Muhabbat
محبت
ہم کسی سے محبت کر سکتے ہیں لیکن اسے واپس اپنے ساتھ محبت کرنے پہ مجبور نہیں کر سکتے۔ محبت کرنے کا مطلب قبضہ کرنا نہیں ہوتا، زبردستی دوسروں کی زندگی پہ اختیار حاصل کرکے انھیں اپنی طرف مائل ہونے پہ مجبور کرنا نہیں ہوتا۔
اگر آپ ایسی کوشش کرتے ہیں تو اسے محبت مت کہیے۔ کسی سے محبت کرنا بہت ہی نجی معاملہ ہے، محبت کا جذبہ بہت ہی ذاتی نوعیت کی چیز ہے۔ کسی دوسرے کے لیے دل میں محبت کے جذبات جگانا یا نہ جگانا انسان کے اپنے اختیار میں نہیں ہوتا۔ اگر یہ جذبات عطا کیے گئے ہیں تو انھیں برداشت کرنے کا ظرف بھی پیدا کیجیے۔
اگر کسی سے محبت ہو ہی جائے تو اقرار کیجیے، اطلاع دیجیے لیکن جس سے محبت ہے اسے یہ آزادی بھی دیجیے کہ وہ کر سکے تو واپس محبت کرے، نہ کر سکے تو بھی کوئی مسئلہ نہیں۔
اپنی محبت کو دوسروں کے لیے سزا مت بنائیے۔ انھیں بار بار محبت کے، خدا کے واسطے دے کر اپنی طرف مائل کرنے کی کوشش مت کیجیے۔ یہ معاملات ایسے نہیں چلتے۔ انھیں یہ بتا بتا کر شرمندہ مت کیجیے کہ آپ کی محبت کا جواب محبت سے نہ دے کر وہ گناہ کر رہے ہیں، آپ کو تکلیف دے رہے ہیں۔
آپ نے محبت ان سے پوچھ کر یا اجازت لے کر یا ان کی خواہش پہ نہیں کی تو اسے ان کے لیے تکلیف کا باعث کیوں بنایا جائے؟ انھیں اس بات پہ شرمندہ کیوں کیا جائے کہ آپ کے جذبات آپ کو تکلیف دے رہے ہیں۔ یہ آپ کے جذبات ہیں، آپ کو عطا ہوئے ہیں ان کی تکلیف میں زبردستی دوسروں کو مت گھسیٹیں۔
محبت خاموشی سے دوسروں کو سکون دینے کا نام ہے، ان کی زندگی کو اجیرن کرنے کا نام نہیں ہے۔ ان کو اپنا پابند کرنے، ان کو اپنی مرضی سے چلانے یا ان کی زندگی پہ قبضہ کرنے کا نام نہیں ہے اور اگر یہی سب کرنا ہے تو اسے محبت جیسے خالص جذبے کا نام مت دیجیے۔