Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asifa Ambreen Qazi
  4. Khoobsurti Ke Kaarobar Ka Badsurat Chehra

Khoobsurti Ke Kaarobar Ka Badsurat Chehra

خوبصورتی کے کاروبار کا بدصورت چہرہ

دو سال پہلے لاہور ہائی کورٹ نے ایک بیوٹی پارلر کو پچاس ہزار ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا، قصہ یہ تھا کہ سیلون کی مالکن نے میک آپ کی طے شدہ رقم 75 ہزار سے زائد کا تقاضا کیا اور اضافی ادا نہ کرنے پر دلہن کا میک آپ ادھورا چھوڑ کر اسے پارلر سے باہر نکال دیا۔ اس تذلیل پر دلہن کے گھر والوں نے عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور ہرجانہ طلب کیا۔۔

چلیے یہ تو ایک خبر تھی، میں حیران تھی کہ صرف چہرے کے میک آپ کا 75 ہزار؟

مختلف تقاریب کے لیے ہماری خواتین اور دلہنیں تو اب بیوٹی سیلون سے ہی تیار ہوتی ہیں۔ جو اشیا دلہن کے میک آپ میں استعمال ہوتی ہیں ان کی لاگت کتنی ہوگی؟ ایک لپ اسٹک مہینوں چلتی ہے، یہی صورت حال میک آپ کی باقی اشیا کے ساتھ ہے۔ لیکن اگر دلہن تیار کرنے کا ریٹ پوچھا جائے تو وہ 20 ہزار سے ایک لاکھ تک ہے، شاید بڑے برانڈز کے سیلون پر اس سے زیادہ ہو۔ چھ سال قبل لاہور میں میری ایک دوست کی شادی پہ 2 دن کی تقریبات کے لیے میک آپ کے کل اخراجات پینسٹھ ہزار تھے۔

میری ایک کا راوالپنڈی میں بیوٹی سیلون ہے اس سے ایک دن بے تکلفانہ پوچھا کہ منافع کی شرح کیا ہے؟ جواب آیا کہ تقریباً ایک لاکھ کا کاسمیٹیکس خریدتے ہیں اور اس سے تیس سے پینتیس دلہنیں تیار ہوجاتی ہیں اگر فی دلہن پچیس ہزار بھی چارج کریں تو آٹھ لاکھ تک کما لیتے ہیں۔ اس میں پارٹی میک اپ، ہیر کلرز اور فیشلز شامل نہیں بلکہ صرف برائیڈل میک آپ سے ہی سات لاکھ کا منافع ہوجاتا ہے۔ یہ وہ غازہ ہے جو محض چند گھنٹوں کے بعد ہی واش بیسن کی نذر ہوجاتا ہے۔

سوال یہ ہے کہ کبھی اس پارلر مافیا کے خلاف کسی نے بات کی؟ چلیں مان لیا کہ آج کے دور میں پارلر سے دلہن کا تیار ہونا رواج، مجبوری یا فیشن بن چکا ہے لیکن چہرے پہ ایک ہزار کے میک آپ کے عوض اتنی بھاری رقم وصول کرنا بہت زیادتی ہے۔ ظلم ہے۔

زیادہ تر پارلر تو ریگولیٹ بھی نہیں اور نہ ٹیکس دیتے ہیں پھر بھی وہ ڈنکے کی چوٹ پر لوٹ رہے ہیں۔ ان میں کام کرنے والی مجبور لڑکیاں جو دن میں پندرہ ہزار کے تین تین فیشلز کرتی ہیں ان کو ماہانہ دس ہزار تنخواہ بھی نہیں دی جاتی۔ ہم غریب سبزی والے سے تو تکرار کرکے پیسے کم کروا لیتے ہیں لیکن پارلر جتنا زیادہ ریٹ بتائے گا اسے معیاری اور حق بجانب سمجھتے ہیں۔

50 ہزار کے میک آپ کی تب تو سمجھ آتی ہے جب ہر دلہن کے لیے میک آپ اور تیار کرنے کے، اوزار، نئے استعمال کیے جائیں مگر یہاں تو ایک ہی فوم کا پف پندرہ، بیس چہروں پہ رگڑا جاتا ہے، ایک برش سے میک آپ لگایا جاتا، ایک ہی کاجل اور مسکارا استعمال ہوتا۔۔ کچھ بھی ڈسپوز آف نہیں ہوتا۔ پتا نہیں سکن الرجی اور سکن انفکیشن کس کس کو ہوتا ہوگا۔

خوبصورتی کے اس کاروبار کا بدصورت چہرہ پتا نہیں معاشرے کو کب نظر آئے، نہ ہم آواز اٹھاتے ہیں نہ بائیکاٹ کرتے ہیں۔۔ اور ہم بھی ایسے بے حس ہیں کہ سبزی فروش سے ٹینڈوں کے بھاو پہ گھنٹہ بحث کریں گے اور پیسے کم کروائیں گے، مگر 2 ہزار کی لاگت کا میک آپ 60 ہزار میں کروانے کو تیار ہیں۔ ساری گنگا الٹی بہتی ہے۔

Check Also

Tufaili Paude, Yateem Keeray

By Javed Chaudhry