Apni Auqat Mein Raho
اپنی اوقات میں رہو
ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں، کہ اوقات کا لفظ آپ کے لیے استعمال نہیں کیا بل کہ زمین کے لیے استعمال کیا ہے اوقات کا لفظ ہم ہرگز استعمال نہیں کرسکتے، کیوں کہ کائنات میں ہماری کوئی اوقات ہی نہیں ہے اسلئے غصہ نہ کریں۔
ہماری زمین کا قطر میٹر 12,756 کلو میٹر ہے، جبکہ گولائی تقریباََ چالیس ہزار کلو میٹر ہے۔ روشنی زمین کے اردگرد ایک سیکنڈ میں تقریباً سات چکر لگا سکتی ہے، اس سے آپ خود اندازہ لگا لیں، کہ ہماری زمین کی بھی کوئی خاص اوقات نہیں۔ ہم جس کہکشاں میں رہتے ہیں اس کو سائنس کی زبان میں ملکی وے کہکشاں کہتے ہیں۔
ناسا کے مطابق اسکا قطر ایک لاکھ نوری سال ہے۔ لیکن کائنات کی وسعت کے آگے ہماری "ملکی وے کہکشاں" کی اوقات بھی کوئی خاص نہیں ہے کیوں کہ روشنی اپنی تین 3 لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے "ملکی وے" کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک پہنچنے میں ایک لاکھ سال کا وقت لیتی ہے۔ زمین اور نظام شمسی کے تمام سیارے ملکی وے کہکشاں کے اندر ہیں جبکہ خود ملکی وے کہکشاں لوکل گروپ کلسٹر کے اندر ہے۔
لوکل گروپ کلسٹرز کا ڈائی میٹر 10 ملین نوری سال ہے اور اس میں 30 سے زیادہ ملکی وے کہکشاں کی طرح کہکشائیں موجود ہیں ہر کہکشاں موشن میں ہے اور ہر کہکشاں کے اندر جو سیارے اور ستارے موجود ہیں، وہ بھی اپنے اپنے دائرے میں بلین سالوں سے تیر رہے ہیں۔ لوکل گروپ کلسٹر کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک پہنچتے پہنچتے تقریباً دس ملین سال کا وقت لیتے ہیں۔ اسکا مطلب یہ ہے کہ لوکل گروپ کلسٹر کی بھی کوئی خاص اوقات نہیں ہے۔
لوکل گروپ کلسٹرز کی تمام تر کہکشائیں ورگو سپر کلسٹرز کے اندر ہیں، یعنی ہم ورگو سپر کلسٹر کے اندر رہتے ہیں یہ ہمارا اپنا ہی سپر کلسٹر ہے۔ اس میں 1300 سے لیکر 2000 کے قریب مختلف سائز کی کہکشائیں ہیں۔ ورگو سپرکلسٹر کا قطر 110 ملین نوری سال ہے، اس کا مطلب یہ کہ روشنی جیسی تیز رفتار پارٹیکلز ورگو سپرکلسٹر کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک جانے کے لیے، لگ بھگ 110 ملین سال کا وقت لیتی ہے، لیکن کائنات میں اس کی بھی کوئی اوقات نہیں ہے۔
کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی، بلکہ ہماری کہکشاں جس سپر کلسٹر میں موجود ہے، اس کو سائنس کی زبان میں ہم لانیکیا سپر کلسٹر کہتے ہیں، یہ ہمارا اپنا سپر کلسٹر ہے، کیونکہ اس میں ہماری زمین بھی موجود ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ لانیکیا سپرکلسٹر کی لمبائی پانچ سو ملین نوری سال ہے، جی بالکل پانچ سو ملین نوری سال، اس میں تقریباً 100,000 کہکشائیں ہیں اور جو سرخ رنگ دیکھ رہے ہیں یہ زمین نہیں ہے، بلکہ آپ کی ملکی وے کہکشاں ہے۔
اسلیے تو بار بار اور ہر بار کہہ رہا ہوں کہ کائنات میں آپ کی ملکی وے کہکشاں کی بھی کوئی اوقات نہیں اور آپ اپنی اوقات کی بات کرتے ہیں؟ اپنی ملکی وے کہکشاں کی اوقات دیکھ لیں۔
تو کیا کائنات کے سامنے "لانیکیا سپر کلسٹر" کی اوقات ہے؟ نہیں کائنات کے سامنے لانیکیا سپرکلسٹر بھی ریت کا ذرہ ہے اگر کائنات سے لانیکیا سپرکلسٹر 100000 کہکشاؤں سمیت باہر نکال دیا جائے، تو کائنات پر اتنا ہی فرق پڑے گا جتنا کسی سمندر سے ایک کلاس پانی پینے سے پڑتا ہے۔۔