Monday, 29 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Muhammad Sajjad Aheer/
  4. Pakistan Ka Kya Faida Hoga (1)?

Pakistan Ka Kya Faida Hoga (1)?

پاکستان کا کیا فائدہ ہوگا (1)؟

اپنے حالیہ بیان میں خان صاحب نے فرمایا ہے کہ مجھے مائنس کرکے پاکستان کا کیا فائدہ ہوگا؟ کوئی مجھے بتا دے؟ خان صاحب طالب علم آپ کو بتاتا ہے کہ اگر آپ سیاست میں نہ ہوتے تو پاکستان کا کیا فائدہ ہوتا اور پاکستان کس کس نقصان سے بچ جاتا؟ خان صاحب اگر آپ نہ ہوتے تو 2011 میں جمہوریت کے خلاف تحریک انصاف کے مردہ گھوڑے میں جان ڈال کر کنگز پارٹی وجود میں نہ آئی ہوتی اور اسٹیبلشمنٹ کو جمہوریت کے خلاف شب خون مارنے کے لیے آپ کا کندھا میسر نہ آیا ہوتا۔

اگر آپ نہ ہوتے تو سی پیک اور پاکستان کی ترقی کے خلاف 2014 کا 126 دن کا دھرنا نہ ہؤا ہوتا۔ خان صاحب اگر آپ نہ ہوتے تو 2014 میں پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کو پاکستان میں انتشار کے لیے ایک پاکستانی چہرہ میسر نہ آیا ہوتا۔

خان جی اگر آپ نہ ہوتے تو 2018 میں پاکستان میں جمہوریت کی بساط نہ لپیٹی جاتی؟ اگر آپ نہ ہوتے تو 2018 کا الیکشن چوری نہ ہؤا ہوتا۔ اگر آپ نہ ہوتے تو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ وزیراعظم ہاؤس اور گورنر ہاؤسز کو یونیورسٹیز میں تبدیل کرنے کا دلکش وعدہ کون کرتا؟ 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے لارے کون لگاتا؟ پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کے سبز باغ کون دکھاتا؟ ریاست مدینہ اور سادگی کے دعوؤں کے باوجود وزیراعظم ہاؤس کا خرچہ ہر سال لگ بھگ ایک ارب روپے کون کرتا؟

خان جی اگر آپ نہ ہوتے تو تمام طرح کی سیاسی، صحافتی اور عدالتی آلائشوں کو اپنے ساتھ کون ملاتا؟ اگر آپ نہ ہوتے تو کون ہمیشہ نیوٹرل امپائر کی جدوجہد کا راگ الاپ کر امپائر کو اپنے ساتھ ملا کے کھیلتا؟ اگر آپ نہ ہوتے تو دنیا کو کیسے پتا چلتا کہ امپائر کے ساتھ ہوتے ہوئے، ایک پیج کے ہوتے ہوئے کیسے چار سال تک کچھ بھی ڈیلیور نہیں ہو سکتا؟ کون بتاتا کہ رائٹ بتا کر کیسے لیفٹ نکلنا ہے؟ کون بتاتا کہ کرپشن کے خلاف بلند بانگ دعوؤں کے باوجود، 28 ہزار ارب روپے سے زائد کی کرپشن کیسے کرنی ہے؟

خان صاحب اگر آپ نہ ہوتے تو یہ کون بتاتا کہ کس طرح صرف چار سال میں دو کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیلا جا سکتا ہے؟ کیسے پاکستان کی اوسط فی کس سالانہ آمدن 1800 ڈالر سے کم کرکے 1100 ڈالر سالانہ تک لائی جا سکتی ہے؟ کیسے 66 ارب ڈالر کا پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ٹھپ کرکے پاکستان کی معیشت کو صرف ایک ہی جھٹکے میں 66 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا جا سکتا ہے؟ اگر آپ نہ ہوتے تو سی پیک کے معاہدے کی ساری تفصیلات، عالمی مالیاتی ادارے تک کون پہنچاتا؟

آپ کے علاؤہ یہ مہارت کس کے پاس تھی کہ ساڑھے اکیس ہزار ارب روپے قرضہ لینے کے باوجود عوامی فلاح کا ایک بھی منصوبہ شروع نہ ہو سکے؟ اگر آپ نہ ہوتے تو پاکستان کرپشن میں مزید 23 درجے ترقی نہ کر سکتا اور اور 117 سے 140 نمبر تک کیسے پہنچتا؟ اگر آپ نہ ہوتے تو کیسے پاکستانی کا جمہوری نظام، نامکمل آمریت اور ہائبرڈ نظام میں تبدیل ہوتا؟ اور کیسے پاکستان جمہوری نظام والے ملکوں میں 105 ویں نمبر پر پہنچتا؟ کیسے فریجائل اسٹیٹ انڈکس، پاکستان کو فیلڈ اسٹیٹ کے قریب ترین شمار کرتی؟

خان صاحب اگر آپ نہ ہوتے تو قومی ترقی کی شرح 6 فی صد سے کم ہو کر منفی صفر اشاریہ چار فی صد تک کیسے گرتی؟ کس طرح مزید ستر لاکھ لوگ بے روزگار ہوتے؟ اگر آپ نہ ہوتے تو پھر سانحہء کشمیر کیسے رونما ہوتا اور کیسے ہندوستان کشمیر پر اپنا تسلط جماتا؟ اگر آپ نہ ہوتے تو پاکستان مکمل عالمی تنہائی کا شکار کیسے ہوتا؟

اگر آپ نہ ہوتے تو کیسے مہنگائی کی شرح میں ہوشربا 22 فی صد اضافہ ہوتا؟ ڈالر سو روپے سے تین سو روپے تک کیسے پہنچتا؟ آٹا بتیس روپے سے ایک سو چالیس اور پٹرول سو روپے سے تین سو روپے لٹر تک کیسے پہنچتا؟ کیسے 22 کروڑ عوام کے وسائل کو چار سال تک صرف اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے میں جھونکا جاتا؟ کیسے بجلی، ادویات، پٹرولیم اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوتا اور بار بار ہوتا؟ کیسے کرونا امداد فنڈ کے تین سو پچاس ارب بدعنوانی کی نظر ہوتے؟

اگر آپ نہ ہوتے تو دنیا کیسے جانتی کہ؟ کیسے اداروں کو مضبوط کرنے کا نعرہ لگا کر چار سال تک قومی اداروں کو صرف اور صرف اپنے ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنا ہے؟ کیسے شوکت خانم جیسے قومی ادارے کو ملنے والے عطیات کو پاکستان تحریک انصاف کے لیے استعمال کرنا ہے؟ کیسے فارن فنڈنگ وصول کرکے اسے پاکستان میں ریاست کے مفادات کے خلاف انویسٹمنٹ کرنی ہے؟ اگر آپ نہ ہوتے تو بلین ٹری سونامی کے منصوبے میں اربوں کی کرپشن کیسے ممکن ہوتی؟ اور اس کے پیچھے پوشیدہ کار فرما دست کرشمہ ساز کو سرکاری تحفظ کون دیتا؟

اگر آپ نہ ہوتے تو کیسے ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی چینی، آٹا اور گندم کی کرپشن ہوتی؟ کیسے ایل این جی گیس کی مہنگی درآمد اور ایل این جی ٹرمینلز کی تعمیر میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جاتا؟ کون آئی ایم ایف کے سامنے ایک ارب ڈالر کے لیے ناک سے لکیریں کھینچتا؟ آپ نہ ہوتے تو کون عالمی مالیاتی ادارے کے اشاروں پر بجلی، گیس، پیٹرول، چینی، آٹا، ادویات کی قیمتوں کو بار بار بڑھاتا اور غریب عوام پر عرصہء حیات تنگ کرکے ان کی بد دعائیں کماتا؟

خان صاحب اگر آپ نہ ہوتے تو کیسے آپ کی جماعت راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل میں اربوں روپے کی دہاڑی لگا سکتی تھی؟ کیسے مالم جبہ اور پشاور بی آر ٹی کے منصوبوں میں ڈیڑھ سو ارب روپے کی کرپشن ہوتی؟ کیسے سات ارب ڈالر کا ایم۔ ایل ون منصوبہ فائل میں دم توڑتا؟ مجھے احساس ہے کہ موضوع طویل ہو رہا ہے، لیکن خان صاحب آپ کی سیاست میں شاندار کارکردگی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ اس کو بیان کرنے میں قطعی بخل نہ برتا جائے۔

Check Also

Manzil Yehi Kathin Hai

By Zafar Iqbal Wattoo