Saturday, 04 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Asfar Ayub Khan/
  4. Union Council 79 Ki Halat e Zaar

Union Council 79 Ki Halat e Zaar

یونین کونسل 79 کی حالتِ زار

راولپنڈی کے مشرقی علاقے چکلالہ میں واقع یونین کونسل 79 ایک انتہائی اہمیت کی حامل جگہ ہے۔ یہاں سے پشاور سے کراچی جانے والی ریلوے لائن ایم ایل ان گزرتی ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ راولپنڈی سے یکساں فاصلے پر موجود یہ علاقہ گزشتہ پانچ سالوں میں تیزی سے آباد ہوا۔ اس سے پہلے یہ علاقہ غیر آباد اور جنگل تھا۔ شاہ خالد انڈرپاس اور ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کا ریلوے پل بننے کے بعد اس علاقہ کی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

آج بھی اس علاقے کی حالت دگرگوں ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ راولپنڈی میونسپل کارپوریشن، واسا، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، پولیس اور واپڈا کے نزدیک یہ علاقہ اب تک غیر آباد ہے۔ اس علاقے میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔ سیوریج کا نظام ناپید ہے۔ جو گٹر لائنز موجود بھی ہیں وہ مقامی انتظامیہ کی غفلت کے باعث بند پڑی ہیں۔ پورے علاقے میں ایک بھی سٹریٹ لائٹ نہیں جس کے باعث رات کو یہ علاقہ انیسویں صدی کی کسی تاریک گلی کا منظر پیش کرتا ہے۔

یہاں صفائی کا کوئی نظام موجود نہیں۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی آتی ہے نہ عملہ۔ کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے اور پھینکنے کا کوئی میکانزم نہیں۔ بارشی پانی کے نکاس کی کوئی ترتیب موجود نہیں۔ قریبی نالے سے متصل دیوار عرصہ دراز سے منہدم ہو چکی ہے مگر ارباب مجاز کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ شہر کے بیچوں بیچ واقع ہونے کے باوجود یہاں گیس کی سہولت موجود نہیں، جبکہ ان سے متصل علاقوں وکیل کالونی اور سیکٹر 4 میں تمام ضروریات زندگی میسر ہیں۔ ptcl کی آپٹک فائبر نہ بچھی ہونے کے باعث ٹیلیفون، انٹرنیٹ اور ٹی وی کی سہولیات عنقا ہیں۔

سیکیورٹی کے معاملات تو انتہائی خطرناک ہیں۔ جرائم پیشہ اور نشے کے عادی افراد ٹولیوں کی شکل میں گھومتے ہیں اور اکثر وارداتوں کی اطلاع ملی ہے۔ گھروں کی چھتوں اور بیرونی حصوں سے اشیاء کا چوری ہونا معمول بن چکا ہے۔ اس سلسلہ میں جب پولیس حکام سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے حسبِ معمول وسائل کی کمی کا رونا رویا۔ یہاں پولیس کے گشت اور چوکی کے قیام کا دیرینہ مطالبہ اہل علاقہ کے دل کی آواز بن چکا ہے۔

ہماری ارباب حل و عقد سے یہ گزارش ہے کہ آئین پاکستان کی رو سے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلہ میں تمام سہولیات مہیا کرنے کے لئے احکامات جاری کئے جائیں، تاکہ یہاں رہنے والے عوام کہ زندگیاں بھی آسان ہو سکیں۔

Check Also

Danda Peer Aye Shuf Shuf

By Zafar Iqbal Wattoo