Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Haider Javed Syed
  4. Sahafiyon Ka Aalmi Din, Takheer Par Mazrat

Sahafiyon Ka Aalmi Din, Takheer Par Mazrat

صحافیوں کا عالمی دن، تاخیر پر معذرت

اصولی طور پر مجھے یہ کالم گزشتہ روز لکھنا چاہیے تھا تاکہ 3 مئی کو صحافت کے عالمی دن کے موقع پر شائع ہوتا۔ چلیں ایک دن کی تاخیر ہی سہی ایک دن میں کون سا قلم مزدوروں کے حالات بدل گئے ہوں گے۔ ہم صحافی لوگ بظاہر بڑے طرم خان بنتے ہیں دنیا جہان کے موضوعات پر بات کرنا لکھنا انہیں خبر اور تجزیہ کی صورت پڑھنے والوں کے سامنے رکھنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ کیا ہم خود اپنے فرائض کی طے شدہ حدود سے آگاہ ہیں؟

بہت احترام کے ساتھ عرض کروں کہ ہم میں سے اکثر کے خیال میں جوتوں سمیت سامنے والے کی آنکھوں میں گھس جانا ہمارا حق ہے۔ سوال کرنے کے نام پر پگڑی اچھالتے ہوئے کپڑے اترواکر کسی کو ذلیل کرنا صحافت کی معراج ہے۔

اچھا اب تو یہ دن بھی دیکھنا پڑرہے ہیں کہ نکے وڈے تھانیدار کے تبادلے و تعیناتی کی خبر کے ساتھ اپنی فوٹو اخبار میں نہیں لگواسکتے تو سوشل میڈیا پر لگاکر "ٹورشور" سے لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔

ایک وقت تھا جب دوردراز کے چھوٹے پریس کلبوں میں ایک عدد "میر منشی" رکھا جاتا تھا وہ میر منشی دن بھر کی خبریں لکھتا یہ تب کی بات ہے جب ابھی فوٹو سٹیٹ مشین اور فیکس مشین وغیرہ نہیں آئے تھے کاربن پیپر رکھ کر لکھی گئی خبروں میں شہر کے نام سے آگے کریڈٹ لائن والی جگہ خالی چھوڑ دی جاتی تھی۔

(کریڈٹ لائن، یعنی خبر نگار، نمائندہ خصوصی، نامہ نگار اور رپورٹر وغیرہ) میر منشی کا کام مکمل ہوتا تو سب اپنی اپنی کریڈٹ لائن ڈالتے شبانہ ڈاکخانہ کے ذریعے خبریں اپنے اپنے اخبارات کو بھجوادیتے۔

بڑے شہروں میں رپورٹروں کے درمیان "بارٹر" سسٹم چلتا تھا اب بھی ہے یہ بارسٹر سسٹم کرائم رپورٹروں میں سب سے زیادہ مرغوب ہے۔ دوسرے شعبوں کی رپورٹنگ کرنے والے بھی زیادہ تر اس اصول پر عمل کرتے ہیں۔ اس کا مطلب ہوتا ہے کہ چند الفاظ اور طرز تحریر کی تبدیلی کے علاوہ خبر ایک جیسی ہوگی۔

پرنٹ میڈیا کی بالادستی تب تک رہی جب تک الیکٹرانک میڈیا نہیں آیا تھا۔ الیکٹرانک میڈیا اور اب ویب چینلوں نے تو سماں باندھ رکھا ہے۔ مجھ جیسے قلم مزدور پرنٹ میڈیا کے توسط سے صحافت کے کوچے میں آئے۔

میں نے کراچی کے ایک اخبار میں بچوں کا صفحہ مرتب کرنے سے قلم مزدوری کا آغاز کیا تھا نصف صدی بعد آج میں اردو کے دو اخبارات میں سے ایک کے لئے 30ایڈیٹوریل اور 28کالم لکھتا ہوں دوسرے اخبار کے لئے ایک ماہ میں 12سے 16کالم، یہی میری روزی روٹی کا ذریعہ ہے۔

ساعت بھر کے لئے رکئے میں آپ کو اپنی داستان حیات پھر سے نہیں سنانے لگا بلکہ عالمی یوم صحافت کی مناسبت سے تحریر نہ لکھنے کا بوجھ ہلکا کرنا چاہتا ہوں۔ صحافت جو کبھی اس ملک میں معزز و معتبر اور نظریاتی شعبہ سمجھا جاتا تھا آج لوگ اس کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔ لوگ جو کہتے ہیں میں احترام کی وجہ سے ان سطور میں نہیں لکھنا چاہتا یہ احترام اصل میں اس شعبہ سے وابستہ ان قلم مزدوروں کی بدولت ہے جو آج بھی اپنے عصری شعور کے ساتھ صحافتی فرائض سرانجام دیتے ہیں۔

معاشرے میں صحافت اور صحافیوں بارے عمومی تاثر سے آپ واقف ہی ہیں۔ مزید آگاہی چاہتے ہیں تو اپنے چار اور موجود لوگوں میں سے کسی سے پوچھ کر دیکھ لیجئے۔ پاکستانی صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم بی ایف یو جے (اب تو اس دل کے ٹکڑے ہزار ہوئے والا معاملہ ہے) کے دستور میں رکھا ہے کہ صحافی وہ ہے جو اپنے ادارے کے پے رول پر ہو یعنی ماہانہ بنیادوں پر حق خدمت لیتا ہو اور اس کی گزربسر کا ذریعہ صحافتی خدمات کی تنخواہ ہو (یعنی گھر کا چولہا اسی آمدنی سے جلے چلے)۔

آج کیا صورتحال ہے۔ صحافیوں کے اکثر لیڈر پراپرٹی ڈیلر بنے ہوئے ہیں۔ زیادہ ترکی پراپرٹی ڈیلری ان صحافی کالونیوں کی "عطا" ہے جو چوہدری پرویزالٰہی نے 2002ء سے 2007ء کے درمیان والی اپنی وزارت اعلیٰ کے دوران بنوائی تھیں۔

ان صحافی کالونیوں نے بے شمار لیڈروں کو ککھ پتی سے کروڑ و ارب پتی بنادیا۔ ہم اس پر بات نہیں کریں گے کہ صحافی کالونیوں میں پلاٹوں کی الاٹ منٹ کے مرحلے میں کتنے حقیقی قلم مزدور نظرانداز ہوئے کتنے غیرمستحق لوگوں کو پلاٹ ملے اور کہاں ایسا بھی ہوا کہ شوہر بیوی اور بیٹے کو شعبہ صحافت سے "منسلک" ہونے کے " نام " پر ایک ایک پلاٹ کا حقدار سمجھا گیا ہو اس طرح ایک گھر میں تین پلاٹ چلے گئے۔ پلاٹوں کی بندربانٹ نما الاٹ منٹوں میں پہلے دن سے دھڑے بندیوں کو بلند مقام حاصل ہے۔

آج پاکستانی اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کیا صحافیوں کو ویج بورڈ ایوارڈ کے قانون کے مطابق ماہانہ حق خدمت دیتے ہیں؟ ارے صاحب یہاں اخبارات میں کام کرنے والوں کو ایک کمپنی ہائر کرتی ہے۔ 95فیصد صحافی (بڑے اداروں سے منسلک) ان کمپنیوں کے ملازم ہوتے ہیں کام اخبارات و چینلز پر کرتے ہیں۔

جن صحافتی تنظیموں نے ان کے حقوق کا تحفظ کرنا تھا وہ پچھلے دو اڑھائی عشروں سے کچھ اور "کام وام" کرتی ہیں۔ صحافتی سیاست پی ایف یو جے کے ہاتھوں سے نکل کر پریس کلبوں کی گرفت میں آگئی ہے، کیوں؟

اس کا جواب طویل اور تلخ ہے مختصراً یہ کہ یہ سازش 1995ء سے شروع ہوئی اس وقت کے بڑے میڈیا ہائوس کے مالکان پی ایف یو جے میں نقب لگانے میں ناکام رہے انہوں نے پریس کلبوں پر قبضہ کرنے کی حکمت عملی اپنائی اگلے مرحلے میں پریس کلب اپنے کردار کی حد سے آگے بڑھے پی ایف یو جے پیچھے چلی گئی مالکان کا کام آسان ہوگیا۔

رواں صدی کے آغاز کے بعد نئی حکمت عملی پر عمل ہوا اب پی ایف یو جے (برنا گروپ) کے حصے بخرے ہوئے۔ اس کی تمام تر ذمہ داری یقیناً ہم مالکان پر نہیں ڈال سکتے۔

مزید گروپ کیسے بنے ایک لمبی داستان ہے اس داستان کے سیاہ کردار وہ ہیں جو پہلے پولیس، آئی بی اور دوسری ایجنسیوں کے مخبر تھے پھر انہیں صحافی اور اینکر و تجزیہ نگار بنا سنوار کر ہم پر مسلط کیا گیا، اسے بھی چھوڑیں۔ چھوڑ اس لئے دیں کہ اب لڑنے بھڑنے کی عمر نہیں رہی۔

ایک وقت تھاجب شعبہ صحافت میں نئے آنے والوں کی سینئرز اپنی اولاد کی طرح تربیت کرتے تھے ان میں مطالعہ کا ذوق پیدا کرتے ان کا رجحان دیکھ کر متعلقہ شعبہ کے لئے رہنمائی کرتے تھے اب تو ہر طرف طرم خانوں کا دوردورہ ہے۔

مطالعہ اور مکالمے کے لئے مثالی شعبہ سمجھے جانے والے شعبہ صحافت میں آج کتنے لوگ مطالعے اور مکالمے پر یقین رکھتے ہیں؟ جن پریس کلبوں میں حسن اتفاق سے لائبریریاں موجود ہیں پتہ کرلیجئے کہ کتنی کتابیں وہاں بیٹھ کر پڑھتی جاتی ہیں اور کتنی ایشو ہوتی ہیں۔

آج چند ایک اخبارات کے کچھ لوگوں کے علاوہ اخبارات و الیکٹرانک میڈیا چینلز میں ویج بورڈ ایوارڈ کے مطابق تو نہیں پھر بھی قدرے مناسب حق خدمت ملتا ہے۔ ویسے ان چند اخبارات و الیکٹرانک چینلز میں بھی اب تین تین ماہ تنخواہ نہیں ملتی۔ دیگر اداروں میں بیگار کیمپوں جیسی صورتحال ہے۔

چند دن قبل اخباری شعبہ سے منسلک لوگوں کے مسائل پر گفتگو ہورہی تھی ایک دوست نے کہا "شاہ رونا دھونا کیسا کوئی اور کام کرلو" اپنے آنسو چھپاتے ہوئے عرض کیا نصف صدی بیت گئی قلم مزدوری کرتے اب کیا دال چاول کی ریہڑی لگالوں؟

لیکن مجھ سے یہ نہیں ہونا، یہ صرف میرا ہی نہیں میرے ہم عصر ان قلم مزدوروں کی اکثریت کا مسئلہ ہے جو ایک نظریہ کے تحت صحافت میں آئے تھے۔

پاکستان کے اکثر اخبارات میں کام کرنے والوں کو صوبائی حکومتوں کی مقررہ ماہانہ اجرت کے مساوی تنخواہ بھی نہیں ملتی یہ کڑوا سچ ہے۔ بیروزگاری کی ذلت کا بوجھ اٹھانے سے بچنے کے لئے مزدوری جاری رکھتے ہیں دوست احباب۔

آپ چند اینکروں، "طرم خانوں اور مخبر" صحافیوں، مالکان و صاحبزادگان کے کروفر کو دیکھ کر اکثریت کے بارے رائے قائم کرنے سے اجتناب کیجئے۔ پاکستان میں آزادی اظہار کا مطلب ہے مالکان کے مفادات اور ریاست کے نظریہ ضرورت کی ترویج۔ ان کڑے حالات میں بھی اگر کوئی اپنی بات کرلیتا ہے تو یہ غنیمت ہے۔

بہرطور یہ بچی کھچی آزادی ان بزرگوں اور ساتھیوں کی قربانیوں کا ثمر ہے جنہوں نے چار فوجی ادوار میں مردانہ وار جدوجہد کی، جیلیں کاٹیں، کوڑے کھائے قیدیں اور لمبی بیروزگاریاں بھگتیں۔ پاکستانی صحافت کا 90فیصد آج میڈیا منیجری میں مصروف ہے۔ مالکان سے عام فرد تک کیلئے میڈیا منیجری ضرورت سے زیادہ مجبوری بن کر رہ گئی ہے۔

لکھنے کو اور بہت کچھ ہے لیکن اس پر اکتفا کیجئے۔ سچ یہ ہے کہ قلم مزدور جو دنیا جہان کے مسائل پر بولتے لکھتے ہیں کبھی اپنے ہی شعبہ کے ساتھیوں کے حالات پر بولیں لکھیں گے تو آپ بھی خون کے آنسو رونے پر مجبور ہوجائیں گے۔

Check Also

Quwat e Iradi Mazboot Banaiye

By Rao Manzar Hayat