Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mansoor Nadeem
  4. Boycott

Boycott

بائیکاٹ

مجھے بائیکاٹ پر کبھی کوئی خاص اعتراض نہیں رہا، مگر میں موسمی بائیکاٹ اور ہمارے دیسی اذہان کے بائیکاٹ کے تصور کے شدید خلاف ہوں۔ جو حقائق کو جانے بغیر بائیکاٹ کرتے ہیں۔ سعودی عرب میں بروسٹ کا ایک معروف آؤٹ لیٹ "البیک" کے نام سے ہے، ہمارے بر صغیر خصوصا انڈیا اور پاکستان کے لوگوں کے ہاں البیک کا بروسٹ ایک تقدیس کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ ان کے بارے میں یہ معروف ہوگیا کہ وہ 10 ریال کے بروسٹ میں سے ایک ریال خیرات کرتے ہیں۔

شاید بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ بروسٹ کا مالک اصلا فلسطینی نژاد ہے اور فلسطین کے حالیہ واقعے پر اس نے کوئی پیسہ نہیں دیا اور اگر نہیں بھی دیا تو اس پر بات کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے ہر شخص کی اپنی ذاتی پسند ہے، بات تو یہ رہے گی کہ وہ کیا چیز بیچتا ہے، یقین کریں بروسٹ کی دنیا میں کے ایف سی آج بھی پہلے نمبر پر ہے، الا یہ کہ کہیں کہیں کچھ برانڈز واقعی اس کے مقابلے کا یا شاید اس سے بھی اچھا بناتے ہوں۔ مگر ذائقے کی دنیا میں البیک کے ایف سی کے بروسٹ سے کوسوں پیچھے ہے، مگر اس کی تقدیسی حیثیت کی وجہ سے ہمارے ہاں وہ مقبول ہے۔

پاکستان میں جب فرانس کے پروڈکٹ کا بائیکاٹ کیا جا رہا تھا، تو میں حیران تھا کہ ہمارے ہاں ایک عام شہری فرانس ڈنمارک کی کون سی پروڈکٹ استعمال کرتا ہے، شاید وہ اپنی پوری زندگی میں ایک بار بھی ڈنمارک کی ڈیری پروڈکٹ نہیں کھاتا، شاید وہ فرانس کا کوئی اوریجنل پرفیوم نہیں خرید سکتا پھر یہ کون سی پروڈکٹ کا بائیکاٹ کر رہے تھے، ابھی کچھ دن سے دیکھ رہا ہوں کہ عرب کی کچھ پروڈکٹس جن میں واقعی کچھ غیر ملکی یعنی یورپین ممالک کی پروڈکٹس بھی ہیں اور کچھ تو خالصتا 100 فیصد مسلمان مالکان کی سعودی برانڈز کی پروڈکٹ کو بھی انہوں نے بائیکاٹ کی فہرست میں رکھا ہوا ہے، جن میں معروف مقامی برانڈ "رانی جوس" اور سعودی ڈٹرجنٹ پاؤڈر Tide، وغیرہ شامل تھے میں نے ان سے پوچھا تو بجائے بات ماننے کے وہ یہی کہہ رہے تھے کہ یہ پروڈکٹ یہودیوں کی ہے۔

چلیں اب اس تصویر پر آ جاتے ہیں یہ تصویر ایک فیس بک کے معروف بندے نے لگائی ہے، مجھے حیرت یہ ہوتی ہے کہ یہ لوگ خود شہد، سلاجیت، اچار، دیسی گھی اور زعفران کا آن لائن بزنس کرتے ہیں، میں کسی کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا مگر یقین کریں ان کی پروڈکٹ کی پیکنگ دیکھ کر اپ کو قے ہو سکتی ہے اور یہ اس پروڈکٹ کو قیمتا بیچ رہے ہوتے ہیں، کوالٹی پر تو ابھی ہم بات ہی نہیں کر سکتے کیونکہ کوالٹی کے معیار کا نہ ان کے پاس کوئی سرٹیفیکیٹ ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی اور صحت کی مروجہ پالیسی کے تحت کوئی معیار، غلیظ ترین پیکنگ ہوتی ہے، یہ وہ سب چیزیں ہاتھوں میں پکڑ پکڑ کے چھوٹی بیری کا شہد بڑی بیری کا شہد مکھیوں کا شہد اور فلاں فلاں، زعفران کو ہاتھوں سے ٹٹول ٹٹول کر دکھاتے ہیں، مجھے الجھن ہوتی ہے جب میں ان کے اشتہارات دیکھتا ہوں اور یہ وہ چیزیں بغیر کسی ضابطے قاعدے صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھے بیچ رہے ہیں، اور بائیکاٹ ان انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے برینڈز کے خلاف کر رہے ہوتے ہیں، جہاں 90 فیصد اپ یہ تو کہہ سکتے ہیں کہ کوالٹی معیار اور پیکنگ اعلی ہوتی ہے۔

آپ بائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں آپ شوق سے کریں، مگر بائیکاٹ کرنے کے بعد اس کے مقابل اپنے دیسی برانڈز بھی ایسے بتا دیں جو ان کے معیار کی چیز اپ کو دے دے، اپ سافٹ ڈرنک کا بائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں کوکا کولا پیپسی کولا شوق سے کر لیں، اس کے مقابلے میں اپ کے پاس کیا ہے ما سوائے کراچی میں ایک پاکولا کمپنی ہے جس کی سافٹ ڈرنک پچھلی تین دہائیوں سے واقعی اس قابل ہے جو ان کا مقابلہ کرتی ہے لیکن وہ آپ کے ہاں مقبول نہیں ہے، کوکا کولا اور پیپسی کولا کے مقابلے میں اپ کی زمزم کولا اور مکہ کولا جیسے کئی پروڈکٹس آئے اور اپنی گھٹیا کوالٹی کی بنیاد پر مارکیٹ میں فلاپ ہو گئے۔ اب اپ میکڈونلڈ کے اس ملک شیک کے اشتہار کو اپنی کامیابی تو سمجھ رہے ہیں، لیکن ایمانداری سے سوچیں اس پروڈکٹ کے مقابلے میں آپ کسی "ماشاءاللہ جوس سینٹر" یا اسی قیمت کی کسی ٹھیلے سے اس طرح کا ملک شیک خریدنا چاہیں گے؟ جہاں صفائی اور گندگی کہ فرق کے بغیر ملک شیک بنایا جا رہا ہو۔

یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنے بچوں کی صحت کا اگر خیال رکھنا چاہتے ہیں تو ان لوگوں کی ایسی ترغیبات سے ضرور ہوشیار رہیں، یہ دنیا میں ہونے والے وقتی حادثات پر آپ کو موسمی بائیکاٹ کا مشورہ تو دے دیتے ہیں، لیکن یہ سالہا سال سے پاکستان ملاوٹ کرنے والوں کا بائیکاٹ نہیں کرتے، بلکہ یہ خود اسی درجے کے کاروبار کرتے ہیں، یہ دودھ میں زہر ملانے والے گندے سڑے پھل بیچنے والوں اور خوردنی اشیا میں ملاوٹ کرنے والوں کو الحاج مانتے ہیں اور اسی ناجائز کمائی پر ان کے ہر سال عمرہ پر جانے پر فخر کرتے ہیں۔

آپ کو بائیکاٹ کرنا ہے، آپ شوق سے کریں آپ گھر میں بروسٹ بنا لیں، آپ گھر میں ملک شیک بنا لیں، لیکن کسی حاجی صاحب اور ماشاءاللہ جوس سینٹر سے ملک شیک خریدنے سے بہتر ہے کہ آپ میکڈونلڈ سے ملک شیک اپنے بچوں کو پلائیں۔ کیونکہ فلسطین میں بے گناہ مرنے والے بچے آپ کی وجہ سے نہیں مر رہے، نہ ہی اس میں آپ کا قصور ہے، لیکن حاجی صاحب کی دکان سے، ماشاءاللہ اور بسم اللہ ملک شیک یا جوس سینٹر کی دکان سے خریدا جانے والا جوس اور ملک شیک اپ کے بچوں کو ضرور بیمار کرے گا، اپنے بچوں کا خیال رکھیں، انہیں معیاری اشیاء کھلائیں۔

Check Also

Raston Ki Bandish

By Adeel Ilyas