانز میں پانچ پانچ ٹن کے اے سی لگا کر بیٹھی ہوئی ہے، انہیں بس آپ پر حکمرانی کرنے سے سروکار ہے۔ ان کی طرف سے بس یہی بیان آنا ہے کہ احتجاج میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ عوام اپنے پسینے میں اتنا ڈوب چکے ہیں کہ ان کا سانس لینا محال ہو چکا ہے۔ پاکستان جیسے قدامت پسند معاشرے میں یہ قول مشہور ہے کہ مرد روتا نہیں ہے لیکن اس ملک کی فوج، سیاستدانوں، جاگیرداروں، سرمایہ کاروں اور اشرافیہ نے مل کر اتنا ظلم کیا ہے کہ اب یہ مرد رو پڑا ہے۔ اس مرد کو حوصلہ دیجیے، اس کا درد بھی سمجھیے، اس کو گلے سے لگائے، ایک دوسرے کے آنسو اپنے دامن میں سمیٹ لیں۔ ایسے مشکل حالات میں گھروں کی کفالت کرنے والے مردوں اور خواتین کی صورت حال کو سمجھیں۔ آپ کے اردگرد ایسی لاکھوں آنکھیں ہوں گی، جو رونا چاہتی ہیں لیکن بزدل نہ بنو اور "مرد روتا نہیں ہے" جیسے فقرے ان کے سامنے اژدھے بن کر کھڑے ہیں۔

ایسے طعنے سننے والے مردوں کی پتھرائی ہوئی آنکھوں کو حوصلہ درکار ہے۔ گھر کی خواتین، رشتہ داروں اور دوستوں کی طرف سے ایک تھپکی اور "بے فکر ہو جاؤ، سب ٹھیک ہو جائے گا، ہم تمہارے ساتھ ہیں" ایسا کوئی چھوٹا سا ایک فقرہ درکارہے ہر مرد کو۔

Check Also

Waldain Ki Muhabbat Mein Farq

By Azhar Hussain Bhatti