Monday, 10 February 2025
  1.  Home
  2. Rauf Klasra
  3. Screen Dhoka Hai

Screen Dhoka Hai

سکرین دھوکا ہے

آج سرینا ہوٹل میں ایک فنکشن پر جانا ہوا۔ اگرچہ میں بہت کم جاتا ہوں۔ میری جان جاتی ہے فنکشن/سیمنارز سے۔ خیر جانا ضروری تھا کوئی بہانہ نہیں چل سکتا تھا۔ وہاں پروفیسر عرفان حیدر صاحب سے ملاقات ہوئی۔ تعارف پر پتہ چلا وہ کراچی میں ایک پرائیویٹ یونیورسٹی Salim Habib University کے وائس چانسلر ہیں۔ ایک سلجھے ہوئے سمجھدار اور ذہین انسان۔ اچھی شخصیت کے مالک۔

وہیں ٹیبل پر بیٹھے بیٹھے فنکشن شروع ہونے سے پہلے انہوں نے انجیرنگ کے موضوع پر گفتگو کی اور یقین جانیں پانچ منٹ میں مجھے لگا اب میں پہلے سے زیادہ جانتا ہوں۔ بعض لوگ اتنی اچھی گفتگو کرتے ہیں کہ دل کرتا ہے اس موضوع پر بولتے رہیں اور سید عرفان صاحب نے بھی شاندار گفتگو کی حالانکہ انجیرنگ میری نہ فیلڈ ہے نہ شاید اتنی دلچسپی۔ انہوں نے انجیرنگ کے شعبے کی پاکستان میں بدحالی پر بات بھی کی تو میں کہنے لگا کہ میں کہیں پڑھ رہا تھا کہ دنیا کے چالیس فیصد امیر افراد کا بیک گراونڈ انجیرنگ ہے۔

خیر طرح انہوں نے اس موضوع پر مختصر سی گفتگو کی اس سے مجھے بھی دلچسپی پیدا ہوئی۔

مجھے ان سے مل کر واقعی خوشی ہوئی۔ لیکن مجھے کہنے لگے آپ وہ تو نہیں لگتے جو ٹی وی پر نظر آتے ہیں۔ میں سمجھ گیا کہ وہ کیا کہنا چاہتے ہیں کیونکہ اکثر وہ کمنٹ میں سنتا رہتا ہوں جو ان کے ذہن میں آرہا تھا۔

میرے بارے میں دو غلط فہمیاں ایسی ہیں جو مجھے پسند ہیں۔ جب آپ کسی بندے کو ٹی وی شوز میں دیکھتے ہیں تو آپ کا اس کی عمر، شکل، مجسمانی ساخت، بول چال، وزن اور قد کے بارے ایک فطری سا تاثر بن جاتا ہے۔ مجھے جب بھی مرد اور خواتین کہیں ملتے ہیں تو ان کی آنکھوں کی حیرانی کا مجھے مزہ آتا ہے۔

وہ کوشش کے باوجود یہ کہے بغیر نہیں رہ سکتے کہ آپ ٹی وی کی بجائے اصل میں زیادہ سمارٹ اور کم عمر لگتے ہیں۔ ٹی وی پر آپ کی عمر بڑی لگتی ہے۔ ویسے آپ زیادہ ینگ ہیں۔ (یقینا کون اپنی ایسی تعریف سن کر خوش نہیں ہوگا)۔

دوسرے وہ کہتے ہیں ہم تو سمجھتے تھے آپ کا قد بہت چھوٹا ہے۔ آپ کا قد تو بڑا ہے(پانچ فٹ گیارہ انچ)۔ ٹی وی میں تو لگتا ہے آپ کا قد اتنا بڑا نہیں ہے۔ بعض کو تو لگتا تھا ماضی میں میرے ساتھ کو اینکر عامر متین صاحب تھے شاید ان سے بھی چھوٹا تھا۔

اب اندازہ کریں کہ ٹی وی کیمرے جہاں آپ کو ہیرو بنا دیتے ہیں وہاں ہمارے جیسوں کو زیادہ عمر اور بھاری بھرکم بھی دکھاتے ہیں۔ اب بندے کا قد اونچا ہو لیکن لوگوں کو لگے کہ نہیں چھوٹا قد ہے یا عمر بڑی لگے۔۔ انسانی فطرت ہے کہ ایسے کمنٹس سن کر تو اچھا لگتا ہے لیکن یقین کریں یہ سن کر ٹی وی برا لگنے لگ جاتا ہے۔ یار اتنا بڑا دھوکا، اتنا بڑا فراڈ۔۔ یہ سکرین سارا دھوکا ہے۔۔

بچپن میں فلموں کے بعض سین ہمارے چھوٹے دماغوں سے اوپر گزر جاتے تو ہم خود کو یہ تسلی دیتے تھے یار یہ سارا کیمرا ٹرک ہے۔ کوئی ادھیڑ عمر ہیروئن زیادہ خوبصورت لگتی یا ڈھلتی عمر کا ہیرو جوان جوان لگتا تو ہم کہتے یار چھوڑو یہ سب کیمرہ ٹرک ہے۔ لیکن اپنے ساتھ تو یہ کیمرہ ٹرک الٹا پڑگیا ہے۔ ہماری باری آئی تو اب یہ سالا کیمرہ میری عمر بڑی اور قد چھوٹا دکھا رہا ہے۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

Insan Aur Samaji Akhlaqiyaat

By Mujahid Khan Taseer