Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Nasir Saddeqi
  4. 2021 Mein Naye Pakistan Ki Tameer

2021 Mein Naye Pakistan Ki Tameer

2021 میں نئے پاکستان کی تعمیر

2021 ہی وہ سال رہا جب پاکستان نے ستر سالوں بعد انگریزوں سے حقیقی معنوں میں آزادی حاصل کی۔ پہلی دفعہ پاکستان کے حکمران نے سپر پاور کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ایبسولیوٹی ناٹ کا نعرہ لگایا جس نے جیو پالیٹکس کی بنیادی ہلا دیں۔ اس نعرے کی گونج مغرب میں اگلی کئی دہائیوں تک سنی جاتی رہے گی اور کئی زخم رستے رہیں گے لیکن 2021 میں دنیا کے ویژنری لیڈری نے اپنے ملک کو مغرب کی غلامی سے آزادی دلائی۔ یوں سات دہائیوں کا ڈو مور کا سفر 2021 میں ایبسولیوٹی ناٹ پہ اختتام پذیر ہوا۔

2021 ہی وہ سال رہا جب پاکستان کی ویژنری قیادت نے قرضوں اور خساروں کے بوجھ تلے دبے ایک ملک میں ایشیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہیلتھ سکیم لانچ کر دی۔ کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کے باجود 2021 میں انصاف صحت کارڈ کے تحت ہر شہری کو دس لاکھ کی ہیلتھ انشورنس لانچ کرنے والا پاکستان پہلا ملک ہے ورنہ اس سال تو بڑی بڑی معیشتیں فلاحی سکیمیں لانے میں ہچکچاتی رہیں۔ ہر ملک کا فوکس اربوں ڈالر کی ویکسینیشن اور معاشی نقصان کو کنٹرول کرنا تھا لیکن پاکستان جیسا ملک ویکینیشن کے ساتھ ساتھ سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کے تحت میڈ ان پاکستان مہم اور کنسٹرکشن انڈسٹری شروع کر کے معیشت بچا گیا اور تاریخ ساز سکیم بھی لانچ کر دی۔

2021 ہی وہ سال رہا جب پاکستان کی قیادت میں 57 اسلامی ممالک اسلام آباد میں اکٹھے ہوئے۔ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کے ویژنری لیڈر نے چالیس سال بعد پوری امت کو اسلام کے قلعے میں جمع کر دیا۔ سفارتی تاریخ میں یہ پاکستان کی عظیم ترین کامیابی مانی جائے گی کیونکہ صرف پانچ سال قبل پاکستان اس حد تک پہنچ گیا تھا کہ پاکستان میں منعقد ہونے والی سارک کانفرنس ہی اس لیے ملتوی ہو چکی تھی کہ خطے کے چھوٹے چھوٹے ممالک نے بھارتی دباؤ پہ پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا اور پاکستان کو دنیا میں اکیلا کرنے کی مہم چلائی گئی تھی۔

2021 ہی وہ سال رہا جس میں پوری دنیا کی معیشتیں ڈول گئیں تاہم پاکستان نے ان حالات کا اس قدر جوان مردی سے مقابلہ کیا کہ پاکستان نے اپنی تاریخ کی سب سے بلند ترین سطح کی برآمدات کا ریکارڈ بنایا۔ پاکستان نے اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر اکٹھی کیں۔ اسی سال پاکستان نے اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ ملک زرمبادلہ کے ذخائر کا ریکارڈ بنایا۔ نومبر 2021 میں پاکستانی برآمدات کی سپیڈ اس قدر بڑھی کہ اس ماہ اس نے خطے کی بڑی طاقتوں کو بھی حیران کر دیا اور جنوبی ایشیا میں پاکستان کا ایکسپورٹ گروتھ ریٹ سب سے زیادہ رہا

2021 ہی وہ سال رہا جب سات دہائیوں کے فرسودہ نظام کو سائیڈ لائن کرتے ہوئے پارلیمنٹ نے الکٹرانک ووٹنگ کا بل پاس کیا۔ اس سے بھی بڑھ کر خوش آئند بات یہ ہوئی کہ بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو پہلی دفعہ ووٹ کا حق بھی مل گیا۔ حکمران جماعت اس لحاظ سے خراج تحسین کی مستحق ہے جس نے ان لوگوں کو بھی پاکستانی سمجھا اور پہلی دفعہ ان سے صرف ڈالر پکڑنے کے بجائے ووٹ کا حق بھی دیا۔

2021 ہی وہ سال رہا جب نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پہ کام کا آغاز ہوا۔ یہ وہ تاریخی منصوبہ ہے جو بیک وقت پاکستان کے بڑے شہروں میں شروع ہو چکا ہے جس کے تحت حکومت گھر تعمیر کر کے آسان اقساط پہ قوم کو دے رہی ہے۔ پہلی دفعہ ہر کوئی اپنے گھر کا خواب پورا ہونے کے بارے میں پرامید ہے۔

2021 ہی وہ سال رہا جب ملک کے معاشی ہب گوادر میں ایسے منصوبوں کا آغاز کیا گیا جو ملک کی تقدیر بدل دیں۔ اسی سال گوادر فری زون فیز 2 اور گوادر ایکسپو، گوادر فرٹیلائزرز پلانٹ، گوادر اینیمل ویکسین پلانٹ، ہینگمی لبریکینٹ پلانٹ، ء یومیہ 1.2 گیلن پانی کا حامل پلانٹ، سولرائزیشن اور حنان ایگریکلچر انڈسٹریل پارک کا آغاز ہوا۔

2021 ہی وہ سال رہا جب پاکستان بننے کے بعد ریلوے کا سب سے بڑا پروجیکٹ ایم ایل ون پہ کام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس سال کے دوران دس بڑے ڈیمز پہ تیزی رفتاری سے کام جاری رہا۔ مختلف شہروں میں اسپیشل اکنامک زونز پہ کام جاری رہا۔ سی پیک کے تمام منصوبوں پہ اس سال بغیر کسی وقفے کے کام جاری رہا۔ سڑکوں کا جال بچھایا جاتا رہا اور میڈ ان پاکستان، ڈیجیٹل پاکستان مہم پوری کامیابی سے جاری رہی۔ مستقبل میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں 2021 کا کردار قابل تحسین رہے گا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سال 2022 بھی پاکستان کےلیء ڈھیروں کامیابیاں لائے۔

Check Also

Madina Sharif Kahan Waqe Hai?

By Irfan Siddiqui