Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Master Faheem
  4. Aurat Ki Izzat o Maqam

Aurat Ki Izzat o Maqam

عو رت کی عزت و مقام

میں اپنی ماں، بہن اور بیٹی کو اپنے باپ، بھائی اور بیٹے کے برابر نہیں سمجھتا۔ کہ یہ ماں، یہ بہن، یہ بیٹی ہمیشہ سے مقدم تھی ہمیشہ مقدم رہے گی۔ میں ان کے حقوق کو، ان کی حفاظت کو، ان کے مقام کو ہمیشہ ترجیح دوں گا۔ یہ صرف میں نہیں میرے ملک کی اسی فیصد سے زائد عوام کا اَن کہا رویہ اور نظریہ ہے۔

ہاں ہمی میں کچھ گندی ذہنیت والے اور دو طرح کے نیچ لوگ موجود ہیں جنہوں نے عورت کی تذلیل کی یا تو اس کے حقوق غصب کر کے، اسے کمتر جان کر ،اسے دبا کر یا پھر اسے ابجیکٹیفائی کر کے ،اسے ننگا پنگا کر کے، کاروباری چکا چوند کے لیے، اسے دیواروں پر لٹکا کر اسے "گلیمر سمبل" کے طور پر یوز کر کے۔

ان دونوں ذہنیتوں نے اپنے اپنے طریقے سے اس صنفِ نازک کو اس صنف مقدس کو استعمال کیا۔ لیکن آج بھی اس ملک میں اسی فیصد باپ ایسے ہیں جن کے بیٹے بھلے گلیوں میں رلتے خوار ہوتے پل رہے ہوں، سڑکوں پر جوتیاں چٹخاتے نوکریاں ڈھونڈتے پھرتے ہوں، لیکن انہوں نے بیٹیوں کو اپنا پیٹ کاٹ کر بھی سڑکوں پر مارا مارا پھرنے کو نہیں چھوڑا۔آج بھی بڑی تعداد بیٹوں کی ایسی ہے جو اپنے مستقبل کے لیے ہلکان ہوتے نظر آتے ہیں لیکن بیٹی کے مستقبل کے لیے بیٹی نے نہیں، اس کے باپ نے بال سفید کیے، اس کے بھائی کے چہرے پر جھریاں پڑنے لگیں۔

اسی ملک میں لمبے سہانے خواب دیکھنے والے نوجوان اپنے خوابوں کو دفنا کر محنت مزدوری کی راہ پر نکل گئے کہ بوڑھی ماں کا بڑھاپا نہ رُلے۔یہ باپ، بھائی، بیٹا یا شوہر مرد کسی بھی صورت میں ہو ایک باغیرت، باشعور مرد کبھی بھی تنگی میں، مصائب میں سروائیو میں عورت کو کھینچ کر اپنے برابر نہیں لاتا، بلکہ اس کا محافظ بنا کھڑا ہوتا ہے کہیں سر پر سایہ بن کے، کہیں سامنے ڈھال بن کے، کہیں جھک کے سہارا بن کے۔

اور یہ کوئی مرد کا احسان نہیں، یہ ہم مردوں کی ذمہ داری ہے، اور یہ ہماری ماؤں بہنوں بیٹیوں کا وہ حق ہے جسے دینے میں تسکین ہے، جسے محسوس کرنے میں خوشی اور اطمینان ہے۔ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں اور بیوی(یہاں جمع کا صیغہ جان بوجھ کر استعمال نہیں کیا، خطرہ ہے) ہماری طاقت اور حوصلہ ہیں، ہماری ذمہ داریاں ہیں، یہ وہ ہیں جن سے ہمارا کوئی مقابلہ نہیں، کہ ان سے ہار جانا ہمیں اچھا لگتا ہے، ان کی جیت ہمیں سرشار کرتی ہے۔

یہ برابر ہو ہی نہیں سکتی یہ ہمیشہ مقدم تھیں ہمیشہ مقدم رہیں گیں۔

Check Also

Fahash Tarkari

By Zubair Hafeez