Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Jamshaid Nazar
  4. Pak Fauj Ke Karname

Pak Fauj Ke Karname

پاک فوج کی کارناکے

دنیا بھر میں بہت سے ممالک ایسے ہیں جو اپنی افواج پر سالانہ کھربوں ڈالر خرچ کرتے ہیں، تاکہ ان کی افواج کی عسکری طاقت مزید مضبوط ہو اوران کی افواج کا معیار اورصلاحیت بڑھ سکے، صدیوں پر محیط عسکری تاریخ رکھنے کے باوجود، ان ممالک کی افوج اپنا وہ مقام اب بھی نہیں بنا سکیں جو افواجِ پاکستان نے مختصر سی تاریخ میں بنا لیا ہے۔ ترقی پذیر ملک پاکستان نے وسائل کی کمی کے باوجود ایسے کارنامے کیئے ہیں کہ دنیا حیرت میں مبتلا ہے۔

اسی لئے جب بھی کسی ملک کی افواج کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے تو افواجِ پاکستان کانام صفِ اول میں شمار ہوتا ہے، جس کا واضح ثبوت گلوبل فائر پاور کی عالمی سطح پر افواج کی صلاحیت اور کارکردگی کے اعتبار سے جاری ہونے والی درجہ بندی پر مبنی رپورٹ ہے۔ سن 2021کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق، پاک فوج کا شماردنیا کی طاقتور ٹاپ ٹین افواج میں کیا جاتا ہے۔ پاک فوج صرف جدید ترین جنگی جہازوں، میزائل، آبدوز اور ہتھیاروں سے ہی لیس نہیں بلکہ دنیاپاک فوج کی مہارت، شجاعت، دلیری کی بھی معترف ہے۔

ملک کے اندرقدرتی آفات، مصیبتوں، نازک حالات یا دہشت گردی کا سامنا ہو یا ملک کی سرحدوں پر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا ہو، پاک فوج ہمیشہ اپنے فرائض میں سرخرو رہی ہے۔ امریکہ میں 9/11حملوں کے بعد پاکستان کو جس طرح دہشت گردی کا سامنا تھا، اس کا مقابلہ افواجِ پاکستان نے بڑی دانشمندی اور جراءت مندانہ انداز میں کیا۔ دہشت گردوں کے خاتمہ کے لئے کامیاب آپریشنز شروع کیئے گئے، جن میں سرِفہرست آپریشن ضرب ِعضب، آپریشن ردالفسادہیں۔

آپریشن ضربِ عضب سن2014 میں، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شروع کیا تھا جبکہ آپریشن ردالفسادموجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے، سن 2017میں شروع کیا تھا۔ آپریشن رد الفساد اپنی نوعیت کا پہلا ملک گیر آپریشن تھا، جس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج باضابطہ طور پر حصہ لے رہی ہیں جبکہ اس سے پہلے، پاک فوج کے آپریشنز میں تینوں مسلح افوج غیر اعلانیہ طور پر حصہ لیتی رہی ہیں۔ آپریشن ردالفساد میں تینوں مسلح افواج کے ساتھ رینجرز، پولیس، دیگر سیکیورٹی ادارے اور پاکستانی شہریوں نے بھی حصہ لیا۔

پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف اس کے علاوہ بھی کئی کامیاب آپریشنز لانچ کئے، سن2007 میں وادی سوات اور شانگلہ ڈسٹرکٹ میں آپریشن راہِ حق، سن2008میں وادی سوات اور شانگلہ میں آپریشن راہ ِحق دوئم، خیبر ایجنسی میں آپریشن صراط ِمستقیم اور باجوڑ ایجنسی میں آپریشن شیر دل، جس میں فرنٹئیر کور نے بھی حصہ لیا۔ سن2009 میں بھی بہت سے کامیاب آپریشن کئے گئے جن میں وادی سوات اور شانگلہ میں آپریشن راہ ِحق سوئم، بونیر، لوئر دیر اور شانگلہ میں آپریشن بلیک تھنڈر سٹروم، مہمند ایجنسی میں آپریشن بریخنا، سوات میں آپریشن راہِ راست، جسے سوات آپریشن بھی کہا جاتا ہے۔

اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن ضرب ِعضب شروع کیا گیا، جبکہ فروری 2017 میں ملک گیر آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا۔ افواجِ پاکستان کے دہشت گردوں کے خلاف ان کامیاب آپریشنز اور لازوال قربانیوں کے نتیجہ میں، ملک میں امن اور استحکام پیدا ہوا اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا۔ پاکستان میں امن اورترقی کا دور جاری تھا کہ، دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر امن کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کردی ہیں۔ انارکلی بازار لاہور میں بم دھماکہ، بلوچستان میں دہشت گردوں کی کارروائی اس بات کی طرف اشارہ کررہی ہے کہ، دشمن عناصر کو پاکستان کی تیزی سے ہونے والی ترقی ہضم نہیں ہورہی، اسی لئے پرامن ماحول کو خراب کرنے کے لئے ایسی مذموم، شرپسندانہ حرکتیں کی جارہی ہیں۔

پاکستان کے چین، ترکی، روس سمیت دیگرایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی، سفارتی تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں، ایسے میں کبھی بھارتی آرمی چیف کی جانب سے مضحکہ خیزبیان سامنے آجاتا ہے، تو کبھی بم دھماکے اور دہشت گردوں کی کارروائیاں ہونے لگتی ہیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا اور ملک میں امن کی ایک نئی تاریخ لکھی، جسے دنیا میں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔

Check Also

Pak French Taluqat

By Sami Ullah Rafiq