Chak De Walid Regragui
چک دے وليد الركراكي
کہانی ہمیشہ کوچ کی ہی ہوتی ہے۔ جو طوفان پر بند باندھتا ہے، مجمع کو ٹیم میں بدلتا ہے، پھر ایک خواب کو تعبیر میں ڈھالتا ہے۔ کوچ کو سلام، میں بارسلونا میں ہوں، یہاں سڑکیں خالی ہیں، پب، قہوہ خانے بھرے ہوئے ہیں، شیشے کا دور چل رہا ہے۔ مراکش اور سپین کا صدیوں کا ویر ہے۔ جیسے پاکستان بھارت کا ہے، شاید اس سے بھی زیادہ انڈر ڈاگ مراکش نے سپر پاور سپین کو رگڑ دیا۔
آج مراکش پرتگال کے مقابلے میں ہے۔ النصیری نے ایک مافوق الفطرت گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔ لگتا ہے تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہونے والا ہے۔ پانچ ارب افراد میچ دیکھ رہے ہیں، مراکش والے، مسلمان، سانس تھامے میچ دیکھ رہے ہیں اور اس کہانی کا ہیرو مراکش کا کوچ ولید ہے۔ اس نے پہلی مرتبہ تکنیک کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو دل سے پکڑا۔
وہ انہیں نمازیں پڑھاتا ہے، اپنی عظمت رفتہ یاد کراتا ہے، سب سے کمال یہ ہے کہ کھلاڑیوں کی مائیں وہاں میدان میں موجود ہیں، جب وہ اپنے کھلاڑیوں کو بھگاتا یہ تو کہتا ہے کہ کیا تم ہار کر اپنی اس ماں کو شرمسار کرو گے؟ مراکش نے سپین سے میچ جیتا تو تمام کھلاڑی میدان میں سجدہ ریز ہوئے۔ ولید بھاگ کر اپنی ماں کے پاس پہنچا اور اس کے ماتھے پر بوسہ دیا۔
ولید نے مراکشی کھلاڑیوں کو تکنیک کی بجائے، ان کے ڈی این اے سے پکڑا ہے۔ کیا مراکش دنیا کا پہلا مسلمان ورلڈ چیمپئن بن سکتا ہے؟ آج سے چار ہفتے پہلے یہ انہونی تھی تو آج اس کا چانس ففٹی ففٹی ہے، کھیل کا نتیجہ جو مرضی ہو، مراکش جیت گیا ولید جیت گیا، خواب جیت گئے، خواب سچے ہو سکتے ہیں۔ اور جیتنے کے بعد "حبیبی" بے قابو ہیں، گو موراکو۔