Sunday, 28 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Dr. Abrar Majid/
  4. Aeen, Qanoon Aur Civil Baladasti Ki Jang Larne Walon Ko Salam

Aeen, Qanoon Aur Civil Baladasti Ki Jang Larne Walon Ko Salam

آئین، قانون اور سول بالادستی کی جنگ لڑنے والوں کو سلام

اگر موجودہ حکومت واقعی آئین و قانون اور سول بالادستی پر یقین رکھتی ہے تو پھر کچھ اقدام اس دعوے کے ثبوت میں بھی اٹھائے جانے چاہیے۔ جن لوگوں نے ظلم و جبر کے ماحول میں اپنے ذاتی مفادات کو ٹھکرا کر ملکی امن، فلاح، ترقی اور سلامتی کی خاطر آئین و قانون، جمہوریت اور سول بالادستی کے لئے قربانیاں دیں اور مصیبتیں جھیلیں ان کو وضائف یا مراعات کی میں سفارش نہیں کرتا بلکہ ان کو ملک و قوم کی بھلائی کے لئے اہم ذمہ داریاں دینی چاہیے۔

ان ذمہ داریوں کی وجہ ان کو نوازنا نہیں بلکہ ان کی اس ملک، آئین، قانون اور جمہوریت کے ساتھ وفا اور محبت کو انکی اہلیت اور قابلیت سمجھتے ہوئے انکے جذبوں، توانائیوں، جراتوں اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے ان سے اس ملک و قوم کی خدمت کرنے کی گزارش ہے جس کی شائد ان کو خواہش بھی نہ ہو مگر ملک و قوم کو ان کی ضرورت ہے۔ ان میں وہ صحافی ہیں جنہوں نے سچ کی آواز کو بلند کیا، وہ سیاستدان ہیں جنہوں نے اپنی راست بازی سے اقتدار کی حوس کو شکست دی یا ایسے رازوں سے پردہ اٹھایا جو اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کا سبب بننے جا رہے تھے۔

وہ جج ہیں جنہوں نے اپنے مستقبل، جان و مال اور عزت و آبرو کو داؤ پر لگا کر آمریت کے سامنے ڈٹ کر بہادری سے ناانصافی کی مذموم سازشوں کو بے نقاب کیا۔ ہماری پارلیمنٹ کو تین تمغوں کا بھی اعلان کرنا چاہیے جو تمغہ انصاف، تمغہ جمہوریت اور تمغہ صدق کے ناموں سے ہوں اور ان عظیم شخصیات کو دئیے جائیں جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر آج تک اپنی سوچ و عمل سے اس ملک و قوم کی جمہوریت، انصاف اور اصولی سیاست سے خدمت کرکے اس ملک کو ناقابل تسخیر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جانی چاہیے جو ایسی شخصیات کی فہرستیں مرتب کرے اور پھر ان کو ذمہ داریاں سونپنے کی سفارشات بھی پیش کرے اور ایسی شخصیات کو ان ذمہ داریوں کی قبولیت پر دباؤ ڈالے تاکہ قوم کو صحیح قیادت میسر آئے۔ میں عوامی نمائندگان کی یہ ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ وہ صحیح معنوں میں اہل اور قابل قیادت کے سامنے لانے کے لئے کوئی لائحہ عمل ترتیب دے جس سے ایسے لوگوں کو خدمت کے لئے سامنے لایا جا سکے جن کے اندر اعلیٰ عہدوں کی خواہش نہیں اور وہ ذمہ داریوں سے بھاگتے ہیں تاکہ اس ملک کی تقدیر کو بدلا جا سکے اور اس ملک کو بہروپیوں اور مفاد پرست ٹولوں سے نجات دلائی جا سکے جو خوشامدیوں کی طرح لائن میں لگے ہوتے ہیں۔

ایسے لوگوں کے چناؤ کے لئے بھی کوئی طریقہ کار وضع کیا جائے جس سے علم، تجربہ اور کارکردگی کے ساتھ ساتھ سادگی، اعلیٰ اخلاق و کردار اور تقویٰ کے حامل لوگوں کا چناؤ ممکن بنا کر انکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے جنہوں نے خود اپنی زندگی میں ان تمام اوصاف کے ساتھ زندگی گزاری ہو اور جن کے نزدیک حقیقت، سچائی، رواداری اور انسانیت سے محبت ہی تعلق اور حوالوں کے پیمانے ہوں۔

جمہوریت سے مستفید ہونے کے لئے قومی شعور اور اعلیٰ اخلاق کا ہونا انتہائی ضروری ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اگر براہ راست ہم اس سے مستفید نہیں ہو پا رہے تو ہمیں بلواسطہ کوئی ایسی راہ نکال لینی چاہیے جس سے ہم اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کر سکیں۔ ہمیں ملکی انتظام و انصرام سنبھالنے کے لئے اچھے ذہن اور کردار چاہیے جن کو ہم تکنیکی ذرائع کے طور پر اپنا کر بھی اپنا مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے لئے ہمیں درج بالا خصوصیات کی حامل شخصیات کا ایک تھنک ٹینک بنانا چاہیے جو اپنی صلاحیتوں اور کردار کے بل بوتے پر ہمیں درپیش مسائل کا مقابلہ کرنے کا لائحہ عمل دے اور ہماری جمہوریت کو سفارشات پیش کرتا رہے جس سے ہمارے مطلوبہ باشعور اور اعلیٰ اخلاق کے ہدف کا حصول ممکن بن سکے۔

ایسی شخصیات جو متنازع نہ ہوں جن پر تمام سیاسی حلقوں کا بھی اتفاق ہو مثلاً جسٹس وجیہ الدین، جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور مخدوم جاوید ہاشمی وغیرہ وغیرہ کو فوری طور پر ان کی قابلیت کی نسبت سے ذمہ داریاں سونپی جانی چاہیے اور مزید ہیروں کو ڈھونڈنے کی ذمہ داریاں بھی انہی کو دی جا سکتی ہیں۔ ایسے تھنک ٹینکس کو خاص ماحول میں رکھا جانا چاہیے جن پر بیرونی عوامل اثر انداز نہ ہو سکیں اور نہ ہی ممکنہ خطرات کی ان تک دسترس ہو اور نہ ہی ان کو سیاسی نظام یا ادارہ جاتی سیاست کے ساتھ ملوث ہونے کے ماحول کے ان پر اثر انداز ہونے دیا جائے تاکہ یہ تھنک ٹینک تنازعات سے بچا رہے اور اپنا کام بخوبی سرانجام دینے کی حالت میں رہے۔

یہ مروجہ بالا نمونہ وقتی طور پر ایک متبادل کے طور پر کام کرے گا جو اچھا ماحول پیدا کرنے میں ممدو معاون ہوگا۔ دراصل ہمیں اس حقیقی ماڈل کی طرف ہی توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے افراد کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کرکے ایک مثالی معاشرے کی تخلیق کے ذریعے سے تمام مسائل کا حل ڈھونڈنا ہے۔ جو ہمارا نظریاتی ماڈل ہے جس کے لئے اس ریاست کو وجود ملا تھا جو ہماری قومی اور اسلامی اقدار کا ضامن اور ہمارا اصل ورثہ ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ سراہا جانے والا انسانی تاریخ میں پائیدار ترقی کا نمونہ ہے۔ جو معاشرتی ترقی سے لے کر معاشی ترقی اور دفاہی سے فلاحی حکمت عملیوں تک کا احاطہ کرتا ہے۔

اس کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ ہم پروٹوکول مافیا سے جان چھڑائیں جو زبردستی اس ریاست کی خدمت کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ جو سیاست کو کاروبار، عدالت کو سیاست اور حکومت کو بادشاہت کی طرز پر چلا رہے ہیں۔ جن اعلیٰ عہدوں پر براجمان شخصیات کے اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کے انکشافات اور ریاست کی تباہی کا سبب بننے والے کارنامے بے نقاب ہو چکے ہیں اور ان کو ابھی بھی اس پر شرمساری نہیں ہو رہی ان کو واقعی قرار سزا دے کر ایک عبرت ناک مثال بھی قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس غیر فطری گٹھ جوڑ کا راستہ بند کیا جا سکے جو پچہتر سالوں سے رائج ہے۔

Check Also

Mein Aap Ka Fan Hoon

By Rauf Klasra