Smart World
سمارٹ ورلڈ
یہ دنیا بہت جلد "سمارٹ ورلڈ" میں بدلنے والی ہے، اور اگر ہم اپنی موجودہ روش اور رویے پر قائم رہے تو اس سمارٹ ورلڈ میں بطور میوزیم رہ جائیں گے، جنہیں لوگ دیکھنے آیا کریں گے کہ یہ ہے وہ معاشرہ جو اپنے پسماندہ تصورات سے چپک کر رہ گیا۔ ہر دوسرے حوالے سے ہم کنویں میں اور ہر تیسرے حوالے سے صراحی میں بند نظر آتے ہیں۔
آج سے دس بارہ سال بعد ہم میں اور ہماری اگلی نسل میں اس سے دگنا جنریشن گیپ ہوگا، جو ہم میں اور ہمارے گزشتہ سے بھی گزشتہ نسل میں نظر آتا ہے۔ جن انڈرائیڈ فونز اور میک بکس اور چند ویب سائٹس کی بنیاد پر ہم خود کو پانچ سواروں میں گن رہے ہیں، ان کی حیثیت کاغذ کی کشتی سے زیادہ کچھ نہیں۔۔
ہمارے دشمن ان باتوں کو سمجھ گئے، بھلے وہ نظریاتی ہوں یا جغرافیائی۔ ہم ابھی تک اپنی قدامت پرستانہ ذہنیت کے شکنجے سے آزاد نہیں ہوئے۔ یہ حقیقت ہے، عصر حاضر کے تقاضوں میں بھارت جیسا ملک بھی ہم سے بیسیوں ہاتھ آگے ہے، بھلے وہ نظام تعلیم ہو، بھلے ٹیکنالوجی، بھلے میڈیا انڈسٹری سمیت کیسی بھی سمارٹ ریولیوشن۔
ایسے ایسے علوم اور سکلز ہمارے ہمسایہ ملک تک میں عام ہو رہے ہیں جن کا یہاں تذکرہ تک نہیں ملتا، میں نے دو سال پہلے تحریر لکھی تھی، سنگین غلطی کے عنوان سے کہ دنیا سے کمپیٹ کرنا ہے تو اس سے ایک قدم آگے رہنا ہوگا، ورنہ اپنے نعروں، اور دعووں کے ساتھ کھڑے چیختے چنگاڑتے رہ جائیں گے۔
انفرادی سطح پر، اپنے آپ کو اور اپنی نسل کو بدلنے کا سوچیں، سمارٹ اپروچ اپنانا شروع کریں، ٹیکنالوجی سے انگیج ہوں، حکومتوں پر توقع لگائے ہاتھ پر ہاتھ دھر کے نہ بیٹھے جو حکومت ابھی تک ڈیجیٹل کرنسی کا فیصلہ نہیں کر پائی جن کی سمارٹ ورلڈ میں ٹوٹل کنٹریبیوشن ابھی تک بمشکل چند ایپس ہوں ان کے آسرے پر اپنا اور اپنی نسلوں کا مستقبل نہ چھوڑیں۔
اپنے آپ کو اور پاکستان کو لِفٹ کرنے کے لیے پرعزم طریقے سے کمر کس کے کھڑے ہو جائیں، اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں گھس جائیں، آج سے دس سال بعد کے تقاضوں کو سوچیں سمجھیں اور ان کے حساب سے خود کو تیار کریں۔