Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Hamesha Apni Puri Neend Soyen

Hamesha Apni Puri Neend Soyen

ہمیشہ اپنی پوری نیند سوئیں

اِس دنیا کا ہر آدمی ایک بہترین نیند سونا چاہتا ہے۔ طبی تحقیق کے مطابق روزانہ آٹھ گھنٹے کی نیند ضرور لینی چاہیے مگر ہماری روزمرہ کی روٹین اور سوشل میڈیا کے بہت زیادہ استعمال کی وجہ سے یہ دورانیہ اب پانچ سے چھ گھنٹے کی کم حد تک پہنچ چکا ہے جو کہ ٹھیک بات نہیں ہے۔

نیند ہمارے لیے بےحد ضروری ہے۔ جیسے اچھی خوراک ہمیں صحت مند رکھتی ہے بالکل ویسے ہی بہترین اور مکمل نیند بھی ہمیں چست و توانا رکھنے میں اُتنی ہی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ہماری صحت کے چھپے رازوں میں سے ایک راز اچھی اور بھرپور نیند بھی ہے۔ اگر ہم نیند پوری نہیں کرتے تو ہمیں کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آئیے اُن کے بارے میں جانتے ہیں۔

1- جلد بوڑھا ہونا

جی ہاں نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے آپ جلد بوڑھے ہو سکتے ہیں کیونکہ کم نیند آپ کی آنکھوں کے نیچے کالے حلقے پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کی سکن کو بوڑھاپے کی طرف جلدی لیجاتی ہے تو اگر جوان رہنا چاہتے ہیں تو اپنی نیند پوری کرنے پر توجہ دیں۔

2- چڑچڑا پن

کم نیند آپ کو چڑچڑا کر دیتی ہے۔ جیسے انرجی موبائل کو چارج کرتی ہے بالکل ویسے ہی نیند انسان کو چارج کرتی ہے۔ اگر آپ سہی طرح سے نہیں سوتے تو آپ کی طبیعت بوجھل رہنے لگتی ہے۔ آپ ہر کسی سے الجھنے لگتے ہیں۔ آپ کے سلوک سے بےزاری ظاہر ہونے لگتی ہے۔ آپ تازہ دم نہیں رہتے۔ بات بات پر غصہ کرنے لگتے ہیں۔ کم نیند آپ کے جسم کو بےسکون کر دیتی ہے۔

3- دل کا مرض بڑھنے لگتا ہے

اگر آپ پوری نیند نہیں سوتے تو ایسا کرنے کی وجہ سے آپ کے دل کی دھڑکن تیز رہنے لگتی ہے اور اِس کے علاوہ آپ بلڈ پریشر کے مریض بھی بن جاتے ہیں۔ آپ کا بی پی ہائی رہنے لگتا ہے۔ تو اسی لیے اگر آپ کو کم سونے کی عادت ہے تو اسے چھوڑ دیجیے وگرنہ دل کے امراض آپ کی راہ تک رہے ہیں۔

4- دفاعی نظام کمزور ہو جاتا ہے

کم نیند ہمارے اندر کے دفاعی نظام کو سست کر دیتی ہے۔ اگر ہم دو ایسے لوگوں کا موازنہ کریں کہ جن میں سے ایک مکمل نیند سوتا ہو اور دوسرا کم نیند تو اُن دونوں میں انفیکشن کے خلاف لڑنے کی زیادہ طاقت بہتر نیند سونے والے کے پاس ہوگی اور کم نیند والا اپنے انفیکشن کے خلاف اچھے انداز سے نہیں لڑ سکے گا کیونکہ کم سونے کی وجہ سے وہ اپنی قوت مدافعت کو کھو چکا ہوتا ہے۔

5- شوگر کے مرض سے چھٹکارہ

اگر آپ زیادہ دیر تک جاگتے ہیں تو ایسا کرنے سے انسولین کی حساسیت بڑھ جاتی ہے اور زیابیطس ہونے کا خطرہ بھی جبکہ زیادہ سونا شوگر ہونے کے امکانات کو بہت حد تک کم کر دیتا ہے۔

6- بانجھ پن کا خطرہ

آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ ڈاکٹرز شادی شدہ عورت کو ہمیشہ پوری نیند کی ترغیب دیتے نظر آتے ہیں۔ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ کیونکہ نیند کی کمی بانجھ پن کے امکانات کو بڑھاوا دیتی ہے۔ اسی لیے ماں بننے کی خواہش لیے ہر عورت کو ایک بھرپور نیند سونے کی عادت بنا لینی چاہیے۔

اِس کے علاوہ بھی کئی ایسی چیزیں ہیں جو کم نیند سونے کی وجہ سے ہمارے جسم میں بہت سی تبدیلیاں لیکر آتی ہیں۔ کم نیند سونا آج کے دور کا ایک فیشن بن چکا ہے۔ ایک ایسا مرض جو ہر ایک کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے جس میں سب سے بڑا ہاتھ موبائل کا ہے۔ رات گئے تک ہم اِسے استعمال کرتے ہیں اور نیند کی پرواہ نہیں کرتے جبکہ یہ عادت یا تسلسل ہمیں بہت سے بگاڑ کی طرف لیجائے جا رہا ہے۔ ہمیں اِس عادت سے پیچھا چھڑوانا ہوگا۔

ہمیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ اگر ہمیں خود کو صحت مند، سلم اور فٹ رکھنا ہے تو ایک بہترین معاشرہ تشکیل دینے کے لیے ہمیں پوری نیند کی عادت کو اپنانا پڑے گا وگرنہ نتائج بہت بھیانک ہو سکتے ہیں۔

Check Also

Westa Ki Pujaran

By Khalid Isran