Masla Ye Hai Ke
مسئلہ یہ ہے کہ
سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ کوئی نہیں جانتا کہ مسئلہ کیا ہے ہر کسی کا ذاتی مسئلہ تو ایک مسئلہ ہے مگر کسی اور کا مسئلہ ایک ناٹک شاید یہی وجہ ہے کہ عوام کے کسی مسئلے کو آج تک مسئلہ سمجھا ہی نہیں گیا ملک اس وقت کورونا کی تیسری لہر کی زد میں ہے جو پہلے سے کہیں زیادہ خطرناک اور مہلک ہے یقیناً گزشتہ سال انہی دنوں پاکستان میں شروع ہونے والی کورونا کی پہلی لہر کی وجہ سے جنم لینے والے خوف اور غیر یقینی صورتحال نے پورا نظام زندگی معطل کر دیا خاص طور پر تجارتی سرگرمیوں کے تعطل نے عام لوگوں، سفید پوش اور دیہاڑی دار محنت کش لوگوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا مگر اس کے باوجود پاکستانی قوم نے ہمت نہیں ہاری اور ہر قسم کے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر اب برطانیہ سے آنے والی کورونا کی لہر ایک نئی شدت کے ساتھ حملہ آور ہوئی ہے جس سے کورونا کیسز میں اضافے کی شرح 10 فیصد ہوچکی ہے اوسطاً روزانہ 35 سو سے چار ہزار کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور شرح اموات بھی بڑھ گئی ہے خبر ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اس سے قبل پچھلے کچھ دنوں سے وزیر اعظم کی طرف سے جاری سیاسی اور انتظامی سرگرمیوں میں کہیں بھی انہیں کورونا کی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے نہیں دیکھا گیا یہی صورتحال اسمبلی اجلاسوں کابینہ میٹنگز اور دیگر سرگرمیوں میں دیکھنے کو ملتی رہی ہے حالانکہ قیادت کو رول ماڈل ہونا چاہئے مگر ایسا نہیں ہے دعا ہے کہ اللہ کریم پوری انسانیت کو اس موزی وبا سے محفوظ رکھے اور تمام بیماروں کو شفائے کاملہ عطا فرمائے۔
مگر تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن حلقوں کی جانب سے کورونا جیسے سنگین مسئلے کو مسئلہ سمجھا ہی نہیں گیا پچھلے کچھ عرصے میں اپوزیشن کی تحریک، احتجاج اور جلسوں کو سامنے رکھیں اور حکومتی اقدامات پر نظر ڈالیں تو کہیں پر بھی کورونا جیسی موزی وبا ان کی ترجیح فہرست میں دکھائی نہیں دیتی کہیں سے بھی کوئی ایسی آواز اٹھتی دکھائی نہیں دی کہ جسے سن کر یہ اطمینان کر لیا جائے کہ ہماری قیادت ہم سے غافل نہیں نہ پارلیمنٹ کے اندر اس موضوع پر بحث ہوئی نہ پارلیمنٹ کے باہر کوئی مقالمہ ہوا نہ حکومت نے مستقبل کی حکمت عملی طے کی نہ اپوزیشن نے مستقبل کی خطرے سے آگاہ کیا نہ حکومتی اقدامات میں کورونا اہم رہا نہ اپوزیشن کے احتجاج میں اس کی کوئی اہمیت رہی یعنی نہ تو حکومت کو احساس ہوا نہ اپوزیشن نے احساس کیا جس مسئلے سے نمٹنے اور اس کی ویکسین کی تیاری کے لیے پوری دنیا سر جوڑ کر بیٹھی تھی ہم نے اسے مذاق سمجھا بلکہ مذاق بنائے رکھا یہاں تک کہ اب مانگے تانگے کی ویکسین کو بھی متنازعہ بنا رکھا ہے۔
اسی طرح اپوزیشن کا اتحاد جو عوام کے نام پر تھا مگر عوام کے لیے نہیں تھا کیونکہ عوام کو در پیش مسائل کے حل کے لیے ہوتا تو آج بھی موجود ہوتا حکومت بھی موجود ہے مسائل بھی موجود ہیں مگر اپوزیشن کا اتحاد موجود نہیں کیونکہ یہ اتحاد ذاتی مفادات سے جڑا ہوا تھا تو اس لیے جڑا ہوا نہ رہ سکا جہاں مفادات بدلتے ہیں وہاں نظریات بھی بدل جاتے ہیں آج بھی سب آئین قانون اخلاقیات اور جمہوریت کی بات کر رہے ہیں مگر جمہور کی بات کوئی بھی نہیں کر رہا حیرت ہے یہ کیسے جمہوریت پسند ہیں جنہیں جمہور پسند نہیں اور یہ کیسی جمہوریت ہے جس جمہور کا کوئی ذکر نہیں عوام کا کوئی مسئلہ زیر بحث نہیں ملک میں کہنے کو جمہوریت بھی ہے پارلیمنٹ بھی موجود ہے مگر حکومت آرڈنینس سے کام چلا رہی اور اپوزیشن بیان بازی سے ساکھ بچا رہی ہے ہمیں بتایا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے پاس ایک بہترین معاشی ٹیم موجود ہے جو ملک میں معاشی انقلاب برپا کر دی گی مگر اب آئی ایم ایف کی معاشی ٹیم مہنگائی کا طوفان برپا کر رہی ہے جس تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا عہد کیا تھا اس نے آئی ایم کو ہی پاکستان بلا لیا ہے اب حکومت تحریک انصاف کی چل رہی ہے اور پالیسیاں آئی ایم ایف کی چل رہی ہیں اور آئی ایم ایف کی انہی شرائط کے تحت حکومت دو آرڈنینس جاری کرنے جارہی ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں 140 ارب کے انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جارہی ہے اور بجلی کے صارفین پر 150 ارب روپے کا سرچارج لگایا جارہا ہے جبکہ بجلی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جارہا ہے جو کہ تین مراحل میں ہوگا ۔
اس سے قبل حکومت تین روپے فی یونٹ اضافہ کر چکی ہے یہ سب کچھ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت ہورہا ہے مگر حکومت ان تمام شرائط کو پارلیمنٹ میں لانے کے بجائے آرڈینینس سے کام چلا رہی ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ حکومت کے اندر پارلیمنٹ کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہیں مگر اس طرح عوام کو بے خبر رکھ کر حکومت اپنی نااہلیوں پر پردہ ڈال پائے گی؟ کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات ہوں یا بجلی کی قیمتیں ان کے براہ راست اثرات عام لوگوں پر پڑتے ہیں مہنگائی نے تو پہلے ہی عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جبکہ ان شرائط کے بعد ہونے والا اضافہ عوام کے لیے طوفان سے کم نہیں ہوگا مگر ایسا لگتا ہے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اس سے کوئی سروکار نہیں حکومت خاموشی کے ساتھ عوام کو مہنگائی کی ویکسین لگا رہی ہے اور اپوزیشن محض بیانات کے زریعے اپنی ساکھ بچا رہی ہے حالانکہ کسی بھی جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپوزیشن کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے مگر جہاں حکومت اور اپوزیشن دونوں کا کردار ذاتی مفادات اور حصول اقتدار کے گرد گھومتا ہو وہاں عوام کو کسی سے بہتری کی امید رکھنا خود کو دھوکے میں رکھنے کے مترادف ہے اور عوام یہ دھوکہ ہر دور میں ہر حکومت سے اور ہر اپوزیشن سے کھاتی چلی آرہی ہے اور آج بھی یہی ہورہا ہے کورونا جیسی موزی وبا ہو یا مہنگائی کا خوفناک طوفان کسی کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ عوام جیتے ہیں یا جیتے جی مر جاتے ہیں کیونکہ سب سے بڑا مسئلہ تو یہی ہے کہ عوام کا کوئی مسئلہ ان کے لیے مسئلہ ہی نہیں۔