Pehla Taasur, Aik Khamosh Naqsh
پہلا تاثر، ایک خاموش نقش
کہتے ہیں انسان کا پہلا تاثر ہمیشہ یاد رہتا ہے اور سچ تو یہ ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پہلا تاثر اکثر آخری تاثر پر بھاری ہوتا ہے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پہلا تاثر کوئی معنی نہیں رکھتا، مگر یقین جانیے، پہلی ہی ملاقات میں آپ کے رویے کا اثر دوسرے کے دل و دماغ پر گہرا نقش چھوڑ جاتا ہے۔
انسان روزمرہ کی زندگی میں کتنے ہی نئے چہروں سے ملتا اور بچھڑتا ہے، مگر بعض اوقات چند لمحوں کی ملاقات ایک دائمی تعلق میں بدل جاتی ہے۔ ایک ایسا تعلق جو بظاہر خاموش ہو، مگر دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔
کبھی کبھار، کسی پر ایک گہرا تاثر چھوڑنے کے لیے چھوٹی چھوٹی آسانیاں کافی ہوتی ہیں، کیونکہ یہی چھوٹی نیکیاں، کسی کی دل سے نکلنے والی دعا بن جاتی ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ برسوں پہلے میرے ساتھ پیش آیا۔ میں ایک بار اپنے گھر والوں کے ساتھ بیچ بازار میں سڑک پار کر رہی تھی۔ وہ بازار کی مرکزی سڑک تھی اور رش عروج پر تھا۔ دوپہر کا سورج بھی خوب تپ رہا تھا۔ اچانک ایک گاڑی رکی اور میں نے دیکھا کہ ڈرائیور نے مجھے گزرنے کا اشارہ کیا۔
ایک لمحے کے لیے میں رک گئی، کیونکہ میں اس شخص کا شکریہ ادا نہ کر سکی۔ بس سڑک پار کرکے اپنی منزل کی طرف بڑھ گئی، مگر آج بھی وہ شخص یاد ہے، وہ اجنبی، جس نے ایک معمولی سی آسانی پیدا کرکے میرے دل پر تاثر چھوڑ دیا۔ آج بھی میں ایسے لوگوں کے لیے دل سے دعا کرتی ہوں، جو دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔
زندگی بھر ہمیں ایسے ہی لوگ ملتے رہتے ہیں۔ کچھ لوگ صرف ایک لمحے کے لیے آ کر ہماری یادوں کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ان میں ایک خاص بات ہوتی ہے، وہ خود کو پیچھے کرکے دوسروں کے لیے جگہ بناتے ہیں۔ اُن کے یہ دو قدم پیچھے ہٹنا، دوسروں کی نظر میں اُنہیں کئی قدم آگے لے جاتا ہے۔

