Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Gul Bakhshalvi
  4. Imran Khan Niazi Dilon Par Raj Karne Laga Hai

Imran Khan Niazi Dilon Par Raj Karne Laga Hai

عمران خان نیازی دلوں پر راج کرنے لگا ہے

دور حاضر کے یزید فطرت تو دیکھ رہے تھے، اب کوفی بھی بے نقاب ہو گئے، آستین کے سانپ اپنی پہچان کے لئے کچھ بھی نام رکھ لیں، لیکن قوم جان گئی کہ یہ ہے "استحکامِ خاندان پارٹی" اور اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ جہانگیر ترین کے شانے پر ان ہی کا ہاتھ ہے جو بھٹو کو زیر کرنے کے لئے الطاف حسین کی جماعت ایم کیو ایم اور بےنظیر بھٹو کی حکمرانی کے خلاف میاں محمد نواز شریف کی مسلم لیگ ن کے شانے پر تھا، لیکن جہانگیر ترین کو الطاف حسین اور میاں محمد نواز شریف کے انجام کو بھی نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیئے، دونوں وطن سے باہر اور قومی غدار کے لقب سے نوازے جا رہے ہیں۔

دنیا جانتی ہے کہ وطن عزیز میں ظلم و جبر کے سامنے جھک جانے والے یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی ذات و خاندان کے استحکام اور استحصال پاکستان کے لئے پاکستان دشمن قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے اس عظیم قائد کا ساتھ چھوڑ دیا جو صرف اور صرف آزاد اور خودمختار پاکستان کے لئے اپنی زندگی کی ساری خوشیاں قربان کر چکا ہے، اپنی زندگی وقف کر چکا ہے، جو کہتا ہے میں زندگی کی آخری سانس تک ظالم اور جابر کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالوں گا۔ پاک سر زمین پر ہی رہوں گا، ظلم و جبر کا مقابلہ کروں گا اس وقت تک جب تک پاکستانی قوم کو حقیقی آزادی نہیں ملتی میری جدوجہد جاری رہے گی۔

میری سوچ اور قومی کردار سے خوف زدہ میرے دیس کے دشمن چاہے مجھے دھمکیاں دیں یا جیل میں ڈالیں، میں ان کا مقابلہ کروں گا، میرا خدا میرے ساتھ ہے، عوام میرے ساتھ ہے میرے مخالفین کو یہ خوف ہے کہ اگر میں اقتدار میں آیا تو میں انہیں سیاسی میدان میں زندہ گاڑھ دوں گا، میں پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کے عمل پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا یہ فیصلہ میں اپنی قوم پر چھوڑتا ہوں، البتہ اتنا ضرور کہوں گا کہ تحریکِ انصاف چڑھتے سورج کے پجاریوں سے پاک ہوگئی ہے۔

تاحیات نااہل جہانگیر ترین بقول مسلم لیگ ن کے رجسٹرڈ چینی چور ہیں۔ ان کی جماعت کے صدر علیم خان اور اس کے رفقاء تحریکِ انصاف کے لوٹے ہیں اور باقی وہ ہیں جو بقول، پی ڈی ایم کے، کور کمانڈر کا گھر (جو جلائے جانے کے بعد جناح ہاوس کے نام سے مشہور ہوا) کو آگ لگانے والے تحریکِ انصاف کے دہشت گرد قومی مجرم اور شیطان تھے لیکن تحریکِ انصاف چھوڑنے کے بعد وہ ایک پریس کانفرنس میں گنگا نہا کر مسلمان ہو گئے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے منحرف اور چاندی کے پرستاروں کے اس عمل سے قوم جان گئی ہے کہ فسطائیت اور ابتلا کے اس دور میں جو پی ڈی ایم کے گیت گائے گا وہ مومن ہے اور جو حق اور صداقت کی صدا بلند کرے گا وہ پاکستان دشمن اور قومی غدار ہے، قومی میڈیا کو تو خاموش کر دیا گیا ہے لیکن سوشل میڈیا اور خاص کر ملک دشمن عالمی میڈیا جو گند پاکستان اور افواج پاکستان کے وقار کو داؤ پر لگانے والوں پر اچھال رہا ہے، وہ پاکستان اور افواج پاکستان سے محبت کرنے والوں کے دلوں پر تیر برسانے کے مترادف ہے۔

وہ جو کہہ رہے ہیں بالکل سچ کہہ رہے ہیں کہ ایک عمران خان کو ذوالفقار علی بھٹو کی طرح لٹکانے کے لئے جو کھیل کھیلا گیا، اس کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی۔ بھارتی تجزیہ کار بھرملا کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی کو جو پاکستان میں ہوا، اس پر ہمیں خوشی ہوئی اس لئے کہ جو کام بھارتی فوج چار جنگوں میں نہ کر سکی ایک عمران خان کے خوف سے پی ڈی ایم وہ کچھ کر گزری جو ہم نے کھبی سوچا بھی نہیں تھا، پاکستانی عوام نے عمران خان سے محبت میں کہا تھا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے۔

اس جملے کی بنیاد پر پی ڈی ایم نے منصوبہ بندی کی، ہائی کورٹ سے رینجرز نے عمران خان کو گرفتار کیا، گرفتاری کا یہ توہین آمیز منظر قومی میڈیا پر اشتہارات کی صورت دکھایا گیا، پی ڈی ایم نے جلتی پر تیل ڈالا اور پھر لمحوں میں وہ کچھ ہوا، جو پاکستان کی تاریخ میں کھبی نہیں ہوا، بھارتی میڈیا نے اور بھی بہت کچھ کہا لیکن پی ڈی ایم کی حکمرانی میں جو سچ ہے وہ جھوٹ ہے پی ڈی ایم نے ذاتی خواہشات کے لئے قومی اداروں کے وقار کو داؤ پر لگایا لیکن دنیا جانتی ہے کہ!

سچائی چھپ نہیں سکتی بناوٹ کے اصولوں سے

کہ خوشبو آ نہیں سکتی کھبی کاغذ کے پھولوں سے

عمران خان کے چاہنے والے پاکستان دوست جانتے ہیں کہ آج بڑی آزمائش کا وقت ہے، تحریکِ انصاف مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ اس دور ابتلا میں عمران خان قوم سے مخاطب ہو کر کہہ رہے ہیں کہ عوام ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کے لئے ڈٹ جائے، ہمت نہ ہاریں تحریکِ انصاف کا پرچم، قومی پرچم کے ساتھ لہراتا رہے گا۔ جبکہ، معاشرے کے زندہ ضمیروں کا کہنا ہے کہ عمران خان جھکنے والا نہیں کل کیا ہوگا خدا جانتا ہے لیکن اگر عمران کو جیل میں ڈالا گیا، اور اللہ تعالیٰ نے اسے زندگی دی تو عمران خان آنے والے کل کو دوسرا نیلسن منڈیلا ہوگا، اس لئے کہ گورنر جنرل قائدِاعظم محمد علیؒ، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹوؒ کے بعد قائد پاکستان عمران خان نیازی دلوں پر راج کرنے لگا ہے۔

اور جو دل جیت جاتا ہے اسے دنیا کی کوئی طاقت زیر نہیں کر سکتی، اس لئے تحریک انصاف کا شیدائی کہتا ہے!

فقیہہ شہر میں زندہ ہوں اس لئے شاید

کہ تیرے ظلم و ستم کی میں انتہا دیکھوں

Check Also

Quaid e Azam Ki Mehbooba

By Muhammad Yousaf