Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mansha Fareedi
  4. Asma Bibi, Tum Zinda Ho?

Asma Bibi, Tum Zinda Ho?

عاصمہ بی بی، تم زندہ ہو؟

کہاں ہو عاصمہ؟ تم زندہ بھی ہو یا "غیرت" کی گٹھڑی بن کر کسی اندھیرے کمرے میں سسک سسک کر مر چکی ہو؟ تمھاری چیخیں، تمھاری خاموش آہیں، تمھاری آنکھوں کی فریاد، کیا تھانہ محمد پور کی فصیلوں سے بھی ٹکرا کر واپس لوٹ آئی ہے؟ کئی ہفتوں سے معتبر ذرائع پر تمھارا ذکر ہو رہا ہے، سوشل میڈیا پر تمھارا نوحہ گونج رہا ہے، مگر سرکار کی پولیس، تمھارے شہر کا قانون، تمھارے جسم کے زخموں کو چھپانے میں لگا ہے۔ تمھیں کالی (کاری) قرار دے کر تمھارے اپنے، بھائی، شوہر اور سُسر نے تمھاری عزت، تمھاری سانس اور شاید تمھارا جسم بھی "بیچنے" کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پولیس نے آنکھیں چرا لیں، ڈی پی او صاحب شاید دفتر کی کرسی میں دھنسے بیٹھے ہیں اور تمھیں چھپانے والے تھانے داروں نے ایک پرانی ویڈیو کے پردے میں تمھاری چیخیں دفن کر دی ہیں۔ کیا تمھاری آنکھوں سے بہنے والے آنسو بھی جعلی تھے؟ یا تم پر ہونے والا تشدد ایک "فیملی ایشو" تھا جسے قانون ہاتھ نہ لگائے؟ سچ تو یہ ہے کہ ریاست کے ستون تمھارے درد میں مٹی کے بن چکے ہیں اور ظالموں کے دل فولاد ہو چکے ہیں۔ وہ ظالم اب تمھاری مدد کو آواز دینے والے دو نوجوانوں، عدنان لغاری اور وسیم لغاری، کو بھی قتل اور اغوا کی دھمکیاں دے رہے ہیں، تاکہ سچ ہمیشہ دفن رہے۔

اگر تمھیں آج مار دیا گیا، عاصمہ، تو صرف تم نہیں مرو گی۔۔ تمھارے ساتھ قانون، غیرت، تحفظ، انصاف اور انسانیت بھی مر جائے گی۔ ہم تمھیں ڈھونڈ رہے ہیں، ہم تمھارے لیے چیخ رہے ہیں، مگر یہ آواز تمھیں بچا پائے گی یا تمھارا جنازہ اٹھائے گی؟ اس کا فیصلہ اب محمد پور پولیس نہیں، اس خاموشی میں دفن ریاست کرے گی۔

Check Also

Hum Mein Se Log

By Najam Wali Khan