Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mansha Fareedi
  4. Maseehai Ka Markaz, Allama Iqbal Teaching Hospital Dera Ghazi Khan

Maseehai Ka Markaz, Allama Iqbal Teaching Hospital Dera Ghazi Khan

مسیحائی کا مرکز، علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان

ڈیرہ غازی خان کے قلب میں واقع علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال نہ صرف اس ریجن کا واحد بڑا ہسپتال ہے بلکہ بلوچستان، سندھ، ٹانک، ڈی آئی خان اور سرائیکی خطے کے نواحی اضلاع کے لیے بھی امیدِ شفا کا مرکز ہے۔ یہاں دُور دراز سے آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کی جدید سہولیات میسر آتی ہیں۔ عوام کے لیے یہ ادارہ محض ایک ہسپتال نہیں بلکہ انسانی خدمت کا وہ روشن مینار ہے جس کے سائے میں زندگی کے چراغ دوبارہ فروزاں ہوتے ہیں۔ درحقیقت، جب ریاست کے دور افتادہ خطوں میں طبّی امداد کی نایابیاں بڑھتی ہیں تو یہی ادارے انسانی ہمدردی اور خدمت کے استعارے بن کر ابھرتے ہیں۔

اس عظیم الشان ادارے کے منتظمِ اعلیٰ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد حسین مگسی اپنی شخصیت میں ایک نرمی، متانت اور ادبی ذوق کی جھلک رکھتے ہیں۔ وہ محض ایک بہترین منتظم نہیں بلکہ فنِ گفتار کے ایسے صاحبِ ذوق ہیں جو گفتگو میں ادب کی لطافت، شعر و سخن کی مٹھاس، خوبصورت مزاح اور علم کی سنجیدگی کو یکجا کرتے ہیں۔ اُن کی مجلس میں گفتگو صرف اطلاع نہیں بلکہ تربیت بھی بن جاتی ہے۔ جب وہ کسی کلاسیکی شاعر کا مصرعہ برمحل سنا کر ماحول کو خوشگوار کرتے ہیں تو اُن کے زیرِ سایہ کام کرنے والا عملہ بھی انسانی قدروں اور شائستگی کا قائل ہو جاتا ہے۔

دوسری جانب، ڈاکٹر نصرت بزدار کی موجودگی اس ہسپتال کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ان کی طبی مہارت، نرم گفتاری اور حسنِ اخلاقِ اُن کی پہچان ہیں۔ وہ مریضوں کے علاج کو پیشہ نہیں بلکہ عبادت سمجھتے ہیں۔ جب کسی مریض کے چہرے پر مایوسی چھائی ہوتی ہے تو ڈاکٹر نصرت کے چند حوصلہ افزا جملے گویا روحِ زندگی بن کر اُترتے ہیں۔ اُن کا رویہ اہلِ درد کے لیے مسکراہٹ کا باعث اور شفا کی امید بن جاتا ہے۔ وہ اس بات کے جیتے جاگتے ثبوت ہیں کہ طب صرف سائنس نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا مقدس عہد ہے۔

یہ کہنا بجا ہوگا کہ ایم ایس شاہد مگسی اور ڈاکٹر نصرت بزدار، دونوں مل کر علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کو حقیقی معنوں میں"مرکزِ مسیحائی" بنائے ہوئے ہیں۔ ایک جانب انتظامی تدبر اور اخلاقی شائستگی کی مثال قائم ہے، تو دوسری جانب علمِ طب کے جوہر اور انسانی خدمت کی روح جلوہ گر ہے۔ ایسے لوگ معاشرے کا سرمایہ ہوتے ہیں، جو پیشے کو عبادت اور خدمت کو شعار بناتے ہیں۔ اُن کی بدولت یہ ہسپتال نہ صرف ڈیرہ غازی خان بلکہ پورے جنوبی پنجاب میں انسان دوستی اور طبّی خدمت کا استعارہ بن چکا ہے۔

Check Also

J Dot Ka Nara

By Qamar Naqeeb Khan