Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asfar Ayub Khan
  4. Muasharti Beemari

Muasharti Beemari

معاشرتی بیماری

ایفائے عہد مسلمانی کا جزو لاینفک ہے۔ قرون اولی کے مسلمان اپنے کردار کے باعث ایک ایسے وقت میں زمانے میں معزز ہوئے جب انسانیت جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی۔ ایسے معاشرے میں محمد رسول ﷲ ﷺ کی ذات اقدس باد صبا کے تازہ جھونکے کی مانند تھی۔ صادق اور امین کا لقب پانے والے ﷲ کے محبوب ﷺ نے جاہلیت کے اس دور میں سچائی اور دیانت کا ایسا عملی نمونہ پیش کیا کی آپﷺ کے بدترین مخالف بھی اپنی امانتیں پیغمبرؑ کے پاس رکھوایا کرتے تھے۔ رسول ﷲ ﷺ کے نظریہ کے مخالفین بے شمار تھے مگر آپ ﷺ کے کردار کی شہادت پورا جزیرہ نمائے عرب دیتا تھا۔

آج ہمارے معاشرے کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ پیغمبر ﷺ کے امتی ہونے کے دعویدار مکمل طور پر جھوٹ اور دھوکہ دہی کی تصویر بن چکے ہیں۔ جھوٹ اس ہجوم کے رگ وپے میں سرایت کر چکا ہے۔ آباو اجداد کے زمانے کی شنید ہے کہ زبان کی کوئی وقعت ہوتی تھی۔ آج کے اس جدید دور میں زبان یا عہد کی قدروقیمت ختم ہو چکی۔

معاملہ کسی کو ملنے کا ہو، کہیں پہنچنے کا ہو، کوئی کام پورا کرنے کا عہد ہو، ہرجگہ جھوٹ نے اپنے پنجے گاڑے ہیں۔ آپ کسی ٹھیکیدار کو کام کے آغاز کا پوچھیں تو موصوف انتہائی سکون سے فردا کی یقین دہانی کروادیں گے، مگر اگلے دن یا تو فوتیدگی ہوجائے گی، گاڑی کا حادثہ ہو جائے گا یا پھر ملک گیر ہڑتال۔ قرآن مجید کی تعلیمات کے برعکس، جمعہ کے دن کام کرنا ناممکنات میں سے ہے، حالانکہ ﷲ پاک نے واضح طور پر نماز جمعہ کے بعد زمین میں پھیل جانے اور ﷲ کا فضل تلاش کرنے کا حکم دیا ہے۔

گزارش ہے کہ خدارا جہالت کی اتھاہ گہرائیوں سے نکلیں، اور اسلام کی صحیح روح کو سمجھیں۔ دین اسلام چند رسومات کا مجموعہ نہیں ہے بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جوکھانے پینے سے لے کر دنیا پر حکمرانی کے اصول تک ہر چیز ﷲ کی آخری کتاب میں سموئے ہوئے ہے۔ سورت بنی اسرائیل 34 نمبر آیت میں ارشاد باری تعالی ہے "عہد کی پاسداری کرو، بے شک عہد کے بارے پوچھ گچھ ہوگی"۔

اگر ہم سب لوگ اپنے وعدے پورے کرنے لگ جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ﷲ تعالی ہمیں اقوام عالم کی صف اول میں نہ کھڑا کرے۔ اس سلسلہ میں ضمناٌ عرض ہے کی جدید سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر وعدہ نہ پورا ہونے کا احتمال تو کم از کم اگلے انسان سے مواصلت کا اہتمام ضرور کرلینا چاہئے۔

Check Also

Do, Rotiyon Ki Bhook Ka Qarz

By Mohsin Khalid Mohsin