Saturday, 04 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Asfar Ayub Khan/
  4. Watan e Aziz Mein Mafia Raj

Watan e Aziz Mein Mafia Raj

وطن عزیز میں مافیا راج

ہمارے ایک قاری پر بیتی ایک المیہ داستان پیش خدمت ہے جو اس ملک میں جاری غنڈہ راج کی عکاس ہے۔ موصوف ایک پبلک سیکٹر کمپنی میں پراجیکٹ مینیجر کے عہدے پر فائز ہیں۔ ان کے ذمہ ایک ایسا پراجیکٹ لگا جو چیونٹی کی رفتار سے چل رہا تھا۔ عملہ کے کسی رکن کو کام کی زبوں حالی سے کوئی سروکار نہ تھا اور سب تنخواہوں اور مراعات کا انتہائی بے صبری سے انتظار کرتے تھے۔

پراجیکٹ مکمل طور پر مافیا کے شکنجے میں جکڑا ہوا تھا اور اراکین اس شکنجے کو دوام بخشنے کے لئے کوشاں تھے۔ ایسے ماحول میں ان صاحب نے محنت، صبر اور ایمانداری سے اپنا کام شروع کیا تو تمام مافیا کے پروردہ عناصر نے پوشیدہ اور ظاہری طور پر انکی مخالفت کے لئے ہر ممکن کوشش کر ڈالی مگر اس مرد مجاہد نے بھی ٹس سے مس نہ ہونے کی گویا قسم کھا رکھی تھی۔

رحمانی اور شیطانی قوتوں کی اس جنگ میں اس نے قرون اولیٰ کے مسلمانوں کی یاد تازہ کر دی اور حق کے ساتھ کھڑے ہونے کی آبائی روایت کو زندہ و جاوید کر دیا۔ کسی خوف اور لالچ کے بنا وہ پراجیکٹ کے تمام حصہ داروں کے حقوق کا خیال کرتا وہ اپنا کام کرتا چلا گیا۔ مافیا کے آلہ کار ٹھیکیداروں نے اسے بلیک میل کرنے میں کوئی کثر نہ چھوڑی۔ ان پر ہاتھ ڈالنے کی پاداش میں اس کے کیرئر کو داغدار کرنے کے لئے اسے تیسرا درجہ دے کر نہ صرف اس کی لگن، بلکہ اس کے بونس کو برباد کر دیا گیا۔

قارئین کرام، اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ نادرا کے سابق سربراہ ملک کے ساتھ ایسے واقعات متعدد بار ہو چکے۔ بہت سے سرکاری عہدیدار مافیا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم مافیا کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ ہمارے پیارے نبی ﷺ کی حیات طیبہ کا مشن صرف اور صرف مافیا کی بیخ کنی تھا، جو رومن اور فارسی ملوکیت کی صورت میں دنیا پر قابض تھا۔

پھر چشم فلک نے ایسا منظر بھی دیکھا کہ 60 ہزار مسلمانوں نے یرموک کے مقام پر حضرت خالد بن ولید کی قیادت میں 4 لاکھ رومن فوج کے چھکے چھڑا دیئے۔ کم و بیش ایسا ہی معاملہ قادسیہ میں پیش آیا، جہاں اسلامی لشکرکے سپہ سالار حضرت سعد بن ابی وقاص کی سربراہی میں گھوڑوں پر سوار مسلمان فوج نے ہاتھیوں کی فوج کو تہس نہس کر دیا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم لوگ اپنی اور اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں اور حق کا ساتھ دینے کے لئے اٹھ کھڑے ہوں تاکہ ہم مافیا کے قبیح شکنجے سے آزاد ہو کر اپنی زندگیوں میں بدلاؤ لا سکیں۔

Check Also

Aankh Ke Till Mein

By Shaheen Kamal