Messi The Goat
میسی دی گوٹ
یہ ایک بکری کی نہیں، ایک پسو کی کہانی ہے۔ یہ ہمارے عہد کے شاندار اور عظیم ترین کھلاڑی کی کہانی ہے۔ میں اس کی ٹرافیوں، اسکے گولوں کی تعداد اور اس کی کامرانی کی داستان کے ساتھ ساتھ اس کی نفسیات سے زیادہ دلچسپی رکھتا ہوں۔ دنیا کامیاب لوگوں کا اکھاڑا ہے۔ ہم میسی کی نفسیات سے کچھ نہ کچھ کارآمد سیکھ سکتے ہیں۔ کم لوگ جانتے ہیں کہ میسی کا سب سے مشہور ترین نک نیم ہسپانوی زبان میں"لا پلگا" یعنی کہ پسو ہے۔ یہ نام اس کے بڑے بھائیوں نے اس کے چھوٹے قد کی وجہ سے دیا تھا کہ وہ میچ کے دوران مخالف ٹیم کی ہر دراڑ میں گھس جاتا تھا اور گول کر کے ہی واپس لوٹتا تھا۔
1987 میں پیدا ہونے والے بچے میں سب سے پہلے اس کی دادی نے فٹ بالر بننے کے جراثیم دیکھے جب اس کی عمر چار سال تھی۔ سیلیا اولیویرا نے میسی کے والدین کو فٹ بال کے جوتے کا پہلا جوڑا خریدنے پر آمادہ کیا بلکہ مقامی کلب کے اس وقت کے کوچ کو اپنے پوتے کو میچ اسکواڈ میں شامل کرنے کا کام سونپا۔ میسی کی دادی کچھ عرصے بعد چل بسی۔
کرسٹیانو رونالڈو کی طرح میسی بھی ایک غریب گھر میں پیدا ہوا، والدہ فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی لیونل میسی کے خاندان میں اس کے دو بھائی اور ایک بہن ہے۔ لیونل میسی کی اہلیہ کا نام انٹونیلا روکازو ہے، جس سے ان کی شادی 30 جون 2017 کو ہوئی تھی۔ انتونیلا سے اس وقت دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ بچپن میں میسی کی نشوونما رک گئی اور وہ بونا رہ گیا تھا۔ اس کے والدین کو اس کی ہارمون تھراپی کرانی پڑی تھی جس کے لیے ان کے پاس زیادہ وسائل موجود نہیں تھے۔
غربت کی وجہ سے ہی وہ ارجنٹائن سے اٹھ کر سپین آ گئے جہاں کلب نے ہارمون تھراپی کےذریعے اس کا علاج کروایا اور قدرے درمیانے قد تک جا پہنچا۔ پچپن میں میسی اتنا چپ تھا کہ لوگ گونگا سمجھتے تھے۔ انتونیلا، جس سے اس کی شادی ہوئی ہے، اسے آٹھ سال کی عمر میں اس نے محبت نامہ لکھا تھا۔ میسی کو شور سے نفرت ہے، جب کھیل کی بدولت ارب پتی بنا تو بارسلونا میں جہاں رہتا ہے، وہاں پورا محلہ خرید لیا، یہی نہیں بارسلونا ایئرپورٹ پر کیس کیا اور جہازوں کا رستہ بدلوا دیا۔
میسی کو اپنی ماں سیلیا کے ساتھ گہری محبت ہے، تبھی اس نے اس کا چہرہ اس نے اپنے بائیں کندھے پر ٹیٹو کر رکھا ہے۔ میسی کو یاد ہے کہ اگر اس کی ماں کی بے مثال محبت اس کی طاقت نہ بنتی تو وہ ارجنٹائن کے پرانے محلے میں ہی کہیں مر کھپ چکا ہوتا۔ میسی کے بازو پر کنول کے پھول کا ٹیٹو اس کی دولت کی کہانی کی وضاحت کرتا ہے۔ کنول کا پھول کیچڑ میں بھی اگ آتا ہے۔ یہ آپ کو بتاتا ہے کہ جیسے کیچڑ میں اور خاردار جھاڑیوں میں پھول اگتے ہیں، اسی طرح ایک ہنر کہیں پر بھی نمو پا سکتا ہے۔
میسی کی بائیں ٹانگ میں اس کے بیٹے کا ایک ٹیٹو ہے۔ اس کی دائیں ٹانگ، ٹخنوں کے اوپر، اس کے تینوں بچوں کے نام اور پیدائشی تاریخیں ہیں: تھیاگو، میٹو اور سیرو۔ میسی صحیح معنوں میں"میڈ ان کرائسس" ہے۔ ہم میں سے بہت سارے بحران کے وقت امید چھوڑ دیتے ہیں، لیونل میسی نے کبھی ایسا نہیں کیا۔ اس کی زندگی میں تقریباً سات مرتبہ اس کا کیرئیر ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا مگر اس نے مشکلات سے گتھم گتھا ہونا نہیں چھوڑا۔
میسی میں کچھ کمال کی عادتیں ہیں۔ وہ اپنے آپ پر دنیا میں سب سے زیادہ تنقید کرتا ہے اور ہر میچ کے بعد کھل کر اپنی خامیوں کا تجزیہ کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میں ہر مرتبہ نئی غلطی کرنے کو ترجیح دیتا ہوں، کبھی اپنی غلطی دہراتا نہیں ہوں۔ میسی کا حلیہ، بال اور تراش خراش رف قسم کی ہے۔ اپنے شہرہ آفاق حریف رونالڈو کے مقابلے میں دکھنے شکھنے میں اس میں وہ دم نہیں دکھائی دیتا۔ تاہم اسے زیادہ پرواہ بھی نہیں ہے۔ وہ کہتا ہے، میرا ہیئر سٹائل، جوتے اور جرسی دیکھنے کی بجائے مجھے گیند تھماؤ اور میری گیم دیکھو۔
میسی سے کسی صحافی نے پوچھا۔
"یہ آپ راتوں رات اتنے بڑے سٹار کیسے بن گئے"؟
میسی نے جواب دیا۔
"مجھے راتوں رات سٹار بننے میں بس 17 برس اور 114 دن لگے ہیں"۔