Wednesday, 11 March 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amer Abbas
  4. Jeans

Jeans

جینز

کل کہیں جینز پینٹ کی افادیت پر بات چھڑ گئی تو یوں لگا جیسے کسی عام موضوع پر نہیں بلکہ کسی ہمہ گیر فلسفے پر گفتگو ہو رہی ہو۔ بھئی ہمارا تو ایمان ہے کہ جینز پینٹ لباس نہیں، ایک طرزِ زندگی ہے۔ یہ وہ واحد یونیورسل ڈریس ہے جو موسم، وقت، حالات اور مقام کی قید و بند کی صعوبتوں سے مکمل آزاد ہے۔ گرمی ہو یا سردی، دن ہو یا رات، شادی ہو یا جنازہ (بس تھوڑا سا رنگ اور جوتا بدل لیجیے) جینز ہر جگہ ایڈجسٹ ہو جاتی ہے۔ بعض لوگوں کے نزدیک تو جینز ایسی باوفا دوست ہے جو انسان کے موٹاپے اور دبلے پن دونوں کو برداشت کر لیتی ہے، بس ویسٹ کا بٹن کبھی کبھار چیخ و پکار ضرور کرتا ہے۔

اب وفا کی بات چل نکلی ہے تو جینز آپ ایک بار خرید لیں، بس پھر یہ تادم مرگ آپ کے ساتھ چلنے کو ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ "آپ نے جینز کو چھوڑنا ہے جینز آپ کو نہیں چھوڑے گی"۔ جینز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اگر پرانی ہو کر پھٹ جائے تو وہ ایک نیا فیشن بن جاتا ہے۔ ہمارے ایک دوست کہا کرتے تھے "جینز اور شراب جتنی پرانی ہو اتنا ہی مزہ دیتی ہے"۔

ہاسٹل میں رہنے والوں کے لیے تو جینز واقعی کسی نعمتِ غیر مترقبہ سے کم نہیں۔ ہاسٹل کا طالب علم اگر کپڑوں کے نام پر کچھ سوچتا ہے تو اس کے ذہن میں سب سے پہلے جینز ہی آتی ہے۔ نہ رنگ اترنے کا خوف، نہ استری کی جھنجھٹ، نہ یہ فکر کہ ذرا سا بیٹھنے سے کپڑا جواب دے جائے گا۔ جینز وہ معصوم لباس ہے جو زمین پر بھی بیٹھنے کو تیار، سیڑھیوں پر بھی اور کبھی کبھار کھونٹی کے بجائے کرسی کی پشت پر لٹک کر بھی گزارا کر لیتی ہے۔

جینز کی سب سے بڑی خوبی اس کی برداشت ہے۔ آپ موٹر سائیکل پر سفر کریں، بس میں لٹکیں، رکشے میں سمٹیں یا یونیورسٹی کے لان میں دوستوں کے ساتھ آلتی پالتی مار کر گھاس پر بیٹھ جائیں، جینز خاموشی سے سب سہہ لیتی ہے۔ ہمارے ایک دوست ازراہ تفنن کہا کرتے ہیں کہ اگر انسان میں بھی جینز جیسا صبر آ جائے تو آدھے مسائل خود بخود حل ہو جائیں۔ یہ وہ لباس ہے جو مالک کے ساتھ بوڑھا ہوتا ہے۔

دھلائی کے معاملے میں بھی جینز خاصی صبر مند واقع ہوئی ہے۔ ہاسٹل میں ایک عام اصول پایا جاتا ہے کہ جینز تبھی دھوئی جاتی ہے جب اس پر واقعی "غسل واجب" ہو جائے۔ ہلکی پھلکی مٹی، دھول یا چائے کیچپ کے دو چار قطرے جینز کے نزدیک کوئی بڑا جرم نہیں ہوتے۔ وہ تو یوں بھی دو تین دن بعد خود ہی نارمل ہو جاتی ہے، بس تھوڑی سی ہوا کھلا دیجیے۔ جینز تو ایسی باکمال ہوتی ہیں کہ دھلنے کے بعد بالکل نئی جیسی نکل آتی ہیں۔

جینز کا ایک کمال یہ بھی ہے کہ یہ عمر نہیں پوچھتی۔ نوجوان پہنے تو اس کی اسٹائل بن جاتی ہے اور عمر رسیدہ اصحاب پہن لیں تو کہتے ہیں: "بھئی آج کل یہی چل رہا ہے"۔ بس فرق اتنا ہوتا ہے کہ نوجوان جینز کو فیشن سمجھتا ہے اور بزرگ حضرات سہولت۔ دونوں اپنے اپنے دلائل میں مطمئن۔

الغرض جینز پینٹ ایک ایسا لباس ہے جو نہ صرف جسم کو ڈھانپتا ہے بلکہ انسان کی سستی اور مصروفیت کو بھی خوب سنبھال لیتا ہے۔ شاید اسی لیے دنیا میں فیشن بدلتے رہتے ہیں مگر جینز اپنی جگہ قائم ہے۔ یہ بھلی مانس تو دھیرے سے کہتی ہے: "پہنو، جیو اور میرے ہوتے فکر مت کرو"۔

Check Also

To Aap Zinda Hain

By Irfan Javed